• 18 مئی, 2024

خلاصہ خطبہ جمعہ بیان فرمودہ 14؍ مئی 2021ء

خلاصہ خطبہ جمعہ

سیدنا حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز فرمودہ 14؍ مئی 2021ء بمقام مسجد مبارک، اسلام آباد ٹلفورڈ یو کے

حضرت مصلح موعودؓ فرماتے ہیں کہ اگر انہیں پتہ لگ جائے کہ میرے اندر محمد رسول اللہﷺ کی محبت کا جوشعلہ جل رہا ہے وہ ان کے لاکھوں لاکھ کے اندر بھی نہیں تو وہ فوراً تم احمدیوں کے قدموں میں گِر جائیں گے۔
یاد رکھو کہ یہ مخالفین تمہارے بھائی ہیں اور غلط فہمی میں مبتلا ہیں، تم بجائے ناراض ہونے کے ان کے لیے دعائیں کرو۔

اے دل تو نیز خاطر اینان نگاہ دار کاخر کنند دعوئے حُبّ پیمبرمؐ

امیرالمومنین حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے مورخہ 14؍ مئی 2021ء بروز عید الفطر مسجد مبارک، اسلام آباد، ٹلفورڈ، یوکے میں خطبہ جمعہ ارشاد فرمایا جو مسلم ٹیلی وژن احمدیہ کے توسّط سے پوری دنیا میں نشرکیا گیا۔ جمعہ کی اذان دینے کی سعادت عدیل طیب صاحب کے حصے میں آئی۔تشہد،تعوذ اور سورةالفاتحہ کی تلاوت کے بعد حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے فرمایا:

گذشتہ دنوں ایک مولوی صاحب سوشل میڈیا پر فرمارہے تھے کہ بشمول فلسطین کے دنیا میں جہاں کہیں بھی فساد یا لڑائی ہورہی ہے اس کی وجہ قادیانی ہیں چنانچہ ان کو مارنا،قتل کرنا ہر چیز جائز ہے۔احمدیت کی ابتدا سے اب تک ان ائمةالکفر کا یہی طریق چلا آرہا ہے لیکن خداکا لاکھ لاکھ شکر ہے کہ ہم اس مسیح و مہدی کے ماننے والے ہیں جس نے ہمیں ان تمام ظالمانہ کارروائیوں کے باوجود صبر اور دعا سے کام لینے کی تلقین فرمائی ہے۔جیسا کہ مَیں نے حضرت مسیح موعودؑ کے حوالے سےعید کےخطبے میں بھی کہا تھا کہ آپؑ نے فرمایا دشمن کے لیے بھی دعا کرو۔ یہ مخالفت تو حضرت مسیح موعودؑ کے زمانے سے جاری ہے۔ آپؑ پر بھی حملے کیے گئے، آپؑ کی باتیں سننے اور جلسوں میں آنے سے لوگوں کو روکا جاتا لیکن اس سب کے باوجود حضورؑ نے ان ظالموں کے لیے دعا کی۔ یہ دعاؤں کا ہی نتیجہ تھاکہ ان میں سے بعض مخالفین آپؑ کی صداقت کے قائل ہوکر جماعت میں شامل بھی ہوئے اور اب تک ہورہے ہیں۔ پس عامة المسلمین کے لیے ہم ان لوگوں کی سخت باتیں سننے کے بعد بھی دعا کرتے ہیں۔ ان کی تکلیفوں پر ہمیں تکلیف ہوتی ہے کیونکہ یہی حضرت مسیح موعودؑ کی تعلیم ہے۔ پھرخداتعالیٰ نے بھی آپؑ سے یہی فرمایا تھا کہ ان کے یہ ظلم غلط فہمی اور رسول پاکﷺ کی محبت کی وجہ سےہیں، اس لیے ان کے لیے بددعا نہیں کرنی۔

