• 6 مئی, 2024

حضرت خلیفۃ المسیح الرابعؒ کی اسیرانِ راہ مولا کے لئے دعائیں

مکرمہ صفیہ بشیر سامی۔ لندن تحریر کرتی ہیں:
محترم محمد عمر تما پوری کا مضمون ’’خطوط طاہرؒ اور اسیران راہ مولا‘‘ پڑھنے کو ملا۔ مضمون کیا تھا کہ دُکھے دل کے تمام تار ہلا دیئے۔ آ نکھوں کے آگے وہ تمام آنسوؤں سے بھیگے ہوئے چہرے آگئے۔ کیا دن تھے اور کیا وہ دعائیں تھیں، لفظوں میں اظہار کرنا نا ممکن ہے۔ اُس زمانے کے جذباتی جلسے اور جمعہ خطبہ یاد آ گئے اُن دِنوں میں ہم فضل مسجد کے با لکل قریب رہتے تھے اور کوئی موقع ہاتھ سے جانے نہیں دیتے تھے کہ پیارے حضورؒ کی کوئی تقریر ہو یا سوال جواب کی محفل ہو یا جلسہ کیونکہ ہر موقعہ پر اسیرانِ راہ مولا کے لئے دعا کی تحریک ہوتی اور حضورؒ کی رُندھی ہوئی گلوگیرآواز ہوتی جس سے سب سننے والوں کی گریہ زاری اور سسکیاں ہوتیں۔ اسیرانِ راہ مولا کا ذکر ہوتا تو حضورؒ کے صبر کا پیمانہ ٹوٹ جاتا خاص طور پر جلسہ سالانہ کے دنوں میں وہ پیارے آقاؒ کی خود صبر کے گھونٹ پیتے ہوئے جذباتی انداز میں لوگوں کو تسلیاں دینا اب بھی سوچ کر دل دہلادیتے ہیں۔ لیکن سچی بات یہی ہے کہ اُس وقت کی گریہ زاری اور دعاؤں میں جو مزا اور لطف تھا اُس کو بیان نہیں کر سکتے۔ اُن بہتے آنسوؤں سے کی ہوئی دعاؤں سےبہت سکون ملتا تھا۔

عصمت اللہ صاحب کی درد بھری آواز آج بھی جب کانوں میں یہ نظم پڑھتے گونجتی ہے تو آنسو روکے نہیں رُکتے۔

جو درد سسکتے ہوئے حرفوں میں ڈھلا ہے
شاید کہ یہ آغوش جدائی میں پلا ہے
میں تجھ سے نہ مانگوں تو نہ مانگوں کا کسی سے
میں تیرا ہوں تو میرا خدا میرا خدا ہے

الحمد للہ پیارے حضورؒ کی پُرسوز دعاؤں اور گریہ زاری کے ساتھ ساری جماعت احمدیہ کی دعائیں بھی شامل تھیں۔ مجھے وہ مبارک گھڑی اور جلسہ آج بھی یاد ہے جب محترم الیاس منیر اور اُن کے ساتھیوں کو دس سال کی اسیری کے بعد باعزت رہائی ملی جب جلسہ سالانہ پر پیارے حضور خلیفۃ المسیح الرابعؒ کی پھولوں کے ہاروں کے ساتھ بغلگیر ہونے پر نعرہ ہائے تکبیر اور اللہ اکبر کے پُر جوش ولولہ انگیزمناظر بھلائےنہیں جا سکتے۔

الحمد للہ ہماری احمدیہ جماعت پر جب بھی کوئی مشکل گھڑی آئی پوری جماعت نے اپنے خلیفہ ءوقت کی شفقت اور دعاؤں سے بھر پور مقابلہ کیا۔ دعا کرتی ہوں اب بھی دنیا کے کسی بھی ملک میں جو ہمارے اسیران ہیں اللہ اُن سب کی جلد رہائی کے سامان پیدا کرے اور سب اسیران اپنے گھروں میں اپنے پیاروں کے پاس آ ئیں۔ اللہ ہماری پیاری جماعت کو اپنی حفظ و امان میں رکھے۔ آمین اللّٰھم آمین

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 16 ستمبر 2022

اگلا پڑھیں

ارشاد باری تعالیٰ