• 27 جولائی, 2025

بچوں کی تربیت کیلئے حضرت خلیفۃ المسیح الثالثؒ کا ایک منصوبہ

بچوں کی تربیت کیلئے حضرت خلیفۃ المسیح الثالثؒ کا ایک منصوبہ
(Short Story Books)

9 ستمبر 1980ء کو کیلگری (کینیڈا) میں کیلگری یونیورسٹی کے ایک پروفیسر Prof Coward صدر شعبہ مذاہب نے حضرت خلیفۃ المسیح الثالث سے ملاقات کی اور تبادلہ خیالات کیا پروفیسر موصوف نے مذاہب عالم کا وسیع مطالعہ کیا ہوا تھا اور یونیورسٹی میں ہندو فلاسفی پڑھاتے تھے انہوں نے دوران گفتگو حضرت خلیفۃ المسیح الثالثؒ سے استفسار کیا کہ کینیڈا کے بے دین معاشرہ کے اثر سے احمدی بچوں کو بچانے کے لئے آپ کیا اقدامات کر رہے ہیں؟

اس کے جواب میں حضور نے انہیں بچوں کے لئے سلسلہ وار تربیتی کتب کی اشاعت کے منصوبہ اور عملی تربیت کے لئے عید گاہ کی شکل میں ہیکٹر دو ہیکٹر زمین پر جگہ جگہ عملی تربیت گاہیں تعمیر کرنے کے منصوبہ کی تفصیلات سے آگاہ فرمایا

(بحوالہ دورہ مغرب 1400ھ صفحہ 463)

بچوں کے لئے تربیتی کتب
(Short Story Books)

حضرت خلیفۃ المسیح الثالثؒ بچوں کے لئے تربیتی کتب یعنی شارٹ سٹوری بکس (Short Story Books) کی طباعت و اشاعت کو بڑی قدر کی نگاہ سے دیکھتے تھے بعض موضوع خود تجویز فرماتے اور صدر خدام الاحمدیہ مرکزیہ کو ہدایت دیتے اور کتاب شائع ہونے پر جلسہ سالانہ پر ذکر بھی فرماتے۔

جلسہ سالانہ 1979ء

دوسرے روز کے خطاب میں فرمایا:
’’اور خدام الاحمدیہ نے اب ایک بڑا اچھا کام کرنا شروع کیا ہے ضرورت کا ہزارواں حصہ پورا کر رہے ہیں لیکن نہ ہونے سے بہر حال بہتر ہے چھوٹے چھوٹے رسالےچھاپتے ہیں یہ ہیں میرے ہاتھ میں …… یہ ایک، دو، تین، چار، پانچ، چھ، سات ہیں مجھے سات نہیں چاہئیں مجھے سات ہزار اس قسم کی کتاب چا ہئے اور صرف اردو میں نہیں چاہئے… ‘‘

(خطابات ناصر جلد دوم صفحہ395)

جلسہ سالانہ 1980ء

’’… بچوں کے لئے کچھ ایسی کتابیں بھی چھپی ہیں جو خود میرے کہنے پر وہ لکھی گئیں۔ان کے پاس اس وقت بڑی تھوڑی کتابوں کا سیٹ ہے صرف بارہ۔

ہمارے نبی پیارے نبی، رحمۃ للعالمین اور عالم اطفال، سیرت حضرت مسیح موعود علیہ السلام، پیارے اسلام کی پیاری باتیں، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی باتیں، پیارے مہدی کی پیاری باتیں، سیرت حضرت خلیفۃ المسیح اول رضی اللہ عنہ، سیرت حضرت عمر رضی اللہ عنہ، سوانح فضل عمر رضی اللہ عنہ، سوانح حضرت علی رضی اللہ عنہ، حضرت مسیح موعود علیہ الصواۃ والسلام کی پیشگوئیاں، حضرت بلال رضی اللہ عنہ، اب یہ بلال جو ہے یہ میرے کہنے پر بچوں کے لئے لکھی گئی ہے…‘‘

(خطابات ناصر جلد دوم صفحہ470، 471)

جلسہ سالانہ 1981ء

’’… خدام الاحمدیہ کی کتب ہیں ، بچوں کے لئے یہ سلسلہ بڑا مفید ہے اور بچے بھی مختلف عمروں کے ہوتے ہیں نا ، مثلا ایک اچھے پڑھے لکھے آدمی کو (احمدی نہیں تھے وہ) کسی ان کے دوست نے دی ’بلال›…. پڑھ کے کہنے لگا … یہ تو رلا دیتی ہے ……….. ایک ڈین احمدی ہیں میں پچھلے سال گیا تو کہنے لگےمیں نے وہ کتاب پڑھی میں رو پڑا میں نے کہا میں نے بھی پڑھی تو رو پڑا …‘‘

(خطابات ناصر جلد دوم صفحہ533)

شارٹ سٹوری بکس short story books کی غیر معمولی برکات

اگلی خلافتوں میں بھی یہ سلسلہ جاری رہا اور بعض ذہین بچوں اور بچیوں نے ان کتب سے بہت استفادہ کیا۔

جب ڈاکٹر عبدلسلام صاحب کو 1979ء میں فزکس میں نوبیل انعام ملا تو حضرت خلیفۃ المسیح الثالث کے ارشاد پر مجلس خدام الاحمدیہ مرکزیہ نے بچوں میں مسابقت کی روح اجاگر کرنے کے لئے ڈاکٹر سلام پر ایک شارٹ سٹوری بک لکھوائی جو 1983ء میں شائع ہوئی ’’پہلا احمدی…. سائنس دان عبد السلام‘‘

(بحوالہ الفضل ربوہ 3 نومبر 1983ء)

یہ شارٹ سٹوری بک پڑھ کر ایک احمدی بچی (جو ہگز پارٹیکل کی دریافت کے بعد ڈاکٹر منصورہ شمیم مشہور ہوئیں) نے بچپن میں ارادہ کیا کہ وہ بھی سائنس دان بنیں گی ایم ایس سی فزکس میں پوزیشن لینے کے بعد وہ ڈاکٹر سلام کے قائم کردہ ICTP اٹلی میں داخل ہوئیں اور پھر امریکہ جاکر پی ایچ ڈی کی اور اللہ کے فضل سے وہ سائنس دان بن کر ہگز بوسن کی دریافت کرنے والی ٹیم میں شامل ہو کر عالمی شہرت پا گئیں تفصیل کے لئے ان کا مشہور لیکچر

How I became a Scientist
A pakistani Physcist who worked on the discovery of Higgs Boson …………………
Speech delivered in Bensheim Germany by Dr Mansoora Shamim

سوشل میڈیا پر ملاحظہ کیا جا سکتا ہے۔

منجملہ اور فوائد کے ان کتب کا ایک یہ فائدہ ہے کہ بچہ جھوٹی بناوٹی پریوں جن بھوتوں کی کہانیوں سے بچ جاتا ہے اور اس کی ذہنی نشوونما صحیح سمت کا رخ اختیار کر لیتی ہے۔

(انجینئر محمود مجیب اصغر)

پچھلا پڑھیں

سینکڑوں عبداللطیف درکار ہیں

اگلا پڑھیں

الفضل آن لائن 17 اگست 2021