• 25 اپریل, 2024

کلام محمود

ساغرِ حُسن تو پُر ہے کوئی مَے خوار بھی ہو
ہے وہ بے پردہ کوئی طالبِ دیدار بھی ہو
وصل کا لُطف تبھی ہے کہ رہیں ہوش بجا
دل بھی قبضہ میں رہے پہلو میں دلدار بھی ہو
رسمِ مخفی بھی رہے اُلفتِ ظاہر بھی رہے
ایک ہی وقت میں اِخفا بھی ہو اظہار بھی ہو
عشق کی راہ میں دیکھے گا وہی روئے فلاح
جو کہ دیوانہ بھی ہو عاقل و ہشیار بھی ہو
اس کا دَر چھوڑ کے کیوں جاؤں کہاں جاؤں مَیں
اور دُنیا میں کوئی اس کی سی سرکار بھی ہو
ہمسری مجھ سے تجھے کِس طرح حاصل ہو عَدُو
حال پر تیرے او ناداں نظرِ یار بھی ہو
بات کیسے ہو مؤثر جو نہ ہو دل میں سوز
روشنی کیسے ہو دل مہبطِ انوار بھی ہو
یُونہی بے فائدہ سر مارتے ہیں وَید و طبیب
اُن کے ہاتھوں سے جو اچھا ہو وہ آزار بھی ہو
دَرد کا میرے تو اے جان فقط تم ہو علاج
چارۂ کار بھی ہو مَحْرمِ اَسرار بھی ہو
دِل میں اک دَرد ہے پر کس سے کہوں مَیں جا کر
کوئی دُنیا میں مِرا مُونس و غمخوار بھی ہو
سالکِ راہ یہی ایک ہے منہاجِ وصُول
عشقِ دِلدار بھی ہو صحبتِ ابرار بھی ہو

(اخبار الفضل جلد 8۔ 06؍جنوری1921ء)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 16 نومبر 2020

اگلا پڑھیں

الفضل آن لائن 17 نومبر 2020