• 26 اپریل, 2024

سال نو کے آغاز پر دنیا بھر سے موصول ہونے والی رپورٹس (قسط دوم)

سال نو کے آغاز پر دنیا بھر سے موصول ہونے والی رپورٹس
قسط دوم

امریکہ میں سال نو 2022ء کا آغاز

مکرم مولانا شمشاد احمد ناصر۔نمائندہ الفضل آن لائین امریکہ لکھتے ہیں:
یہ محض اللہ تعالیٰ کا فضل ہے کہ جماعت احمدیہ کو ہر موقع پر خلافت احمدیہ کی طرف سے براہ راست راہنمائی ملتی ہے اور تمام احباب جماعت احمدیہ عالمگیر ان ہدایات پر عمل پیرا ہونے کی پوری پوری کوشش کرتے ہیں۔ الحمد للہ ثم الحمد للہ۔

31 دسمبر 2021ء کےخطبہ جمعہ میں جماعت احمدیہ کے روحانی پیشوا حضرت امیر المومنین خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے تمام دنیا کے احمدیوں کو یہ پیغام دیا کہ وہ نئے سال میں دعاؤں کے ساتھ داخل ہوں۔ نیز اس دن کا آغاز نماز تہجد سے کریں اور پھر اس تہجد کو مستقلاً اپنی زندگیوں کا حصہ بنا لیں۔ حضور ایدہ اللہ تعالیٰ کے اس ارشاد کی روشنی میں دنیا میں ہر جگہ جہاں جہاں ممکن تھا اپنی مساجد ،اپنے نماز سینٹرز اور اپنے اپنے گھروں میں سب نے نئے سال کا آغاز نماز تہجد سے کیا۔ الحمد للہ۔

ڈیٹرائٹ: میں نماز تہجد کا اہتمام مسجد محمود میں کیا گیا۔ جس میں احباب و خواتین اور بچے کثیر تعداد میں بڑے ذوق و شوق سے شامل ہوئے۔ اگرچہ شدید سردی اور برفباری کا موسم تھا پھر بھی 90 سے زائد احباب جماعت شامل ہوئے۔ نماز تہجد کی ادائیگی کے بعد مسجد میں موجود تمام احباب نے تلاوت قرآن کریم کی اور پھر نماز فجر باجماعت ادا کی گئی۔ نماز فجر کے بعد خاکسار نے درس دیا۔ درس میں خاکسار نے چند آیات قرآنی (دعاؤں) کی تلاوت کی جو حضرت امیر المومنین ایدہ اللہ تعالیٰ نے اپنے خطبہ جمعہ میں پڑھی تھیں اور جن کے پڑھنے کی تلقین فرمائی تھی۔ ان دعاؤں کے علاوہ بھی چند اور دعائیں اور ان کاترجمہ پڑھا۔ اس کے بعد خاکسار نے سب کو حضورانور کی طرف سے نئے سال کی مبارک باد دی اور اسلام و احمدیت کے غلبہ اور عالم اسلام نیز تمام احمدیوں کے لئے خصوصاً دعا کروائی۔ علاوہ ازیں خلافت کی برکات و اہمیت پر روشنی ڈالی اور نئے سال میں اس عزم کےساتھ داخل ہونے کی تحریک کی کہ وہ اپنے تعلق باللہ کو بڑھائیں۔ اپنے اوقات کو ذکر الٰہی میں گزاریں۔ قرآن کریم کی باقاعدہ تلاوت کریں اور حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ کے خطبات باقاعدگی کےساتھ سنیں۔ نیز حضور کو باقاعدگی سے دعا کے لئے خط لکھا کریں اور MTA دیکھیں۔ نیز اپنے علم کو بڑھائیں اور جہاں جہاں مخالفین احمدیت بدظنی پھیلانے کی کوشش کرتے ہیں ان کے جواب دیں۔ جس کے لئے انہیں حضرت مسیح موعودؑ کی کتب کا مطالعہ کرنا چاہئے اور خصوصاً نوجوانوں کو انگریزی زبان میں جو کتب ہیں ان کا مطالعہ کر کے اپنے علم کو بڑھانا چاہئے۔

اس سے قبل جمعہ کی رات کو خدام الاحدیہ اور اطفال الاحمدیہ نے بھی مسجد میں رات گزاری۔ ان کے پروگرام میں یہ بات خصوصیت کے ساتھ شامل تھی کہ وہ رات ٹھیک بارہ بجے نوافل کی ادائیگی کریں گے، جو انہوں نے کی۔ اور اس کے ساتھ ساتھ پھر نماز تہجد میں بھی شامل ہوئے۔ جمعہ کی رات خاکسار کے ساتھ نماز عشاء کے بعد خدام و اطفال نے سوال وجواب کی مجلس ہوئی۔ یہ مجلس بھی پون گھنٹہ سے زائد رہی۔
اس کے بعد سب کی خدمت میں ناشتہ پیش کیا گیا۔ ناشتہ میں صد رجماعت مکرم مقبول احمد کی سرکردگی میں مکرم نسیم احمد خان اور ان کی ٹیم مبشر مرزا ، مکرم محمود قریشی ، مکرم بشارت وسیم اور دیگر احباب نے نہاری بنائی تھی جو نانوں کے ساتھ پیش کی گئی اور مٹھائی کے طور پر بقلاوا پیش کیا گیا۔ الحمد للہ۔

