• 1 اگست, 2025

اسلام اور احمدیت کی ترقی کی دعائیں

تبرکات حضرت مرزا بشیر احمد صاحب ایم ۔اے رضی اللہ عنہ

اس سال اپنی بیماری کی وجہ سے یہ خاکسار نہ تو رمضان کی برکات کے متعلق کوئی تفصیلی مضمون لکھ سکا ہے اور نہ ہی دعاؤں کی کوئی خاص تحریک کر سکا ہے۔ آج رمضان کی اٹھائیس(28) تاریخ ہے اور کل ان شاء اللہ تعالیٰ انتیسویں تاریخ ہو گی جو غالباً موجودہ رمضان کی آخری تاریخ ہو گی اور پھر یہ رات بھی طاق رات ہو گی۔ جو رسول اکرم ﷺ کے ارشاد کے مطابق خاص طور پر بابرکت راتوں میں شمار ہوتی ہے۔ پس میں اس مختصر سے نوٹ کے ذریعہ دوستوں کو توجہ دلاتا ہوں کہ وہ رمضان کے اس آخری حصہ میں اسلام اور احمدیت کی ترقی کے لئے خاص طور پر دعائیں کریں۔ تاکہ اللہ تعالیٰ صداقت کے دائمی اور عالمگیر غلبہ کا دن جلد تر لے آئے۔ آخر ہم کب تک رینگتے رہیں گے؟ حضرت مسیح موعود علیہ السلام کا ایک الہام ہے کہ:

’’بخرام کہ وقتِ تو نزدیک رسید و پائے محمدیاں برمینار بلند تر محکم افتاد‘‘

اس الہام میں احمدیت کے ذریعہ اسلام کی غیر معمولی ترقی اور سربلندی کی خبر دی گئی ہے جو ازل سے آخری زمانہ کے لئے مقدر تھی۔ پس دوستوں کو چاہئے کہ رمضان کے بقیہ حصہ میں جو غالباً صرف ایک دن اور ایک رات ہے۔ اسلام اور احمدیت کی ترقی کے لئے خاص طور پر دعائیں کریں۔

باقی جہاں تک دعا کے الفاظ کا تعلق ہے اس کے متعلق میں اس کے سوا کچھ نہیں کہہ سکتا کہ جن الفاظ سے بھی دعا کرنے والے کے دل میں رِقّت اور سوز کی کیفیت پیدا ہو ان الفاظ میں دعا کی جائے۔ لیکن اگر ذیل کے درود کے الفاظ میں دوستوں کے قلوب میں خاص توجہ اور رِقّت پیدا ہو سکے تو اس زمانہ میں یہ درود بھی بہت خوب ہے اور اس میں سب کچھ آجاتا ہے۔ الفاظ یہ ہیں:

اَللّٰھُمَّ صَلِّ عَلیٰ مُحَمَّدٍ وَّعَلیٰ اٰلِ مُحَمَّدٍ وَّ عَلیٰ عَبْدِکَ الْمَسِیْحِ الْمَوْعُوْدِ وَبَارِکْ وَسَلَّمَ اِنَّکَ حَمِیْدٌ مَّجِیْدٌ۔

آل کے لفظ میں تمام سچے اور مخلص متّبع شامل ہیں۔

(محررہ 27مارچ 1960ء)

(روزنامہ الفضل 29 مارچ 1960ء)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 17 مئی 2021

اگلا پڑھیں

الفضل آن لائن 18 مئی 2021