• 19 مئی, 2024

بوسنیا میں آٹھویں ایک روزہ علمی و ورزشی ریلی

اللہ تعالیٰ نے ایک درخت 23 مارچ 1889ء کو قادیان میں لگایااور اس کے پھلنے پھولنے کا وعدہ بھی کیا۔اسی وعدہ کے نتیجہ میں اس کی شاخیں پوری دُنیا میں پھیلتی ہوئی نظر آرہی ہیں۔اسی درخت کی ایک ٹہنی شاخ داری کے ثمر کے نتیجہ میں بوسنیا ہرزیگووینا (Bosnia-Herzegovina) میں آکر پوست ہوئی۔ ابتدائی مراحل میں مخالفین کی تندوتیز ہوائیں اوردوسرے عوامل ایسے اس کو آکر ٹکرائے کہ یہ لڑکھڑاتی اور ڈگمگاتی دیکھائی دیتی ہوئی نظر آئی۔لیکن اللہ تعالیٰ نےخلافت احمدیہ کی پاسبانی اورزِیر سایہ اس کی جڑوں کو جلد زمین میں مضبوط کردیا۔آج اللہ تعالیٰ کے افضال و برکت کے طفیل یہ کافی پختہ اورزیر زمین جاتی ہوئی دیکھائی دیتے ہوئے اپنے آپ کو مزید مستحکم کرنے کے لیےشاخسار ہوتی جارہی ہے۔ اس کے میٹھے اور ثمر آور پھل حاصل کرنے کے لیے ضروری ہے کہ اس شاخ کی احسن رنگ میں آبیاری کی جاوے۔ تاکہ کوئی بھی ٹہنی ایسی نہ ہو جو شاخ ناز ک، کمزور اور سوکھی ہو۔ چنانچہ اس ٹارگٹ کو حاصل کرنے کے لیے ہم ہرسال جلسہ سالانہ سے ایک روز قبل ایک روزہ علمی و ورزشی ریلی کا انعقاد کرواتے ہیں۔جس میں ہمارے ہمسایے ممالک شمولیت کرکے ہمسائیگی کا حق ادا کرتے ہیں۔ ان ممالک میں کروشیا، البانیہ،مونٹی نیگرو،شمالی مقدونیہ،سلووینیا شامل ہیں۔اس سال کوسوو اور شمالی مقدونیہ کے علاوہ باقی مما لک نے شمولیت کی توفیق پائی۔ اللہ تعالیٰ ان کو جزائے خیر سے نوازے۔ آمین۔

