• 15 مئی, 2024

دوستی

حضرت چوہدری سر ظفر اللہ خانؓ

(آج سے قریبًا سو سال قبل حضرت چوہدری سر ظفر اللہ خان صاحبؓ کا ایک مضمون ماہنامہ ’’مخزن‘‘ لاہور میں شائع ہوا جس کو ایڈیٹر کے نوٹ کے ساتھ بعینہٖ ذیل میں درج کیا جاتا ہے۔)

’’یورپ کے بڑے بڑے جہابدۂ علم و فضل اور مشہور فلاسفروں نے دوستی کے متعلق جو رائے قائم کی ہے، یہ دلچسپ مضمون اُن آراء کا آئینہ ہے۔ ان اقوال کے مؤلف ہمارے مکرم چوہدری ظفر اللہ خان بی اے ایل ایل بی (لنڈن یونیورسٹی) بیرسٹر ایٹ لاء، اڈیٹر انڈین کیسز ہیں۔ آپ اُن چند افراد میں سے ہیں جن کی قابلیت پر سر زمین پنجاب ناز کرے گی، پنجاب یونیورسٹی میں بی اے کے امتحان میں آپ اول رہے پھر ولایت جاکر لنڈن یونیورسٹی سے جس کا نصاب تمام یونیورسٹیوں سے سخت ہے، ایل ایل بی کے امتحان میں اول رہے۔ آپ نے اکثر ممالک کی سیر کی ہے۔ اس وقت انڈین کیسز کے اڈیٹر ہیں۔ آپ مخزن کے لیے بیگم شریف واذان (مراکش) کی نادر الوجود اور نہایت قابلِ قدر تصنیف کا ترجمہ کر رہے ہیں۔‘‘

جہاں سچی محبت اور حقیقی دوستی کا دخل ہو وہاں تمام عظمت، تمام کمال اور ہر ملک کی دولت جمع ہوتی ہے۔

(جے جی ہالینڈ)

جسم کا بیمار طبیب کا محتاج ہوتا ہے، روح کا بیمار دوست کا کیونکہ دوست سے بڑھ کر ہمارے غموں کا علاج کوئی نہیں جانتا۔

(میتندر)

دوستی پیدا کرنے میں جلدی مت کرو لیکن جب پیدا ہو جائے تو اُس پر استقلال سے قائم رہو کیونکہ دوستوں کو جلد جلد تبدیل کرنا ایسا ہی مذموم ہے جیسے دوستوں کا کھو دینا۔

(آٹسو کریٹیس)

دوست زر کی مانند ہوتے ہیں کھرے اور کھوٹے، ضرورت سے پیشتر ان کی شناخت کر لینی چاہئے تا کہ ضرورت کے وقت ناقص ثابت نہ ہوں۔

(پلو ٹارک)

دوست حاصل کرنے کا صرف یہی طریق ہے کہ تم خود دوست بن جاؤ۔

(ایمرسن)

دوستی کے مقناطیسی اثر کے ماتحت شرمیلوں میں جرأت اور کم حوصلوں میں حوصلہ پیدا ہو جاتا ہے، سست چالاک ہو جاتے ہیں اور جوشیلے محتاط اور صلح کن بن جاتے ہیں۔

(تھیکوے)

ایک محبوب دوست روح کے صرف ایک حصہ کو تسکین نہیں دیتا بلکہ تمام حصوں میں سرایت کر جاتا ہے اور ہر احساس کے ساتھ تعلق پیدا کر لیتا ہے۔

(ڈبلیو۔ ای چیننگ)

دوست مجسم شعر ہوتا ہے۔

(فارسی)

اخلاص، صدق اور وفا دوستی کی روح ہیں۔

(ڈبلیو ای چیننگ)

دوستی کی جڑ احترام میں ہوتی ہے لیکن محبت اپنی ذات میں قائم رہ سکتی ہے۔

(اویڈا)

اگر تمہیں غم سے سابقہ پڑے، اگر غربت اور بیماری تمہاری قسمت میں ہوں اور تمھیں کسی تسلی دینے والے دوست کی ضرورت پڑے تو اُس وقت مجھے فراموش نہ کیجیو۔

(مسز او پی)

پرانی دوستیوں کی یاد میں ایک جادو ہوتا ہے جو دل کو نرم کر دیتا ہے اور جن کے دل نہیں ہوتے ان کے نظام عصبی پر اثر کرتا ہے۔ (ڈزریلی)
تمہیں اپنے دوست کی عزت اپنی عزت کے برابر عزیز ہونی چاہیے۔

(طالمود)

چاہیے کہ تمہاری محبت تمہارے دوست کی طرف اُس تیر کی طرح جائے جو جہاں لگتا ہے وہیں جم جاتا ہے نہ اُس گیند کی طرح جو دیوار سے ٹکرا کر واپس آ جاتا ہے۔

(فرانسس قوارلز)

خاموش دوستیاں اکثر دفعہ سب سے زیادہ مفید ہوتی ہیں اس لیے میں محتاط دوست کو جوشیلے دوست پر ترجیح دیتا ہوں۔

(ایڈیسن)

وہ دوستی جو دل سے بہتی ہے غربت کی ہوا میں ٹھنڈی نہیں ہوتی جیسے وہ پانی جو چشمے سے بہتا ہے سردی میں نہیں جمتا۔

(جے ایف کوپر)

دوست کا نام عام ہے لیکن وفادار دوست نایاب ہے۔

(محاڈرس)

خوشی میں دوستوں کی کثرت ہوتی ہے، غم میں وہ جدا ہو جاتے ہیں۔ خوشی کی شراب سے کوئی انکار نہیں کرتا لیکن غم کا پیالہ اکیلے نوش کرنا پڑتا ہے۔

(ولکاکس)

(ماہنامہ ’’مخزن‘‘ لاہور دسمبر 1918ء صفحہ 60 ،59۔ ایڈیٹر : احسان اللہ خان تاجور نجیب آبادی)

(مرسلہ: غلام مصباح بلوچ۔کینیڈا)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 18 مارچ 2020

اگلا پڑھیں

الفضل آن لائن 19 مارچ 2020