کولمبس: صدر جماعت رفیع احمد ملک صاحب نے رپورٹ دی کہ اوہایو اسٹیٹ میں کرونا کے کیسز بڑھ رہے ہیں جس کی وجہ سے انہوں نے مسجد میں ایک محدود تعداد میں خصوصاً جنہوں نے ابھی ویکسین نہیں لگوائی کو آنے کی اجازت نہیں دی اور ایسے لوگوں نے خصوصاً گھروں میں نماز باجماعت کر کے اپنے نئے سال کا آغاز کیا۔ مسجد میں نماز تہجد اور نماز فجر ادا کرنے والوں کی حاضری 36 تھی۔ وہاں پر بھی نماز تہجد کے بعد موجود احباب نے تلاوت قرآن کریم کی اور پھر نماز فجر کی باجماعت ادائیگی ہوئی۔ نماز فجر کے بعد درس بھی دیا گیا۔

ڈیٹن بھی اوہایو اسٹیٹ میں ہے اس لئے یہاں پر بھی محدود تعداد میں لوگ فضل عمر مسجد میں نماز تہجد کے لئے تشریف لائے۔ جنرل سیکرٹری ذکی احمد صاحب کی رپورٹ کے مطابق 15 مرد اور 8 خواتین شامل ہوئے۔ الحمد للہ۔ فضل عمر مسجد جو ڈیٹن کی مسجد ہے امریکہ کی اولین مساجد میں سے ہے جو مکرم میجر عبدالحمید مرحوم کے دور میں بنی تھی۔ نماز تہجد، نماز فجر اور درس بھی ہوا۔ الحمد للہ۔ یہ رپورٹ صرف خاکسار کے ریجن کی جماعتوں کی ہے ور نہ امریکہ میں خداتعالیٰ کے فضل سے ہر جگہ ہر مسجد میں نماز تہجد کا اہتمام ہوا اور احباب دعائیں کرتے ہوئے نئے سال میں داخل ہوئے اور حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی ہدایت کی روشنی میں ہر جگہ نماز تہجد سے اپنے سال نو کا آغاز کیا۔

الحمد للہ۔

آسٹریا میں سال نو 2022ء کا آغاز اور جماعت احمدیہ کی مساعی

مکرم مبارک احمد فرخ (نیشنل سیکرٹری) جماعت ا حمدیہ ۔آسٹریا لکھتے ہیں :
سال 2021 ءکا سورج غروب ہوا اور 2022ءکا سورج نئی امنگیں اور امیدیں لئے طلوع ہوا۔ نئے سال کو دنیا بھر کے ممالک اور اقوام میں مختلف طریق پر خوش آمدید کہا جاتا ہے۔ دنیا کے غریب ممالک میں جہاں بھوک وافلاس کے ڈیرے ہیں اسی دنیا کے امیر ممالک نئے سال کے آغاز پر کروڑ ہا روپیہ چند منٹ کے مزے اور تماشے کےلئے پٹاخوں اور آتش بازی میں اُڑا دیتے ہیں۔جس سے فضائی آلودگی بڑھتی ہے اور بیشمار حادثات بھی رونما ہورہے ہوتے ہیں۔ ایسے میں اللہ تعالیٰ کے فضل سے احمدی احباب نئے سال کا استقبال ذرا مختلف انداز میں دنیا کو پیار ، محبت اور بھائی چارے کا پیغام دے کر ،اللہ تعالیٰ کی حمد و ثناسے دن کا آغاز کرکے، دیگر مذاہب کے ماننے والوں کیلئے نیک تمناؤں کے پیغامات پہنچا کر کرتے ہیں ۔ یہ اللہ تعالیٰ کا خاص فضل ہے کہ اس نے ہمیں احمدیت سے وابستہ کیا جو خلیفۃ المسیح کی دعاؤں اور رہنمائی سے اس قسم کی بیشمار فضول رسموں اوربیکار روشوں کے طوق سے نہ صرف آزاد ہیں بلکہ تعمیری سوچ اور مثبت عمل کیساتھ رواں سال کا اختتام اور نئے سال کا استقبال کرتے ہیں ۔

