• 13 مئی, 2024

ایڈیٹر کے نام خط

خلیفۂ وقت کے حضور خطوط اور قبولیت دعا کے واقعات

• مکرمہ رضیہ بیگم۔ نیویارک سے لکھتی ہیں :
21؍فروری 2022ء کے الفضل میں مضمون ‘‘کبھی کبھی خیال آتا ہے ’’پڑھا۔ اس میں ‘‘خلیفۂ وقت کا خط اور برکات ’’ پڑھ کر ایسے لگا کہ گویا میرے دل کی آواز ہو اور میری طرح ہر اس احمدی کے دل کی آواز بھی جو خلیفۂ وقت کو خط لکھتے اور خلافت کی برکات سے حصہ پاتے ہیں۔ یہ حقیقت ہے کہ دنیا کے ہر کونے میں خلیفہ وقت کے دستخط والا خط ضرور پہنچتا ہوگا اور یہ خلافت سے محبت اور وفا کی ایک زندہ مثال ہے۔

میں عاجزہ بھی ان خوش نصیبوں میں شامل ہوں جن کے پاس خلیفۂ وقت کے دستخط والےکئی خطوط موجود ہیں۔ جن کو میں بڑی احتیاط سے اپنی فائل میں سنبھال کر رکھتی ہوں۔ میری زندگی کے کئی واقعات ہیں کہ جہاں خلیفۂ وقت کی خدمت میں خط لکھنے کی برکت سے نہ صرف میری مشکلات اور پریشانیاں دور ہوئیں، وہیں خلافت سے ایک زندہ تعلق اور خلافت سے اخلاص ووفا میں اضافے کا باعث بنیں۔

خلیفۂ وقت کو خط لکھنے کا صحیح طریقہ میں نے اپنے چچا مرحوم مربی سلسلہ مکرم محمد حسین شاہدمرحوم سے سیکھا۔ جب میں آٹھویں جماعت میں تھی۔ امی جان پڑھی لکھی نہیں تھیں۔ محلہ دارالعلوم نیا نیا آباد ہو رہاتھا، محلے کی اکثر عورتیں جو کہ امی کی سہیلیاں تھیں اکثر میرے سے خلیفۂ وقت کی خدمت میں خط لکھواتی تھیں۔

اسی طرح قبولیت دعا کے بہت سے واقعات ہیں جن میں سے دو کا ذکر کر دیتی ہوں۔ میرے بڑے بیٹے کو جب وہ پرائمری سکول میں تھا، نکسیر کی شکایت ہو گئی۔ ناک سے زیادہ خون بہہ جانے کی وجہ سے بخار بھی ہوجاتا اور گرمیوں کے موسم میں تو اس تکلیف میں اور بھی اضافہ ہو جاتا۔ پورا سال مختلف دوائیاں اور علاج کے باوجود افاقہ نہ ہوتا۔ پریشانی کے عالم میں پیارے خلیفۂ وقت کی خدمت میں ساری تفصیل کے ساتھ خط لکھا۔ جواب میں پیارے حضور نے دعا کے ساتھ دوا کا نسخہ جو کہ ہومیو پیتھی تھا، لکھ بھیجا۔ میں دیہات میں رہتی تھی۔ اللہ تعالیٰ نے ربوہ سے دوا منگوانے کا انتظام بھی جلد فرما دیا۔ دوائی کے استعمال سے اللہ کے فضل سے آج میرے بیٹے کی عمر 34سال ہے کبھی نکسیر کی شکایت نہیں ہوئی، الحمد للّٰہ۔

دوسرا واقعہ کچھ یوں ہے کہ میرا پوتا منیب احمد چار سال کا ہونے کے باوجود 6 ماہ پہلے تک بولتا نہیں تھا۔سب فکرمند تھےکہ اسکول جانے کی عمر ہو رہی ہے۔ دعا بھی کر رہے تھے ڈاکٹر کو بھی چیک کروایا کوئی نتیجہ خیز بات سامنے نہیں آئی۔ سوچا پیارے آقا کی خدمت میں دعا کے لئے لکھتی ہوں۔ بچوں سے بھی ذکر کیا کہ دعا میں بڑی برکت ہے حضور اقدس کی خدمت میں خط لکھ رہی ہوں۔ دیکھنا !منیب اب بولنا شروع کر دے گا، ان شا ء اللّٰہ۔ سو خط لکھ دیا جیسا کہ سب جانتے ہیں کہ کووڈ کی وجہ سے اب جواب بھی دیر سے آتے ہیں۔ مگر میرا ایمان ہے کہ دعا کی قبولیت، نیت کے ساتھ ہی شروع ہو جاتی ہے۔ ابھی خط لکھے ہفتہ ہی ہوا تھا کہ منیب احمد نے اردو کے کافی الفاظ بولنے شروع کردئیے، اور پھر آہستہ آہستہ پورے فقرات بھی۔ آخر تقریباً ایک ماہ بعد خط کا جواب آیا تو قربان جاؤں پیارے آقا پر کہ دعا کے ساتھ ہومیو پیتھی نسخہ بھی تھا۔ اب اللہ کے فضل سے بچے نے اردو اور اسکول جانے کی وجہ سے بہت سے انگریزی کے الفاظ بھی سیکھ لئے ہیں، الحمدللّٰہ علی ذالک۔

اللہ کے فضل سے گھر میں بچے بھی حضور اقدس کی خدمت میں گاہے بگاہے خط لکھتے ہیں اور بتاتے ہیں کہ ہم نے پیارے آقا کو خط لکھا اور کیسے اللہ میاں نے پیارے آقا کی دعا کی برکت سے ہمیں نوازا۔ اللہ تعالی سے دعا ہے کہ وہ سب احمدی بچوں کو دینی و دنیاوی ترقیات سے نوازے اور خلافت حقہ کی برکات اور فیوض سے فیض یاب ہونے کی توفیق عطا فرماتا چلا جائے، آمین۔

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 17 مارچ 2022

اگلا پڑھیں

ارشاد باری تعالیٰ