• 29 اپریل, 2024

ہومیو دُنیا میں ممکنہ حیرت انگیز پیش رفت

ہومیو دُنیا میں ممکنہ حیرت انگیز پیش رفت
ہومیو ادویات ایک ہزار گنا سستی اور زیادہ موثر
خدمتِ انسانیت کی ایک جدید راہ

یہ مضمون محض خدمتِ انسانیت کی خاطر ایک کوشش ہے، سمجھ کر عمل کرنے سے ان شاءاللّٰہ بے حد فائدہ ہوگا، آزمودہ ہے۔ یہ 2007ء کا واقعہ ہے خاکسار کینیڈا کے اپنے کلینک سے چند ماہ کےلئے پاکستان کے اپنے کلینک گیاہواتھا، وہاں مشہور عام ڈاکٹر ریکوگ جرمنی کے آر نمبر مرکبات بکثرت استعمال کرنے کا موقع ملا۔ ڈاکٹر ریکوگ کے آر نمبر کو ہم نے بفضلِ خدا جادُو اثر پایا، حضرت خلیفۃ المسیح الرابع رحمہ اللہ نے اپنے ہومیو لیکچرز میں ڈاکٹر ریکوگ کی بہت تعریف فرمائی ہوئی ہے اور حضور رحمہ اللہ ان کے مرکبات کے بہت مداح بھی تھے۔

یہ آر نمبر بہت مہنگے ہوتے ہیں، غریب، متوسط طبقہ کیلئے خریدنا مشکل ہے۔

Dr Reckeweg R numbers

ان آر نمبر مرکبات کے اجزا دس کے سکیل یعنی ڈیسی مل پربنائے جاتے ہیں، میں نےہومیو اصول کے مطابق تجربۃً سرنج سے ایک ایم ایل یعنی 15 قطرے دوائی میں ہومیو ڈائلیوشن ایتھائل الکوحل 95یا 99 فیصد کے 150 قطرے ڈال کر 10 زور دار جھٹکے دے کر دوا تیار کی، ہومیو گلوبیولز یا گولیوں پر چھڑک کر استعمال کرائی، اس کی افادیت بڑھ گئی، دوا بھی دس گنا بڑھ گئی۔اس طریق پر مزید پوٹینٹائز کرنے پر دوا سو گنا بڑھ گئی اوراستعمال کرنے پر افادیت بھی بڑھ گئی، اس طرح مزید پوٹینٹائز سے ایک شیشی سےہزار شیشی بن جاتی ہے اور اس کا اثر کم ہونے کی بجائے بڑھ جاتا ہے۔اس پر سیدنا حضرت مسیح موعود علیہ السلام کا یہ دعائیہ مصرع ہمارے ذاتی ذوق کے مطابق اطلاق پاتا ہے ؎

بابرگ و بار ہوویں اِک سے ہزار ہوویں

اس طریق پر اپنے گھر میں چھوٹی سے ڈسپنسری بنا کر طبی طور پر خود کفیل ہو سکتے ہیں۔پاکستان وغیرہ میں آر نمبر باآسانی مل جاتے ہیں، بیرون ملک کے لوگ ایمازون وغیرہ سے آر نمبر خرید سکتے ہیں، اس مضمون کو سمجھ کر خود اور دوسروں کی طبی طور پر مدد کی جاسکتی ہے۔ دوا کی مقدار بڑھانا آسان ہے اور افادیت بھی بہتر ہو جاتی ہے۔ ہومیو ڈائلیوشن ایتھائل الکوحل 95 یا 99 فیصد ملانے اور 10۔12 زور دار جھٹکے دینے سے دوا تیار، بچت کی بچت اور فائدہ بھی زیادہ۔ اگر ایک شیشی600 روپے کی ہو تو پو ٹینٹائز کرنے سے 60 روپے کی بن جائے گی۔ مزید پوٹینٹائز سے یہ شیشی 60 پیسے کی ہو جائے گی یوں 600 روپے کی شیشی 60پیسے کی بن جائے گی اور افادیت میں بھی بڑھ جائے گی۔ اس سے بہتر کیاہوگا کہ قیمت کئی گنا کم اور فائدہ کئی گنا زیادہ ہوگیا۔

اس ہومیو فلاسفی سے آپ کسی بھی ہومیو دوا کو خواہ وہ کسی بھی فرم کی تیار کردہ ہو یا کسی بھی ہومیو کلینک کی ہو اس طریق پر بڑھا کر خود اور دوسروں کےلئے سستی اور مزید موثر بنا سکتے ہیں۔ آپ خواہ معالج ہیں یا مریض اس طریق پر فائدہ اٹھا سکتے ہیں، سستی تیار کردہ دوا اپنے دوستوں،رشتہ داروں اور جاننے والے غربا کو تحفۃً دےسکتے ہیں، یہ بہت بڑی خدمتِ انسانیت ہے۔ 600 روپے والی دوا 60پیسے کی بنا کر ہم نے ہزاروں مریضوں پر آزمائی ہے اور زیادہ مفید پائی ہے۔