دیگر ممالک کی طرح آسٹریا کے احمدی بھی نئے سال کے آغاز میں مختلف پروگرامز ترتیب دیتے ہیں۔ حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی طرف سے سال نو کے آغاز پر تہجد اور دعاؤں کی تحریک بذریعہ صدران جماعت احباب جماعت تک پہنچائی گئی۔

مجلس خدام الاحمدیہ نے 31 دسمبر کی رات نماز عشاء کے بعد ایک مشاعرے کا اہتمام کیا ۔ جس میں مختلف شہروں سے احباب تشریف لائے اور بذریعہ زوم بھی شامل ہوئے۔

یکم جنوری2022ء کو نئے سال کا آغاز اللہ تعالیٰ کے حضور سجدوں سے کیا گیا اور نماز تہجد ادا کی گئی۔ جس کیلئے بیت الطاہر ویانا میں اجتماعی نماز تہجد کا اہتمام کیا گیا تھا اورویانا کے صدران جماعت وقائدین خدام الاحمدیہ کے ذریعہ اس پروگرام کی اطلاعات کروائی گئی تھیں اور مسجد میں رات قیام کا بھی انتظام کیا گیا۔ تاکہ جو احباب فاصلہ پر رہتے ہیں وہ مسجد میں قیام کریں اور برقت نماز تہجد میں شامل ہوسکیں۔

حسبِ پروگرام صبح 5بجکر 55منٹ پرمحمد اشرف ضیاء صاحب مبلغ انچارج ونیشنل صدر کی امامت میں نماز تہجد ادا کی گئی ۔ بعد ازاں تھوڑے توقف سے نماز فجر ادا کی گئی ۔ مکرم مبلغ انچارج صاحب نے درس بھی دیا کہ نئے سال کا آغاز کیسے کیا جائے۔ اس حوالے سے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے ارشادات کی روشنی میں نصائح سے نواز اور حضور انور نے جو دعائیں بتائیں ہیں ان کو دہرانے کی تحریک کی۔ نیز توجہ دلائی کہ تمام احمدی بھائیوں کو اپنی دعاؤں میں یاد رکھیں۔ آمدہ رپورٹس کے مطابق جن جماعتوں اور مجالس میں نماز تہجد ادا کی گئیں ان میں جماعت طاہر ویانا، جماعت ناصر ویانا، جماعت Linz ، مجلس کلاگنفرٹ ، مجلس انسبرک اور مجلس سالزبرگ شامل ہیں۔ اس ضمن میں صدران اور قائدین نے خصوصی رابطوں اور محنت سے اطلاعات کروائیں اوراپنی اپنی جماعتوں اور مجالس میں تہجد کا اہتمام کروایا۔ اللہ تعالیٰ سب کی کوششوں کو قبول فرمائےاور مقبول خدمات کی توفیق عطا فرماتا چلا جائے۔
ویانا اور Linzکی جماعتوں میں فجر کی نماز کے بعد ناشتہ کا بھی خصوصی اہتمام کیا گیا تھا۔ بیت الطاہر ویانا میں مجلس خدام الاحمدیہ آسٹریا کی طرف سے اطفال ، خدام اور انصار کیلئے خصوصی طور پر حلوہ پوری کا ناشتہ پیش کیا۔ اس کے بعد مختلف ٹیمیں وقار عمل کے لئے روانہ ہوگئیں۔ اس ضمن میں مجلس خدام الاحمدیہ نے پہلےسے ہی متعلقہ سامان کی خریداری ، متعلقہ محکموں سے وقار عمل کرنے کی اجازت اور ٹیموں کی تشکیل تک تمام تیاریاں مکمل کر لی تھیں ۔ امسال چار شہروں کے پانچ مختلف مقامات پر وقار عمل کئے گئے۔

انسبرک ، ویانا اور Eisenstadt کے شہروں میں مجلس خدام الاحمدیہ اور St. Pölten میں مجلس انصار اللہ کے ممبران نے وقار عمل کے ان پروگراموں میں حصہ لیا۔

پولینڈ میں سال نو2022ء کا آغاز

مکرم منیب احمد۔ پولینڈ سے لکھتے ہیں :
حضورِ انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے اپنے خطبہ جمعہ فرمودہ 31 دسمبر 2021 ءمیں احباب جماعت کو نصیحت فرمائی کہ:
نئے سال میں دعاؤں کے ساتھ داخل ہوں۔ تہجد کا بھی خاص اہتمام کریں ، بعض مساجد میں ہو بھی رہا ہےباقی جہاں نہیں ہے وہاں بھی کرنا چاہیے۔

اللہ تعالیٰ کہ فضل سے جماعت احمدیہ پولینڈ کو اپنے خلیفہ سے وفا کرتے ہوئے پہلی بار باجماعت نماز تہجد کا پروگرام ترتیب پانے کی توفیق ملی۔

