• 19 مئی, 2024

نیشنل اجتماع لجنہ اماء اللہ سپین 2022ء

جماعت احمدیہ میں ذ یلی تنظیموں کا قیام سیدنا حضرت مصلح موعودؓ کی خداداد ذہانت و فطانت اور علمی و انتظامی صلاحیتوں کا آئینہ دار ہے۔آپؓ نے افراد جماعت کے مرد و زن و بچوں کو اپنی عمر کے لحاظ سے ذیلی تنظیموں میں تقسیم کر کے ان کی روحانی، اخلاقی، معاشی، معاشرتی اور جسمانی ترقی کے سامان منظم صورت میں پیدا فرما دیے۔ اس مقصد کو حاصل کرنے کے لیے دنیا بھر میں تنظیمیں سال بھر تعلیمی اور تربیتی پروگرام کرتی رہتی ہیں۔

اسی مقصد کو پور ا کرنے کے لیے مجلس لجنہ اماء اللہ سپین نے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی منظوری سے 25 اور 26 جون کو مسجد بیت الرحمان والنسیا میں اپنا سالانہ اجتماع منعقد کیا۔ کرونا کی وبا کے بعد یہ پہلا اجتماع تھا جو منعقد ہو رہا تھا۔

اجتماع کا لجنہ اور ناصرات کا نصاب اردو اور سپینش زبان میں تیا ر کرکے ساری مجالس تک پہنچایا گیا۔

اس سال اجتماع کا عنوان ’’خلافت سے محبت‘‘ رکھا گیا تھا۔ لجنہ اور ناصرات کی تقاریر کے عنوانات بھی خلافت سے متعلق ہی رکھےگئے تھے۔ الحمدللّٰہ

اجتماع کے سٹیج کا بیک گراؤنڈ بھی اسی موضوع کو مدِ نظر رکھتے ہوئے بنایا گیا۔ جمعہ کے دن ہی لجنہ بیرونی جماعتوں سے اوربالنسیا سے آنا شروع ہو گئی تھی۔اجتماع کے دونوں دن کا آغاز تہجد سے کیا گیاجس میں لجنہ اور ناصرات نے بھی شرکت کی۔ نماز فجر کے بعد درس سنا۔

25 جون کو پہلے دن اجلاس کی کاروائی تلاوت قرآن کریم سے ہوئی۔ سورہ النور کی آیت 56 کی تلاوت کی گئی اور اردو اور سپینش ترجمہ پیش کیا گیا۔ بعد ازاں نیشل صدر عابدہ کلیم صاحبہ نے عہد دہرایا۔ نظؔم کےبعد نیشنل صدر صاحبہ نے مختصر خطاب فرمایا۔ جس میں آپ نے حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ کے لجنہ یو کے کے نیشنل اجتماع 2018 کے موقع پر خطاب کا کچھ حصہ اردو زبان میں پڑھ کر سنایا اور بعدہ اس کا سپینش ترجمہ پیش کیا گیا۔ حضور ایدہ اللہ تعالیٰ فرماتے ہیں۔

’’اجتماع کا بنیادی مقصد یہ ہوتا ہے کہ آپ کو مل بیٹھنے کا موقع میسر آئے تاکہ لجنہ اماء اللہ میں باہم اتفاق اور اتحاد کا جذبہ پروان چڑھے، یہاں ایسے مختلف پروگرامز کروائے جائیں جو آپ سب کی روحانی اور اخلاقی ترقی کے ساتھ ساتھ مقابلوں میں حصہ لینے والوں کے دینی علم میں اضافہ کا بھی موجب ہوں‘‘

’’لجنہ کے عہد میں احمدیبے خواتین اس بات کا اقرارکرتی ہیں کہ وہ اپنے دین، ملک اور قوم کی خاطر ہر قسم کی قربانی کے لئے تیار رہیں گی اور ناصرات یہ عہد کرتی ہیں کہ وہ اپنے دین، ملک اور قوم کی خدمت کریں گی۔پس آپ سب کو ان الفاظ پر سنجیدگی سے غور کرنا چاہئے۔