اس سال کی یہ ریلی مورخہ2 جولائی 2022ء بروز ہفتہ کوصبح 10 بجے بوسنیا کے دارلحکومت کے جماعتی سنٹربیت الاسلام میں سجائی گئی۔ صدارت کرنے کی توفیق مکرم جاویداقبال ناصر مبلغ سلسلہ جرمنی و صدرجماعت مونٹی نیگرو کے حصہ میں آئی۔ ان کی معاونت اور ترجمانی کے فرائض مکرم رانا منور احمد صاحب مربی سلسلہ کروشیا نے ادا کیے۔مکرم رانا صاحب ہی اس ریلی کے ناظم اعلیٰ بھی تھے۔ سب سے پہلےعلمی مقابلہ جات کروائے گئے۔ جن میں حُسن قرآت، نظم خوانی، تقاریراورکوئز کے مقابلہ جات تھے۔ مقابلہ بازی میں انصار، خدام اور اطفال میدان میں آئے۔ ہر مقابلہ باز پوری تیاری سے میدان میں آتا ہوا دیکھائی دیتا تھا۔ خاص طور پر اطفال مقابلہ آرائی میں بھرپور تیاری سے شامل ہوئے۔ان اطفال میں مقامی اطفال کے علاوہ البانیہ اور کروشیا کے اطفال بھی شامل تھے۔ نظم کے مقابلہ میں یہ سہولت دی گئی تھی کہ میدان میں اُترنے والے اپنے اپنے ملک کی زبان میں بھی نظم خوانی کرسکتے ہیں۔ جس سے نظم گوئی کرنے والوں نے پورا فائدہ اٹھایا اور اپنی سریلی آواز سے محفل کو تروتازہ رکھا۔لجنہ کے ہال میں مکرمہ صدرصاحبہ لجنہ اماءاللہ کی زیر صدارت علمی مقابلہ جات ہوئے۔ جس میں ممبرات لجنہ وناصرات شامل ہوئیں۔ ظہر و عصر کی نماز کے لیے وقفہ ہوا۔ٹیبل پر کھاناسجنے سے کھانے کی خوشبو نے جب شاملین کی بھوک کو مزید جلابخشی تو دوپہر کے کھانے کے لیے مہمانوں کو مدعوکیا گیا۔ مہمان داروں و میزبانوں نے اپنی روایات کے مطابق کھانے کو بنایا ا و رپیش کیا۔ مل بیٹھ کر سب آنے والوں نے کھانا نوش کیا۔ دوستوں اور یاروں کے ساتھ گپ شپ کی محفل کو طول دینے کے لیے کافی ا ور چائے نے اپنا کردار ادا کیا۔اس دوران مہمانوں کا ایک دوسرے کے ساتھ تعارف بھی ہوا۔اس دوران مربیان کرام نے اپنے اپنے انداز و تجربہ سے زیر تبلیغ شاملین کو دعوت حق بھی کی۔ بعدہُ جسم کو توانا اور گرم کرنے والے ورزشی مقابلہ جات ہوئے۔ جن میں رسہ کشی،دوڑاورمیوزیکل چیئر نمایاں تھے۔ دلچسپی میں تو سب ایک دوسرے سے بڑھ کر تھے۔ آخر میں پیغام رسانی کے مقابلہ نے احباب کو اپنی طرف مائل کیا لیکن جب اس کھیل کا رزلٹ آیا تو سب نے خوب ہنس کر ماحول کو پُرسرور کیا۔ وقت ضائع کیے بغیر فوراً ہی تقسیم انعامات کے لیے صدا آئی۔ شاملین انعامات و تحفے لینے کے لیے ہال میں تشریف لے آئے۔ اوّل، دوئم اور سوئم آنے والوں کوشیلڈ دی گئیں جن پرجماعت کا لاگو بوسنیا کے جھنڈے کے ساتھ دل کش اندازمیں کندہ کیا گیا تھا۔بعض کی حوصلہ افزائی بھی کی گئی۔ مہمانِ خاص کی مدارت کے لیے بھی شیلڈ کوتحائف کی طور پیش کیا گیا۔ یوں یہ ایک روزہ محفل اپنے فضلوںو برکات کو بکھیرتی ہوئی اختتام پذیر ہوئی۔شامل ہونے والوں کی تعداد 90 نوٹ کی گئی، ان میں وہ مہمانان کرام بھی شامل تھے جو کہ ابھی تک اس پیاری جماعت کی شاخ کا حصہ نہیں ہیں۔ اس رپورٹ کو مرتب اورتالیف کرنے میں مکرم جاوید اقبال نا صر صاحب نے مربی سلسلہ نے تعاون کیا۔ اللہ تعالیٰ سے دُعا ہے کہ اللہ تعالیٰ اُن سب پر اپنے خاص فضل وانعامات کی بارش نازل کرے جن کے تعاون سے اس ریلی کوکامیاب بنایا جا سکا۔اور ان کو بھی اس جماعت میں شامل ہونے کی توفیق عطا فرمائے جو کہ ابھی تک اس سرسبز درخت کے ساتھ اپنا پیوند نہیں جوڑ سکے۔ آمین

(رپورٹ: مُفیض الرحمان -مربی سلسلہ بوسنیا)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 17 اگست 2022

اگلا پڑھیں

ارشاد باری تعالیٰ