• 30 اپریل, 2024

آج کی دعا

اَللّٰهُمَّ مَا أَصْبَحَ بِي مِنْ نِعْمَةٍ فَمِنْكَ وَحْدَكَ، لَا شَرِيكَ لَكَ، فَلَكَ الْحَمْدُ، وَلَكَ الشُّكْرُ

(سنن ابو داؤد كِتَابُ النَّومِ بَابُ مَا يَقُولُ إِذَا أَصْبَحَ حدیث: 5073)

ترجمہ : ’’اے اللہ جو بھی نعمت مجھے ملی وہ صرف تیری ہی طرف سے ہے۔ تیرا کوئی شریک نہیں اور تمام تعریفیں اور شکر تیرے ہی لئے ہیں۔‘‘

یہ سید و مولیٰ پیا رے رسول حضرت محمدﷺ کی شکر نعمت کی خوبصورت دعا ہے۔

ہمارے پیارے آقا سیّدنا حضرت مرزا مسرور احمد خلیفۃ المسیح الخامس ایَّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز اس دعا کی تحریک کرتے ہوئے فرماتے ہیں:
یہ شکر واحسان کے جذبات، اللہ تعالیٰ کے حضور دعائیں ، اس کی حمدسے اپنی زبانیں تر رکھنا صرف جماعتی طورپر فضلوں اور رحمتوں کے نازل ہونے کے لئے نہیں ہے بلکہ اللہ تعالیٰ کا یہ سلوک ہے ہر شخص سے جس کی انفرادی زندگی میں بھی، جس کی خاندانی زندگی میں بھی اس شکر کے طفیل ہر مومن پر اپنے فضلوں کی بارش برساتا ہے اور اپنے فضلوں کا وارث بناتاہے۔ پس ہر شخص کو اپنی بھلائی کے لئے بھی، اپنی ترقیات کے لئے بھی، اپنے خاندان کی بھلائی کے لئے بھی، اپنی نسلوں کی بہتری اور بھلائی کے لئے بھی شکر نعمت کرتے رہنا چاہئے۔

حدیث میں آتاہے کہ حضرت عبداللہ بن غنّام رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا کہ جس نے صبح کے وقت یہ کہا کہ اے اللہ جو بھی نعمت مجھے ملی وہ تیری ہی طرف سے ہے۔ تیرا کوئی شریک نہیں اور تمام تعریفیں اور شکر تیرے ہی لئے ہیں ۔ تو گویا اس نے اپنے دن کا شکر ادا کردیا۔ اور جس نے اسی طرح شام کے وقت دعا کی تو اس نے اپنی رات کا شکر ادا کردیا۔

(سنن أبی داؤد، کتاب الأدب باب ما یقول اذا اصبح)(خطبہ جمعہ یکم اگست 2003ء)

حضرت اقدس مسیحِ موعودؑ اپنے منظوم کلام میں بارگاہِ ایزدی میں خدا تعالیٰ کا شکر ادا کرتے ہوئے فرماتے ہیں

کیونکر ہو شکر تیرا تیرا ہے جو ہے میرا
تونے ہر اک کرم سے گھر بھر دیا ہے میرا
جب تیرا نور آیا جاتا رہا اندھیرا
یہ روز کر مبارک سبحان من یرانی
یارب ہے تیرا احساں میں تیرے در پہ قرباں
تونے دیا ہے ایماں تو ہر زماں نگہبان
تیرا کرم ہے ہر آں تو ہے رحیم و رحماں
یہ روز کر مبارک سبحان من یرانی

(مرسلہ:مریم رحمٰن)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 18 فروری 2021

اگلا پڑھیں

الفضل آن لائن 19 فروری 2021