ان خواتین اور بچیوں کی طرح بنیں جو اپنے اخلاص اور اپنی قوم اور مذہب کےلئے ہمہ وقت اپنا سب کچھ قربان کرنے کے جذبہ سے دنیا کو منور کرتی ہیں۔ ایسی پاکیزہ اور بے مثال قربانی کے معیار تب ہی حاصل ہو سکتے ہیں جب آپ اللہ تعالیٰ کے احکامات پر ہر لحاظ سے عمل کرنے والی ہوں۔‘‘

افتتاحی تقریب کے بعد ورزشی مقابلہ جات کا آغاز ہوا۔ ورزشی مقابلہ جات میں، نشانہ بازی، رسہ پھلانگنا، میوزیکل چئیر، باسکٹ میں بال ڈالنا،غبارہ پھلاناکے مقابلہ جات ہوئے۔ نماز ظہر و عصر کےبعد کھانا پیش کیا گیا اور پھر لجنہ اور ناصرات کے علمی مقابلہ جات کا آغاز ہوا۔مقابلہ جات میں تلاوت قرآن کریم، حفظ قرآن، نظم اور تقریر کے مقابلہ جات شامل تھے۔

پہلے دن کے اختتام پر نیشنل عاملہ کی میٹنگ ہوئی جس میں اگلے تین ماہ کا پروگرام ترتیب دیا گیا۔

اجتماع کے دوران دوسرے دن کا آغاز بھی تلاوت قرآن کریم اور نظم سے ہوا۔ ناصرات نے اس میں حصہ لیا۔ دوسرے دن فی البدہیہ تقاریر اور پریزنٹیشن کے مقابلہ جات ہوئے۔

اجتماع کے دنوں میں بہترین کھانا پیش کیا گیا اور سارے پروگرام مقرر طے شدہ وقت پر اختتام پذیر ہوئے۔

آخر میں نیشنل صدر صاحبہ نے کامیاب ہونے والی لجنہ اور ناصرات میں انعامات تقسیم کئے۔ اور سب حاضرین کا شکریہ ادا کیا۔ خاص طور پر ڈیوٹی دینے والی لجنہ کا جنہوں نے نہایت دل جمعی سے ہر شعبہ میں کام کیا۔

لجنہ اماء اللہ سپین نے اپنے اجتماع کا اختتام مکرم امیر صاحب کے اختتامی خطاب اور دعا سے کیا۔

مکرم امیر صاحب نے اپنے خطاب میں فرمایا کہ ہمیں خلافت کے ساتھ مضبوط تعلق رکھنا چاہیے اور اگر کوئی بھی حکم خلیفہ وقت کی طرف سے آئے تو اس پر فورا عمل شروع کر دینا چاہیے۔ پھر اللہ تعالیٰ خود اسباب پیدا کرنا شروع کر دیتا ہے۔ انہوں نے فرمایا کہ ہمیں اگر خلافت سے پیار ہے تو ہمیں حضور انور ایدہ اللہ کی ہدایات پر عمل کرنے کی کوشش کرنی چاہیے۔ آپ نے فرمایا کہ ہمیں جس طرح حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے ارشاد فرمایا ہوا ہے روزانہ ایک گھنٹے تک اپنے بچوں کے ساتھ مل کر ایم ٹی اے دیکھنا چاہیے۔ اسی طرح ہمیں تبلیغ کی طرف بھی توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ اس کے بعد مکرم صدر صاحب انصار اللہ سپین نے امیر صاحب کی تقریر کا اسپینش زبان میں ترجمہ پیش کیا۔ تمام حاضرین کا شکر یہ ادا کیا۔ اس کے بعد مکرم امیر صاحب نے دعا کروائی۔ اور دعا کے ساتھ ہی اجتماع کا اختتام ہوا۔

چار مجالس سے لجنہ، ناصرات اور بچیوں کی مجموعی حاضری 70 رہی۔ الحمد للّٰہ علی ذالک

(رپورٹ: کلیم احمد کاشمیری۔ نمائندہ الفضل آن لائن سپین)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 17 اگست 2022

اگلا پڑھیں

ارشاد باری تعالیٰ