• 3 مئی, 2024

میں طوفانوں میں جینا چاہتا ہوں

میں طوفانوں میں جینا چاہتا ہوں
صداقت کا سفینہ چاہتا ہوں

میں تنگ آیا ہوا ہوں نفرتوں سے
محبت کا مدینہ چاہتا ہوں

نظر آئے جسے تیرا ہی چہرہ
میں ایسی چشمِ بینا چاہتا ہوں

ہو جس میں رات دن تجھ سے ملاقات
کوئی ایسا مہینہ چاہتا ہوں

میں مرنا چاہتا ہوں تیری خاطر
تری خاطر ہی جینا چاہتا ہوں

رہا ہو جاؤں سفلی زندگی سے
میں زہرِ عشق پینا چاہتا ہوں

نہانا چاہتا ہوں آنسوؤں میں
ندامت کا پسینہ چاہتا ہوں

جو دھو ڈالے مرے سب داغ دھبے
میں وہ اشکِ شبینہ چاہتا ہوں

سیاست کے، عداوت کے، انا کے
میں سارے چاک سینا چاہتا ہوں

کوئی ساغر نہ مینا چاہتا ہوں
براہِ راست پینا چاہتا ہوں

جو اندر سے بھی اُتنی ہی حسین ہو
کوئی ایسی حسینہ چاہتا ہوں

شرابِ عشق سے پُر ہو جو آصفؔ!
میں ایسا آبگینہ چاہتا ہوں

(آصف محمود ڈار)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 17 اگست 2022

اگلا پڑھیں

ارشاد باری تعالیٰ