• 18 اپریل, 2024

مالٹا میں جلسہ یوم مصلح موعود

جماعت احمدیہ میں 20؍فروری کا دن پیشگوئی مصلح موعود کے حوالے سے خاص طور پر یاد رکھا جاتا ہے اور جماعتوں میں یوم مصلح موعود کے حوالے سے جلسے بھی ہوتے ہیں۔ یوم مصلح موعود حضرت خلیفۃ المسیح الثانی المصلح الموعودؓ کی پیدائش کی یاد میں نہیں منایا جاتا بلکہ ایک پیشگوئی کے پورا ہونے کی یاد میں منایا جاتا ہے۔

جماعت احمدیہ مسلمہ مالٹا کے ممبران کو بھی امسال بھرپور رنگ میں جلسہ مصلح موعود منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ پروگرام کاباقاعدہ آغازحافظ وقاص احمد صاحب نےتلاوت قرآن کریم مع اردو اور انگریزی ترجمہ سے کیا۔ بعد ازاں اپنی مترنم آواز میں مکرم ناصر محمود صاحب نے حضرت المصلح الموعود رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی دعائیہ نظم ’’بڑھتی رہے خدا کی محبت خدا کرے‘‘ پیش کی۔ پیشگوئی مصلح موعود کے با برکت الفاظ دہرانے کی سعادت مکرم مصور احمد صاحب کو ملی۔ انگریزی اور اردو زبان کے باہمی امتزاج سے بھرپورمفصل تقریر بعنوان ’’پیشگوئی مصلح موعود کی اہمیت اور عظمت‘‘ مکرم رؤف احمد بابر صاحب نے پیش کی۔ مکرم نعمان احمد عاطف صاحب نے نظم ’’ہے دستِ قبلہ نما لَا اِلٰہَ اِلَّا اللّٰہ‘‘ پیش کر کے پروگرام کو چار چاند لگائے۔ ’’پیشگوئی مصلح موعود ایک عظیم الشان خدائی نشان‘‘ کے عنوان پر خاکسار (لئیق احمد عاطف مبلغ سلسلہ و صدر جماعت مالٹا) نے اپنی گزارشات اردو اور انگریزی زبان میں پیش کیں۔ پروگرام میں ایک زیرتبلیغ مالٹی غیر از جماعت دوست نے بھی شرکت کی اور پیشگوئی حضرت المصلح الموعودؓ سے بہت متاثر ہوئے انہوں نے اس موقع پر متعدد سوالات بھی کئے۔ بعد ازاں عمومی طور پر پیش کردہ سوالات کے جوابات دیے گئے۔پروگرام کا اختتام دعا سے ہوا۔

پیارےمحبوب آقا حضرت سیدنا خلیفة المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیزنے اپنے خطبہ جمعہ فرمودہ 18؍فروری 2011ء میں ہمیں اپنے اپنے دائرے میں مصلح بننے کی طرف توجہ دلائی تھی۔ پیارے محبوب آقا کی خواہش اور دعا کے مطابق اللہ تعالیٰ ہم سب کو اپنے اپنے دائرے میں مصلح بننے کی توفیق عطا فرمائے۔ ہم اپنے علم سے، اپنے قول سے، اپنے عمل سے اسلام کے خوبصورت پیغام کو ہر طرف پھیلا دیں۔ اصلاحِ نفس کی طرف بھی توجہ دینے والے بنیں۔ اصلاح اولاد کی طرف بھی توجہ دینے والے ہوں اور اصلاحِ معاشرہ کی طر ف بھی توجہ دیں۔ اللہ تعالیٰ ہمیں اس کی توفیق عطا فرمائے۔آمین

(لئیق احمد عاطف۔ مبلغ سلسلہ و صدر جماعت مالٹا)

پچھلا پڑھیں

(کتاب) دعاؤں کا تحفہ مناجات رسولؐ

اگلا پڑھیں

ارشاد باری تعالیٰ