چند مسائل اور حل

جرمن یا دیسی کمپنیوں کے مرکبات کے استعمال کا مشورہ ہم اس لئے دیتے ہیں کہ یہ مرکبات ان کمپنیوں نے لاکھوں مرتبہ آزما کر مفید پائے ہوتے ہیں،بہرحال ان کمپنیوں کی پیکنگ پر فارمولا لکھا ہوتا ہے اس فارمولے کے مطابق ہومیو اسٹور سے خود بھی تیار کرواسکتے ہیں اور پھر ہمارے بیان کردہ طریقہ سے مقدار بڑھائی جا سکتی ہے جو طریق آسان اور سستا ہو چاہے کمپنی کی تیار کردہ یا ان کے فارمولے پر ہومیو اسٹور سے تیار کردہ۔

دوائی بڑھانے والا ڈائیلیوشن ایتھائل الکوحل 95 یا 99 فیصد ہومیواسٹور والے باآسانی عام کسٹومر کو نہیں بیچتے، اگر تھوڑی مقدار خریدیں اور یقین دلا سکیں تو دے دیں گے۔ آپ کو عموماً 110 ایم ایل کی ضرورت ہوتی ہے۔ اگر ہومیو دوا بڑھانے والا ڈائلیوشن باوجود کوشش کے نہ ملے تو ایک اور طریقہ اختیار کیا جا سکتا ہے۔ نیسلے یا کسی اور اچھی کمپنی کی 500 ایم ایل پانی کی بوتل خرید لیں۔ منرل واٹر بوتل میں مطلوبہ آر نمبر کے 50 قطرے ڈال کر 10۔12 زور دار جھٹکے دیں، دوا تیار ہے دو دو ڈھکنے دن میں 3 بار استعمال کریں ختم ہو تو پھر تیار کرلیں۔ اس طرح جو شیشی ایک ماہ میں ختم ہونی تھی وہ کم از کم 5 ماہ چلے گی اور بے حد سستی پڑے گی اور پانی میں اس طرح بنانے سے فائدہ بھی زیادہ دیتی ہے۔

ہم نے یہ طریق بھی بے شمار مریضوں پر خود آزما کر دیکھا ہے۔ ایلوپیتھی اس زمانہ میں خدمت انسانیت کی بجائے ایک بزنس کادرجہ اختیار کر چکی ہے، مریض فیملی ڈاکٹر کے پاس جاتا ہے تو وہ اسے لیب ٹیسٹوں کےلئے بھیج دیتا ہے اور ان ٹیسٹوں میں ڈاکٹر کا شیئر ہوتا ہے۔ہر ڈاکٹر ایسا نہیں ہوتا، مگر ایک بڑی تعداد ایسی ہے۔ بہت سے ڈاکٹرز نے خود اپنی ٹیسٹ لیب بنا ئی ہوتی ہیں اور اُن کا یوں یہ دوسرا بزنس ساتھ ساتھ چل رہا ہوتا ہے،ٹیسٹ کے بعد میں دوا کے نسخہ لکھنے پر دوا ساز اداروں سے ڈاکٹر کو کچھ شیئر ملتا ہے علی ھذا القیاس یہ بزنس ایسے ہی چلتا ہے۔ بہت سے ٹیسٹ غیر ضرروی طور پر محض رقم بٹورنے کی خاطر لکھے جاتے ہیں اور اسی طرح دواؤں کا لکھا جانا ہے بلکہ بہت دفعہ محض رقم کی خاطر بڑے بڑے آپریشن ضرورت کے بغیر کئے جاتے ہیں۔

ایمرجنسی اور بعض حالات میں ایلوپتھی دوا اور سرجری کرانا زندگی بچانے کےلئے ناگزیر ہوتا ہے ہم اس کے خلاف ہرگز نہیں۔ بہرحال لیب ٹیسٹ کے بعد دوا کا نسخہ لکھنے کا مرحلہ آتا ہے تو جو میڈیکل کمپنیاں اپنی دوا کا نسخہ لکھنے پر ڈاکٹر کو کسی نہ کسی شکل میں فائدہ دے رہی ہوں اُن کی ادویات بسا اوقات غیر ضروری طور پر لکھ دی جاتی ہیں اور زیادہ مقدار میں لکھ دی جاتی ہیں، بعض ڈاکٹرز کے تو اپنے میڈیکل سٹور ہوتے ہیں اور وہاں سے مریض کو دوا خریدنے کا کہا جاتا ہے۔ چونکہ سرجری آپریشن سے خاصی بڑی رقم ہاتھ آتی ہے، اس لئے بہت سے سرجن فیملی ڈاکٹر کے ساتھ ملی بھگت سے سرا سر غیر ضروری بلکہ خطرناک رسک لیتے ہوئے نقصان پہنچانے والے سرجری آپریشن کروا دیتے ہیں، عورتوں کے بچوں کی پیدائش کےلئے بلا ضروت سی سیکشن آپریشن اس کی ایک مثال ہے، ہمارے علم میں ڈاکٹروں کی ملی بھگت سے رقم کمانے کےلئے بلا ضرورت آپریشن کرنے کی کوشش کے کئی واقعات سامنے آئے ہیں۔

