• 20 مئی, 2024

مسجد المہدی بریڈ فورڈ میں کوپن ہیگن یونیورسٹی کے دو پروفیسرز کی آمد

مورخہ20 فروری 2020ء کو بمقام مسجد المہدی بریڈ فورڈ میں مکرم ڈاکٹر محمد اقبال نے شعبہ اُمور خارجہ برطانیہ اور Brian Arlyl Jacobsen کوپن ہیگن یونیورسٹی کے زیرِانتظام ڈنمارک میں کراس کلچرل اینڈ ریجنل اسٹڈیز ڈیپارٹمنٹ کے ایسوسی ایٹ پروفیسر کے ساتھ دو گھنٹے ملاقات کا اہتمام Jes Heise Rasmussen یونیورسٹی آف کالج کوپن ہیگن میں کیا۔

پروفیسر جیکبسن اور پروفیسر راسموسن جماعت احمدیہ میں گہری دلچسپی رکھتے ہیں اور انہوں نے محسوس کیا تھا کہ ڈنمارک میں ہجرت کرکے آنے والی مختلف کمیونٹیزکے لوگوں اور مقامی افراد کی ہم آہنگی کے سلسلے میں بہت سے چیلینجز درپیش ہیں جن کا سامنا برطانیہ نے بہت سال پہلے کیا تھا۔ انہوں نے اظہار کیا کہ بریڈ فورڈ لوگوں کے تجربات دیکھنے اور سیکھنے کے لئے ایک اچھا شہرہے۔ بطور ماہرین تعلیم وہ کوپن ہیگن، ڈنمارک میں احمدیہ مسلم کمیونٹی کی انسانیت کے لئے کی جانے والی خدمات اور معاشرے کے دیگر افراد کے لئے کئے گئے کئی بہترین کاموں سے واقف ہیں۔

مکرم ڈاکٹر محمد اقبال نے ملاقات میں ان مہمانوں کو عالم اسلام کے اتحاد کو بہتر بنانے اور دنیا میں امن و امان کے قیام کے لئے جماعت احمدیہ کی طرف سے کی جانے والی مثبت کاوشوں کے بارے میں بتانے کے علاوہ احمدیہ مساجد کے مرکزی کردار،خلافت احمدیہ، مقامی عاملہ کے انتظامی کردار اور ڈھانچے ، فلاحی و رفاہی منصوبے ، بنی نوع انسان کی خدمت میں احمدی معاون تنظیموں کے عظیم کام، بریڈ فورڈ سٹی کے معاشرتی، سیاسی اور معاشی منصوبوں کی تشکیل میں احمدیہ مسلم کمیونٹی کے ممتاز ممبران کی شمولیت اور خلیفۂ وقت کی طرف سے ممبران جماعت احمدیہ مسلمہ عالمگیر کی رہنمائی و ہدایات کے بارے میں تفصیل سے بتایا۔

اس خوشگوار ملاقات کے اختتام پرمکرم مبارک احمدبسرا مبلغ سلسلہ بریڈ فورڈ نے احمدیت اور اسلام سے متعلق جماعتی لٹریچر مہمانوں کی خدمت میں پیش کیا ۔بسرا صاحب نے جماعت احمدیہ کی بین الاقوامی حیثیت کے اعلیٰ معیاراور دنیا کی مختلف قوموں کے اتحاد کے عملی مظاہرہ کا مشاہدہ کرنے کے لئے دونوں مہمانان کرام کو جلسہ سالانہ برطانیہ میں شرکت کی دعوت بھی دی۔

(قریشی داؤد احمد)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 18 مارچ 2020

اگلا پڑھیں

الفضل آن لائن 19 مارچ 2020