• 29 اپریل, 2024

وہ جو احمدؐ بھی ہے اور محمدؐ بھی ہے

وہ جو احمدؐ بھی ہے اور محمدؐ بھی ہے
(کلام صاحبزادی امۃالقدوس بیگم)

وہ جو احمدؐ بھی ہے اور محمدؐ بھی ہے
وہ مؤیَّد بھی ہے اور مؤیِّد بھی ہے
وہ جو واحد نہیں ہے پہ واحد بھی ہے
اک اُسی کو تو حاصل ہوا یہ مقام
اُس پہ لاکھوں درود اس پہ لاکھوں سلام

سوچا جب وجہِ تخلیقِ دنیا ہے کیا؟
عرش سے تب ہی آنے لگی یہ نِدا
مصطفیٰ، مصطفیٰ، مصطفیٰ، مصطفیٰ
وہ ہے خیر البشر وہ ہے خیر الانام
اس پہ لاکھوں درود، اس پہ لاکھوں سلام

قطبِ روحانیت، ذاتِ قبلہ نما
ہادی و پیشوا، رہبر و رہنما
مرشد و مقتدا، مجبتیٰ مصطفیٰ
حق کا پیارا نبی اور چنیدہ امام
اس پہ لاکھوں درود، اس پہ لاکھوں سلام

اس کی سیرت حسیں، اس کی صورت حسیں
کوئی اس سا نہ تھا، کوئی اس سا نہیں
اس کا ہر قول، ہر فعل ہے دلنشیں
خوش وضع، خوش ادا، خوش نوا، خوش کلام
اس پہ لاکھوں درود، اس پہ لاکھوں سلام

وہ صدوق و امین و رؤف و رحیم
وہ نذیر و بشیر و رسولِ کریم
ذات اس کی ہے تفسیر خُلقٍ عظیم
اس کے اخلاق کامل ہیں، خلقت ہے تام
اس پہ لاکھوں درود، اس پہ لاکھوں سلام

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 18 جولائی 2022

اگلا پڑھیں

ارشاد باری تعالیٰ