انگریزی ایلوپیتھک ادویات کے سائڈ ایفیکٹس (ذیلی بد اثرات) بے شمار ہوتے ہیں، ایک بیماری کا علاج کرانے جاؤ تو درجنوں اور بیماریاں گلے پڑ جاتی ہیں، اور مزے کی بات یہ ہے کہ ان دواؤں کی پیکنگ پر جملہ بد اثرات کی لمبی لسٹ لکھی ہوتی ہے بالعموم لاحق ہونے والی بیماریاں لسٹ سے زیادہ ہو سکتی ہیں۔ سخت مجبوری میں کبھی کبھار استعمال کر سکتےہیں، مگر بچے رہنا ممکن ہو تو بہتر ہے۔

ہومیو طریقہ علاج میں بالعموم لیب ٹیسٹوں کی ضرورت نہیں ہوتی اور ان دواؤں کے ذیلی بد اثرات کا خطرہ بھی نہیں ہوتا۔ یہ ساری معلومات دینے میں ہمارا کوئی مالی فائدہ نہیں ہے یہ سب خالصتاً انسانیت کی بے لوث خدمت کی خاطر ہم کر رہے ہیں۔بالخصوص غریب اور متوسط طبقہ کی مدد کرنا ہمارا اصل مقصد ہے بلکہ امیر طبقہ کے لوگ بھی اس طرح بچت کرکے بچنے والی رقم دیگر رفاہی کاموں میں لگا سکتے ہیں، غربا کی مدد کر سکتے ہیں۔ یہ سوال کہ ان ہومیو مرکبات سے فائدہ کیسے اٹھایا جا سکتا ہے، تو بات یہ ہے کہ مثلاً آپ کے گھر یا ہمسایہ میں پیٹ کی گیس، تیزابیت، معدے کی جلن، معدے کے السر کا مریض ہے۔ تو اس مریض کےلئے آپ ہومیو سٹور سے آر نمبر 5 خریدیں، ساتھ 10 ایم ایل ہومیو ڈائلیوشن اور 100 گرام ہومیو گولیاں بھی خرید لیں، ایک ایم ایل دوا کو سرنج کے ذریعہ 10 ایم ایل ڈائلیوشن میں ملا کر 10-12 مرتبہ زور دار جھٹکے دیں اور اب یہ دوا کھلے منہ والی بوتل میں ہومیو گولیوں پر ڈالیں کہ قدرے تر ہو جائیں، دوا تیار ہے، 5 گولیاں دن میں 3 بار استعمال کرائیں، دوا کھانے میں کھانے سے آدھ گھنٹہ پہلے اور بعد کا وقفہ ضرور رکھیں اگر ضرورت ہو تو مزید دو مرتبہ پوٹینٹائز کرکے دوا ہزار گنا بڑھائی جا سکتی ہے اور بہت سستی پڑے گی۔

اگر کسی ولائتی یا دیسی پاکستانی کمپنی کا معلوماتی لٹریچر لینا چاہیں تو کسی ہومیو سٹور سے مل سکتا ہے ڈاکٹر ریکوگ جرمنی کا لٹریچر بھی مل سکتا ہے اس لٹریچر میں امراض کے مطابق آر نمبرز لکھے ہوتے ہیں اور مطلوبہ آر نمبرخرید کا مقدار بڑھا سکتے ہیں، آر نمبر اور دیگر ہومیو لٹریچر انٹرنیٹ پر بھی مل سکتا ہے۔ پاکستان میں چھوٹے بڑے قصبوں، شہروں کے ہومیو سٹوروں سے آر نمبر یا دوسری پاکستانی فرموں کے مرکبات ہر ایک نے اپنے نام کے رکھے ہوتے ہیں خرید لیں اور جو طریقہ ہم نے بیان کیا ہے اس کے مطابق مقدار بڑھا کر استعمال کرائیں سستا اور مزید موثر ہو جائے گا۔ بیرون ملک لوگ مثلا سعودی عرب،دبئی، یورپ امریکہ افریقہ چین جاپان ملایشیا وغیرہ کے لوگ آن لائن ایمازون، انڈیا، ای بے اور دیگر ویب سائٹ سے آن لائن خرید کر مقدار بڑھا کر استعمال کر سکتے ہیں۔

