• 26 اپریل, 2024

جامن ایک صحت مند پھل ہے

اس مفید پھل کا تعارف معلومات میں اضافہ کے لئے دیا جارہا ہے

جامن ایک معروف پھل ہے،جو موسم برسات میں ہی ہوتا ہے اور اسی موسم میں ختم ہو جاتا ہے۔جوں جوں موسم برسات کی بارشیں ہوتی ہیں،یہ پھل پک کر گرتا رہتا ہے۔یہ شمالی پاکستان سے جنوبی ہند تک عام پایا جاتا ہے۔جامن کا پھل اگر کچا ہوتو کسیلا ہوتا ہے۔ جامن کی اقسام کے لحاظ سے گٹھلی چھوٹی اور بڑی ہوتی ہے ۔جامن کی عام طور پر تین قسمیں ہوتی ہیں ۔ایک چھوٹی ہوتی ہے،اسے جمبو کہتے ہیں ،اس میں گودا کم ہوتاہے۔ دوسری عام قسم جس میں قدرے بڑی گٹھلی ہوتی ہے۔جامن کی تیسری قسم بڑی ہوتی ہےاللہ تعالیٰ نے انسان کو پھلوں اور سبزیوں کی صورت میں جو نعمتیں عطا فرمائی ہیں ،ان کی ایک بڑی خوبی یہ ہے کہ یہ اپنے موسمی تقاضوں کی آئینہ دار ہوتی ہیں۔
موسم برسات میں جسم میں تیزابیت بڑھ جاتی ہے، جس کے نتیجے میں سر بوجھل محسوس ہوتاہے۔پیٹ میں گرانی ہو جاتی ہے،جی متلاتا ہے اور قے آتی ہے ۔موسم برسات میں اکثر وبیشتر دیکھا گیا ہے کہ ذرا پیٹ بھر کر کھایا تو معدہ بو جھل ہو جاتا ہے، دست لگ جاتے ہیں اور ہاضمے کا نظام خراب ہو جاتا ہے۔برسات کے مختصر موسم میں پیدا ہونے والا پھل جامن نہ صرف بڑھی ہوئی تیزابیت کو ختم کرتا ہے،بلکہ ہاضمے کے نظام کی اصلاح بھی کرتا ہے۔
موسم برسات میں جامن کھانے والے تیزابیت کے نتیجے میں اور فساد خون سے جنم لینے والے پھوڑے پھنسیوں سے بھی محفوظ رہتے ہیں۔جامن کی بطور پھل غذا بخشی اپنی جگہ،مگر یہ متعدد امراض میں دوا کا بھی کام دیتا ہے۔اس طرح ہم جامن کو ان پھلوں میں شمار کر سکتے ہیں ،جو غذائی اور دوائی فوائد سے مالا مال ہیں۔جامن کھانے سے خون کا گاڑھا پن اور بڑھی ہوئی موسمی تیزابیت ختم ہو جاتی ہے۔
اسی وجہ سے یہ خون کے سرطان(کینسر)میں بھی فائدہ مند قرار دیا گیا ہے ۔جگر اور تلی کے ورم کو ختم کرتا ہے۔جامن میں فولاد بھی پایا جاتا ہے،اس طرح خون کی کمی والے لوگوں کے لئے یہ پھل بہت مفید ہے ۔جامن حیاتین ج(وٹامن سی)کا قدرتی خزانہ ہے ،اس لیے جن لوگوں کو حیاتین ج کی کمی کے نتیجے میں مسوڑوں سے خون آتا ہے ،وہ جامن کھانے کے ساتھ ساتھ اس کے پتوں سے بھی استفادہ کریں،کیونکہ جامن کے پتے اور درخت بھی کار آمد ہیں۔

(آن لائن)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 17 دسمبر 2019

اگلا پڑھیں

الفضل آن لائن 18 دسمبر 2019