• 25 اپریل, 2024

فاصلے بڑھ گئے ،پر قرب تو سارے ہیں وہی

چند دن ہوئے خاکسار کو طاہر ہاؤس ڈئیر پارک میں ظہر و عصر کی نمازیں با جماعت مکمل SOPs کے ساتھ پڑھنے کا اتفاق ہوا۔ نمازوں کی ادائیگی کے بعد جب ہم سب ایک دوسرے کا حال احوال دریافت کرنے کے لئے اکٹھے ہوئے تو دور دور فاصلے رکھ کر کھڑےہم میں ہر ایک دوسرے کو ہاتھ کے اشاروں سے سلام کہہ رہا تھا اور احوال دریافت کر رہا تھا۔ اس اثناء میں ہمارے ایک دوست مکرم لقمان احمد کشور انچارج کمیٹی روزنامہ الفضل آن لائن لندن نے بے ساختہ کہا

فاصلے بڑھ گئے، پر قرب تو سارے ہیں وہی

خاکسار ان کے اس بے ساختہ جواب سے بہت محظوظ ہوا۔ گو حضرت خلیفۃ المسیح الرابعؒ نے اس شعر کو کسی اور تناظر میں فرمایا تھا :

؎ نہ وہ تم بدلے نہ ہم، طور ہمارے ہیں وہی
فاصلے بڑھ گئے ، پر قرب تو سارے ہیں وہی

لیکن یہ شعر بالخصوص اس کا دوسرا مصرع آج COVID 19 میں ملاقاتوں اور میل ملاقات کی پابندیوں کے دَور پر پورا اُترتا ہے۔

حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہِ العزیز اسلام آباد میں مقیم ہیں ۔ ملا قاتیں بند ہیں۔ نمازوں کےلئے آنے جانے پر پابندی ہے۔ خلیفۃالمسیح ایّدہ ا للہ کا رُوبرو دیدار مشکل ہے۔ گویا مادی لحاظ سے دُوریاں ہی دُوریاں نظر آتی ہیں۔ لیکن روحانی لحاظ سے ایمان بھی وہی ایمان کی گرمائش بھی وہی ، ایک دوسرے کے لئے دعائیں بھی وہی، میل ملاقات کے لئے دونوں طرف برابر آگ لگی محسوس ہوتی ہے۔

ان حالات میں ورچوئل ملاقاتوں کا سلسلہ شروع ہوا جو لندن سے نکلتا ہوا ساری دنیا میں پھیل گیا ہے۔ الحمد للہ۔ اب کبھی جرمنی ،کبھی کینیڈا، کبھی فرانس ، کبھی غانااور کبھی امریکہ کے خدام، واقفینِ نو اور دیگر عہدیداران کی ملاقاتیں بذریعہ ZOOM ہونے لگی ہیں۔جو ایم ٹی اے کے ذریعہ جب ہم تک پہنچیں تو ہمارے دل باغ باغ ہوئے ۔ خلیفۃ المسیح ایّدہ اللہ تعالیٰ کا دیدار ہونے لگا۔ وقت کے تقاضوں کے مطابق سوالات کے جوابات ملنے لگے ۔ وہ جو اِکا دُکا لندن آ کر خلیفۃ المسیح ایّدہ اللہ تعالیٰ کا دیدار اور ملاقات کر کے اپنی پیاس بجھاتے اور واپس جا کر ان نجی ملاقاتوں کا احوال سناتے تھے جو انسان اپنی تمام تر استعدادوں کو بروئے کار لاتے ہوئے بھی احوال پورے رنگ میں بیان نہیں کر سکتاتھا۔ اب ان ملاقاتوں سے استفادہ عام ہوا۔اوّل تو ان ملاقاتوں میں ایسے لوگ براہِ راست مستفیض ہونے لگے جن کا لندن آ کر ملاقات کرنا خواب دیکھنے سے کم نہ تھا۔ اور دوسرا ایم ٹی اے کے ذریعہ دنیا بھر کے احمدیوں نے استفادہ کیا۔

حضرت خلیفۃ المسیح ایّدہ اللہ تعالیٰ کی جماعت کے مطیع و فرمانبردار افراد سے ملاقات کرنے کی خوشی تو اپنی جگہ، ملاقاتیوں کی خوشی دیدنی نظر آتی ہے۔ ان کے چہرے اس بات کی گواہی دے رہے تھے کہ خلیفۃالمسیح ایّدہ اللہ تعالیٰ ان سے مخاطب ہیں۔ ان کے سوالات کے جوابات دے رہے ہیں۔ ان کی حرکات و سکنات کو دیکھ کر یوں لگ رہا ہوتا کہ کاش درمیان کے فاصلے پاٹ جائیں اور ہم خلیفۃ المسیح ایّدہ اللہ تعالیٰ سے معانقہ کر لیں

کسی نے کیا خوب کہا ہے ۔

چاہت کا جب مزا ہے کہ وہ بھی ہوں بے قرار
دونوں طرف ہو آگ برابر لگی ہوئی

ان نظاروں کو دیکھ کر یہ سچ ہے کہ:

؎ فاصلے بڑھ گئے، پر قرب تو سارے ہیں وہی

اب امام اور مقتدی کے تعلق اور رشتہ سے نکل کر اس مصرع کو ہم افراد جماعت اپنی نجی اور جماعتی زندگیوں پر لاگو کریں تو بھی یہ مصرع اپنی شان کے ساتھ پورا اُترتا نظر آتا ہے۔

COVID 19 میں SOPs کی پابندیوں کی وجہ سے افراد جماعت مساجد میں حاضر نہیں ہو پا رہے۔ خطبہ جمعہ میں بھی حاضری محدود ہے۔ اجلاسات نہیں ہو رہے۔ الغرض ملاقاتوں کے نہ ہونے کی وجہ سے فاصلے بڑھ گئے معلوم ہوتے ہیں لیکن ZOOM کے ذریعہ مختلف ممالک میں جماعتوں اور تنظیموں کےاجلاسات اور تعلیمی و تربیتی کلاسز منعقد ہوتی ہیں۔ جن میں باقاعدہ اجلاس کی صدارت ہوتی ہے۔ تلاوت و نظم اور عہد کے بعد تربیتی تقاریر ہوتی ہیں۔ جو احباب جماعت پوری طرح تیار کرکے پڑھتے ہیں۔ احادیث اور ارشادات حضرت مسیح موعود علیہ السلام و خلفاء سلسلہ پڑھے جاتے ہیں۔ ذیلی تنظیموں اور واقفینِ نو کے اجلاسات میں نصاب پڑھائے جاتے ہیں اور بچے بڑے شوق و ذوق کے ساتھ ان میں حصّہ لیتے ہیں بلکہ میں نے دیکھا ہے کہ ان بچوں کے ماں باپ بھی اپنی جگہ GADGETS کے ذریعہ بچوں کی نگرانی کر رہے ہوتے ہیں جن سے ان کی حوصلہ افزائی ہوتی ہے۔ اس ناطے بھی اگر اس مصرع :

فاصلے بڑھ گئے، پر قرب تو سارے ہیں وہی

پر غور کریں تو دو اور دو چار کی طرح پورا ہوتا نظر آ رہا ہے۔ کیونکہ تصاویر کے ساتھ ایک دوسرے سے نہ صرف ملاقات ہو جاتی ہے بلکہ ایمان و ایقان و عرفان اور علم و معلومات میں اضافہ بھی ہوتا ہے۔

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 19 جنوری 2021

اگلا پڑھیں

الفضل آن لائن 20 جنوری 2021