ہاتھ دھونا
ہاتھ دھونا ہمیں کس قدر بیماریوں اور جراثیموں سے بچاتا ہے اس کا اندازہ پہلے سے کہیں زیادہ پچھلے ڈیڑھ سال میں ہم سب کو ہوا ہے۔ آج کل، کام اور شاپنگ سے گھر آ کر پہلا کام یہی کیا جاتا ہے کہ فوراً ہاتھ اچھی طرح دھو لیں۔ آنحضورﷺ نے کھانا کھانے سے پہلے اور بعد میں ہاتھ دھونے کا ارشاد فرمایا ہے۔ آپﷺ کھانا کھانے سے پہلے بھی ہاتھ دھوتے تھے کھانا کھانے کے بعد بھی ہاتھ دھوتے اور کلی کرتے تھے بلکہ ہر پکی ہوئی چیز کھانے کے بعد کلی کیے بغیر نماز پڑھنے کو ناپسند کرتے تھے۔ (بخاری) آنحضورؐ نے یہ بھی ہدایت فرمائی ہے کہ صبح بیدار ہوتے تین دفعہ ہاتھ دھولیا کریں۔ نجانے رات کو بے خوابی میں ہاتھ کہاں کہاں لگتے ہیں۔ بعض اوقات ریسٹورنٹ یا گھر میں بچے یا بڑے جلدی میں ہاتھ دھوئے بغیر کھانا شروع کر دیتے ہیں جو حفظان صحت کے اصولوں کے خلاف ہونے کے ساتھ ساتھ سنت رسولﷺ کے بھی خلاف ہے۔
(مرسلہ: ناصرہ احمد، کینیڈا)