روز مرّہ استعمال کے بفضلِ خدا چند انتہائی زود اثر مرکبات

  • درد سر یا مائی گرین:آر نمبر:16
  • دمہ آر نمبر:43۔ 76 دونوں استعمال کرائیں
  • دست، پیچش:آر نمبر:4
  • بے خوابی:آرنمبر:14
  • شیاٹیکا (لنگڑی کا درد) آر نمبر:70۔ 71 دونوں استعمال کرائیں
  • الرجی پولن، سانس کی تکلیف آر نمبر:84
  • السر معدہ، گیس تیزابیت:آر نمبر 5۔ 90
  • موسمی بخار، فلو، کھانسی، نزلہ:آر نمبر 1۔ 6۔ 9 تینوں ملا کر
  • ہائی بلڈ پریشر:آر نمبر:12۔ 85
  • پتھری گردہ:آر نمبر:27
  • پراسیٹیٹ:آر نمبر:25
  • پیٹ کے کیڑے:آر نمبر:56
  • جنسی کمزوری:آر نمبر:41
  • شوگر(ڈائی بی ٹیز):آر نمبر 40۔ 130 دونوں استعمال کرائیں۔
  • کولیسٹرول:آرنمبر:79
  • گُردوں کی خرابی، سوجن ورم:آر نمبر 58
  • بھول جانا، نسیان ڈی مینشیا آر نمبر:54
  • انجائنا (دردِ دل):آر نمبر:2
  • انتڑیوں کی ہر قسم کی تکالیف:7۔ 37 دونوں ملا کر

آپ کسی بھی پاکستانی یا باہر کی کمپنی کی پیٹنٹ دوا کو ہومیو فلاسفی کے تحت پوٹینٹائز کرکے مقدار میں بڑھا سکتے ہیں، یہ آپکا حق ہے اس طرح آپ کو بھی فائدہ ہوگا، کمپنی کو بھی فائدہ ہوگا اور عوام الناس کو بھی۔ مگر اسکی کاپی کرکے دھوکہ دینا اور بیچنا اخلاقی اور قانونی طور پر غلط ہوگا کیونکہ اس طرح دوا ساز ادارے کو نقصان ہو گا جو نہیں ہونا چاہئے۔ آپ معمولی سی محنت کرنے سے ہومیو اور بائیو کیمک ادویات بہت بڑی مقدار میں اور پہلے سے زیادہ موثرتیار کر سکتے ہیں۔

ساری دُنیا کو ہم ان موثر انتہائی سستے مگر کم ترین ضرررساں ا دویات کی مدد سے شفا سے بھر سکتے ہیں، ایک دوا جو خواہ سنگل ہو یا مرکب وہ اس طریقہ سے بڑھانے سے مدتوں ختم نہ ہو گی، اور سینکڑوں ہزاروں لوگوں کاعلا ج کرسکیں گے۔بفضلِ خدا عام اور روزمرّہ کی امراض کو ابتداًہی گھر پہ ختم کر سکتے ہیں، حکومتوں کے بھاری بھرکم بجٹ جو محکمہ ہائے صحت کی نذر ہو جاتے ہیں، قدرتی دوائیں تیارکرنے والے اداروں، قدرتی کھانوں کے تیار کرنے والے مثالی ریسٹورانوں پر صرف کر سکتے ہیں، یاقدرت کے وضع کردہ قوانین کے تابع زندگی گزارنےکی تعلیم دینے والے اداروں پر خرچ کر سکتے ہیں، فی زمانہ دُنیا میں مرض و بیماری اس قدر بڑھ چکی ہے کہ محکمہ ہائے صحت سے بے قابو ہو رہی ہے، عالمی سطح پر صحت کے مسائل کاحل صرف قوانینِ قدرت کے تابع زندگی گزارنےقدرتی غذااورقدرتی دوا میں ہے، لیکن اس کٹھن راہ کی سب سے بڑی رکاوٹ و دشواری عالمی سطح پر محکمہ ہائے صحت کی اجارہ داری ہے جو اپنی تجوریاں بھرنےکی خاطر مقابل پر اٹھنے والی کسی حق و صداقت پر مبنی آواز کو فوراً دبا دیتے ہیں، بلکہ انتقامی کاروائیوں کا نشانہ بناتے ہں۔ اللہ تعالیٰ انسانیت پر اپنا فضل اور رحم فرمائے اور غریب، بیمار انسانیت کو قدرتی شفا بخش دوائیں میسر ہونے کے سامان پیدا فرمائے۔ آمین

(ہومیو ڈاکٹر نذیر احمد مظہر۔کینیڈا)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 18 نومبر 2022

اگلا پڑھیں

ارشاد باری تعالی