• 19 اپریل, 2024

آج کی دعا

اَللّٰھُمَّ إِنِّي أَنْشُدُكَ عَهْدَكَ وَوَعْدَكَ، اَللّٰھُمَّ إِنْ شِئْتَ لَمْ تُعْبَدْ بَعْدَ الْيَوْمِ

(صحیح بخاری كِتَابُ الجِهَادِ وَالسِّيَرِحدیث :2915)

ترجمہ : اے میرے اللہ! میں تجھے تیرے عہد کا واسطہ دیتا ہوں. تجھے تیرا وعدہ یاد دلاتاہوں۔ میرے اللہ! اگر تو چاہتا ہے کہ آج کے بعد تیری عبا دت کرنےوالا کوئی نہ رہے (تو بےشک ہماری مد د نہ کر)۔

(ایک اور روایت میں ہے کہ آپ ﷺ نے یہ الفاظ بھی دعا میں بیان کیے : اگر مسلمانوں کی یہ جما عت ہلاک ہوگئی تو پھر تیری عبادت کرنے والا کوئی نہیں رہےگا)۔

یہ ہمارے پیارے رسولِ اکرم حضرت محمدﷺ کی جنگِ بدر کے موقع پر کی جانے والی خدا تعالیٰ کے حضور درد و تضرع بھری دعا ہے۔خدا تعالیٰ نے آپکی دعا کو قبولیت بخشی اور 313 صحابہ کے مقابلہ میں آنے والے کفار کے 1000 کے لشکر کو شکست دی۔

حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم (بدر کے دن) بار بار یہ دعا فرما رہے تھے، اس وقت آپ صلی اللہ علیہ وسلم ایک خیمہ میں تشریف فرما تھے، کہ اے اللہ ! میں تیرے عہد اور تیرے وعدے کا واسطہ دے کر فریاد کرتا ہوں۔ اے اللہ ! اگر تو چاہے تو آج کے بعد تیری عبادت نہ کی جائے گی۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم اتنی عاجزی اور زاری کے ساتھ بار بار یہ دعا کر رہے تھے کہ حضرت ابو بکر رضی اللہ عنہ سے رہا نہ گیا اور انھوں نے گھبرا کر آپ صلی اللہ علیہ وسلم کا ہا تھ پکڑ لیا اور عرض کیا اے اللہ کے رسول ! کافی ہے اتنی آہ و زاری کافی ہے۔اللہ تعالی آپ کی دعا کو ضرور قبول کرے گا۔ آنحضرت ﷺ اس وقت زرہ پہنے ہوئے تھے۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم باہر تشریف لائے اور مسلما نوں کو خوشخبری دی تو زبان مبارک پر یہ آیت تھی :

سَيُهْزَمُ الجَمْعُ، وَيُوَلُّونَ الدُّبُرَ بَلِ السَّاعَةُ مَوْعِدُهُمْ وَالسَّاعَةُ أَدْهٰى وَأَمَرُّ

(سورۃ القمر: 46۔47)

ترجمہ : ضرور یہ انبوہ کثیر ہزیمت دیا جائے گا اور وہ پیٹھ پھیر جائیں گے ۔بلکہ ان سے انقلاب کی گھڑی کا وعدہ کیا گیا ہے اور وہ گھڑی بہت سخت اور بہت کڑوی ہو گی ۔

ایک اور روایت میں ہے کہ آنحضرت ﷺ نے اس وقت یہ دعا بھی مانگی:

اَللّٰھُمَّ أَنْجِزْ لِي مَا وَعَدْتَنِي اَللّٰھُمَّ آتِنِي مَا وَعَدْتَنِي ا اَللّٰھُمَّ إِنْ تُهْلِكْ هَذِهِ الْعِصَابَةَ مِنْ أَهْلِ الْإِسْلَامِ لَا تُعْبَدُ فِي الْأَرْضِ

(جامع ترمذی أَبْوَابُ تَفْسِيرِ الْقُرْآنِ عَنْ رَسُولِ اللّٰهِ ﷺحدیث : 3081)

ترجمہ : اے میرے رب! مجھ سے اپنا کیا ہوا وعدہ پورا فرما دے، جو کچھ تو نے مجھے دینے کا وعدہ فرمایا ہے، اسے عطا فرما دے، اے میرے رب! اگر اہل اسلام کی اس مختصرجماعت کو تو نے ہلاک کر دیا تو پھر زمین پر تیری عبادت نہ کی جا سکے گی۔

(مر یم رحمٰن)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 19 جنوری 2021

اگلا پڑھیں

الفضل آن لائن 20 جنوری 2021