• 20 اپریل, 2024

برازیل میں عید الفطر روایتی جوش و خروش سے منائی گئی

اللہ تعالیٰ کے فضل سے برازیل میں عید الفطر روایتی جوش و خروش کیساتھ موٴرخہ 02 مئی کو منائی گئی امسال بھی برازیل میں نماز عید تین بڑے شہروں میں ادا کی گئی جن میں جماعت احمدیہ برازیل کا مرکز Petropolis۔ Rio de Janeiro اور São Paulo شامل ہیں۔

Petropolis میں نماز عید مسجد بیت الاول میں ادا کی گئی جس میں 24 مرد و زن کے علاوہ 2 غیر مسلم مہمانوں نے بھی شرکت کی۔ عیدکی نماز مکرم وسیم احمد ظفر صاحب نیشنل صدر جماعت و مبلغ انچارج جماعت احمدیہ برازیل نے پڑہائی اور خطبہ عید دیا اپنے خطبہ میں مکرم مبلغ انچارج صاحب نے اسلام میں عید کی اہمیت کو بیان کیا آپ نے بتایا کہ عید بار بار آنے والی خوشی کوکہتے ہیں اور حقیقی عید وہی ہوتی ہے جو قربانیوں کے بعد حاصل ہو نیزاسلامی عید اجتماعی خوشی کا نام ہے اس لئے آنحضرت ﷺ نے سب مسلمانوں کو اس میں شامل ہونے کی تاکید فرمائی ہے خواہ انہوں نے روزے رکھے یا نہیں۔ مالی قربانی یا دوسری عبادات کیں یا نہیں۔ انہوں نے بتایا کہ عید ہمیں یہ سبق بھی دیتی ہے کہ جس طرح رمضان کی مشکلات اور جدوجہد کے بعد عید آئی ہےاسی طرح الٰہی جماعتوں کے ابتلاؤں اور امتحانوں کے دَور کے بعد بھی عید کے دن آتے ہیں اور ایک مومن کی حقیقی عید خدا تعالیٰ کی رضاء اور اسکا قرب حاصل کرنا ہے۔ صدر صاحب نے خصوصا والدین کو اس طرف بھی توجہ دلائی کہ ان ممالک میں چونکہ بعض مذہبی تہواروں اور پروگراموں میں ہم شرکت نہیں کرتے اور بچوں کو بھی روکتے ہیں اس لئے خاص طور پر یہ عید زیادہ جوش و خروش سے منانی چاہئے اور بچوں کو تحائف بھی دینے چاہئیں تا کہ انکو معلوم ہو کہ اسلام میں بھی خوشی کے تہوار ہیں۔ آپ نے اپنی اورحضورا نور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی طرف سے بھی سب کو عید کی مبارکباد دی۔ دعا کے بعد سب نے ایک دوسرے کو عید کی مبارکباد دی اور عید فنڈ بھی ادا کیا جس کے بعد سب کے لئے ریفریشمنٹ کا انتظام کیا گیا تھا۔

Rio de Janeiro میں بھی عید کی نماز ادا کی گئی۔ اس شہر میں عید کی نماز مکرم حافظ احتشام احمد مومن صاحب مربی سلسلہ نے پڑھائی۔ اللہ تعالیٰ کے فضل سے 15 افراد نے شرکت کی جن میں زیادہ تر لوکل غیر مسلم افرداتھے۔ خطبہ عید میں رمضان المبارک کی اہمیت اور برکات کی طرف احباب کو توجہ دلاتے ہوئے اس بات کی یاد دہانی کروائی کہ رمضان المبارک میں شروع کی گئی نیکیوں کو پورا سال جاری رکھنے کی کوشش کرنی چاہئے تب ہی ہم حقیقی رنگ میں عید منانے کے حقدار ہو سکتے ہیں۔ مکرم مربی صاحب نے دعا کروائی جس کے بعد سب کے لئے ریفریشمنٹ کا اہتمام کیا گیا تھا۔ ا س موقع پر ایک گرجا کے دو نوجوان پادریوں نے بھی شرکت کی اور خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ یہ ہمارا پہلا موقع ہے کہ ہم کسی مسلم تہوار میں شامل ہوئے ہیں رمضان اور عید کا جو مقصد ہمیں آج پتہ چلا ہے وہ نہایت ہی شاندار ہے اور اگر سب اس پر عمل شروع کر دیں تو حقیقت میں ایک انقلاب لایا جا سکتا ہے۔

São Paulo شہر میں بھی احمدی احباب نے نماز عید ادا کی مکرم مدثر احمد صاحب نے عید کی نماز پڑہائی اور خطبہ دیا اور دعا کروائی جس کے بعد ریفریشمنٹ اور کھانا پیش کیا گیا۔

اسی دن شام کو مسجد بیت الاول۔ پیٹروپولس میں عید کی خوشیوں کو دوبالا کرنے کے لئے BBQ کی پرتکلف دعوت کا اہتمام کیا گیا جس میں Petropolis – Rio de Janeiro اور Teresopolis کے احمدی افراد کے علاوہ بعض دیگر مہمانوں نے بھی شرکت کی۔ Rio شہر کے ایک مہمان دوست Rosario نے پہلی بارکسی عید ملن پارٹی میں شامل ہوئے انہوں نے اپنے تاثرات بیان کرتے ہوئے کہا کہ انہیں آ کربہت خوشی ہوئی ہے امن اور محبت کا ماحول دیکھنے کو ملا جسے وہ ساری زندگی یاد رکھیں گے خاص طور انکو ’’جلیبی‘‘ بنانے کا طریق اور اسکا ذائقہ بہت ہی اچھا لگا جسکا وہ بار بار ذکر کرتے رہے۔ Teresopolis شہر کی ایک نومبائع بہن عائشہ بھی پہلی بار عید میں شامل ہو ئیں انہوں نے بتایا کہ سب بہت اچھا لگا انکو بھی جلیبی بہت پسند آئی۔

اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ عید کے سارے پروگرام بہت اچھے اور یادگار رہے اللہ تعالیٰ ہمیں خدا تعالیٰ کی رضاء کی راہوں پر چلتے ہوئے عید کی خوشیوں سے حقیقی رنگ میں مستفید ہونے کی توفیق دے اور ہمارا ہر دن ہی عید کے رنگ میں رنگین ہو جائے۔ آمین

(رپورٹ: وسیم احمد ظفر۔نمائندہ الفضل آن لائن برازیل)

پچھلا پڑھیں

ارشادات حضرت مسیح موعودؑ بابت مختلف ممالک وشہر (کتاب)

اگلا پڑھیں

ارشاد باری تعالیٰ