حضرت مصلح موعودؓ بیان کرتے ہیں کہ مَیں ابھی بچہ تھا لاہور میں حضرت مسیح موعودؑ کسی دعوت سے واپس تشریف لارہے تھے توراستے میں لوگ گالیاں دیتےتھے۔ ایک بڈھا لولا شخص اپنے تندرست ہاتھ کو دوسرے کٹے ہوئے ہاتھ پر مارتا اور کہتا جاتا کہ مرزا نٹھ گیا۔ اسی طرح لاہور شہر میں ہی حضرت مسیح موعودؑ پر حملہ بھی ہوا، پتھراؤ بھی کیاگیا۔عوام الناس کی اس دشمنی اور مخالفت کے پیچھے آنحضرتﷺ سے قلبی لگاؤ اور محبت کا جذبہ کارفرما ہے۔ حضرت مصلح موعودؓ فرماتے ہیں کہ اگر انہیں پتہ لگ جائے کہ میرے اندر محمد رسول اللہﷺ کی محبت کا جوشعلہ جل رہا ہے وہ ان کے لاکھوں لاکھ کے اندر بھی نہیں تو وہ فوراً تم احمدیوں کے قدموں میں گِر جائیں گے۔ یاد رکھو کہ یہ مخالفین تمہارے بھائی ہیں اور غلط فہمی میں مبتلا ہیں، تم بجائے ناراض ہونے کے ان کے لیے دعائیں کرو۔

حضرت مولوی عبدالکریم صاحبؓ بیان کرتے ہیں کہ حضرت مسیح موعودؑ مکان کےنچلےحصّے میں مقیم تھے اور مَیں چوبارے یعنی اوپر کی منزل میں رہتا تھا۔ ایک رات حضورؑ کے رونے کی ایسی آواز آئی جیسے کوئی عورت دردِ زہ سے چِلّاتی ہے۔ مَیں نے کان لگاکر سنا تو حضورؑ دعاکر رہے تھے کہ اے خدا! طاعون پڑی ہے اور لوگ اس کی وجہ سے مر رہے ہیں، اگر یہ سب لوگ مر گئے تو تجھ پر ایمان کون لائے گا۔ حضرت مصلح موعودؓ فرماتے ہیں اب دیکھو کہ طاعون وہ نشان تھا جو آپؑ کی صداقت کے ثبوت کے طور پر ظاہر ہوا لیکن پھر بھی آپؑ خدا کے سامنے گڑگڑا کر لوگوں کے لیے دعا کرتے ہیں۔ پس مومن کو عام لوگوں کے لیے بددعا نہیں کرنی چاہیے۔ آخر تم سے زیادہ خدا تعالیٰ کی غیرت ہے۔ حضرت مسیح موعودؑ کو خدا نے الہاماً فرمایا کہ ؎

اے دل تو نیز خاطر اینان نگاہ دار
کاخر کنند دعوئے حُبّ پیمبرمؐ

اس شعر میں خدا تعالیٰ حضرت مسیح موعودؑ کے دل کو مخاطب کرتے ہوئے آپؑ کے منہ سے کہلاتا ہے کہ اے میرے دل! تُو ان لوگوں کے جذبات و احساسات کا خیال رکھا کر تاکہ ان کے دل میلے نہ ہوں۔ یہ نہ ہو کہ تُو تنگ آکر بددعا کرنے لگ جائے۔ آخر ان کو تیرے رسول سے محبت ہے اور اسی وجہ سے وہ تجھے گالیاں دیتے ہیں۔

یہی اصل چیز ہے، ہم جانتے ہیں کہ ہمارے مخالفوں میں سے ایک حصّہ ناواجب مخالفت کر رہا ہے لیکن پاکستان اور دنیا کے دیگر ممالک میں بھی ایک حصّہ محض ان کے جال میں پھنس گیا ہے۔ ان کی یہ مخالفت ہمارے آقا ﷺ کی محبت کی وجہ سے ہے جب ان پر یہ بات کھل جائے گی کہ ہم رسول کریمﷺ سے محبت کرنے والے ہیں تو وہ کہیں گے کہ ان کی مدد کرو۔ یہ دن ضرور آئے گا اور یہ مخالفت ان شاء اللہ ایک روز ختم ہوجائے گی۔

اگر یہ مولوی ہمارے خلاف بیان دیتے ہیں تو یہ ہمارے فائدے کا کام کر رہے ہیں کیونکہ اس طبقے میں جہاں ہماری طرف سے پیغام پہنچانا مشکل تھا ان مخالف مولویوں کے ذریعے سے یہ کام ہورہا ہے۔ ہمارا کام یہی ہے کہ صبر اور دعا سے کام لیتے ہوئے اپنے خیالات اور احساسات کوصاف رکھیں۔ ان کے لیے دعا کرتے رہیں کہ اللہ تعالیٰ جلد ان کی آنکھیں کھولے اور یہ زمانے کے امام کو پہچاننے والے بن جائیں۔

٭…٭…٭

(بشکریہ الفضل انٹرنیشنل)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 15 مئی 2021

اگلا پڑھیں

الفضل آن لائن 17 مئی 2021