اس حوالہ سے یکم جنوری 2022ء کو وارسا شہر کہ مرد و خواتین اس پروگرام میں شامل ہوئے۔ مرتب شدہ پروگرام کے مطابق 05:30 منٹ پر نمازِ تہجد کا آغاز ہوا۔ 06:10 منٹ پر اذان دی گئی اور نماز فجر باجماعت ادا کی گئی۔ نماز کہ بعد درس القرآن دیا گیا۔ جو لوگ وارسا سے باہر شہروں میں مقیم تھے انہوں نے اپنے گھروں میں نماز تہجد کا التزام کیا۔ الحمدللہ! پولینڈ کے سب افراد جماعت کو دعاؤں کے ساتھ نئے سال میں داخل ہونے کی توفیق ملی۔ اللہ تعالیٰ کرے کہ حضورِ انور کی رہنمائی کے مطابق تہجد ہم سب کی زندگیوں کا مستقل حصہ بن جائے۔ آمین

لٹویا میں دعاؤں اور تہجد سے
سال نو 2022ء کا آغاز

مکرم بشارت احمد شاہدؔ ۔مبلغ سلسلہ ونمائندہ الفضل آن لائن ، لٹویا لکھتے ہیں:
حضرت امیرالمؤمنین ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے اپنے خطبہ جمعہ فرمودہ 31 دسمبر 2021ء میں احباب جماعت کو سال نَو کی مبارکباد دیتے ہوئے افراد جماعت کو دعاؤں اور نماز تہجد کی طرف متوجہ کرتے ہوئے فرمایا:۔
’’… نئے سال میں دعاؤں کے ساتھ داخل ہوں، تہجد کا بھی خاص اہتمام کریں۔ بعض مساجد میں ہو بھی رہا ہے باقی جہاں نہیں ہے وہاں بھی کرنا چاہئے۔ انفرادی طور پر، اگر اجتماعی طور پر نہیں تو انفرادی طور پر بھی اور گھروں میں بھی تہجد کی نماز ضرور خاص طور پر ادا کرنی چاہئے، دعا کرنی چاہئے۔ اول تو یہ مستقل عادت ہونی چاہئے لیکن کل سے جب پڑھیں یا آج رات سے تو اس کو بھی کوشش کریں کہ مستقل حصہ زندگیوں کا بن جائے۔ اللہ تعالیٰ اس کی توفیق بھی دے سب کو۔‘‘

اللہ تعالیٰ کے فضل سے دنیا ئے احمدیت کے دوسرے ممالک کی طرح جماعت احمدیہ لٹویا نے بھی اپنے a امام ایّدہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے اس ارشاد پر لبیک کہتے ہوئے دعاؤں اور نماز تہجد کے ساتھ سال نَو کا آغاز کیا۔ احباب جماعت کی رہائش گاہیں مشن ہاؤس سے کچھ زیادہ دُور ہونے کی وجہ سے نماز تہجد باجماعت کا پروگرام تو نہیں رکھا جاسکا۔ تاہم احباب جماعت نے اللہ تعالی کے فضل سے ہمیشہ کی طرح اطاعت خلافت کا شاندار نمونہ پیش کیا اور وہ دعاؤں اور نوافل کی ادائیگی کے ساتھ نئے سال میں داخل ہوئے۔ بعض دوستوں نے اپنی رہائش گاہوں کےآس پاس ہونے والی آتش بازی کا نظارہ کرنے کی بجائے عبادت الٰہی اور نوافل ادا کرتے ہوئے نئے سال میں داخل ہونے کا فیصلہ کیا۔ اس طرح انہوں نے 31دسمبر 2021ء کی رات 12 بجے سے چند لمحے پہلے نوافل کی ادائیگی شروع کی اور دوران نماز ہی وہ نئے سال میں داخل ہوئے۔ جہاں دنیا کے لوگ لہو ولعب اور بیہودہ قسم کی حرکات وسکنات کے ساتھ نئے سال میں داخل ہورہے تھے وہاں غلامان مسیح محمدی اور شمع خلافت کے پروانے اپنے آقا و مرشد حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ کی طرف سے چند ساعتیں قبل کی گئی نصائح پر سمعنا واطاعنا کہتے ہوئے ذکر الٰہی، دعاؤں اور استغفار کے ساتھ سال نَو کی صبح نَو کو خوش آمدید کہہ رہے تھے۔ الحمد للہ۔ اگلے روز صبح واٹس اَپ پر رابطہ کرکے احباب جماعت سے جماعتی طور پریہ رپورٹ حاصل کی گئی۔اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ یہ نیا سال جماعت احمدیہ عالمگیر اور حضرت امیرالمؤمنین ایّدہ اللہ تعالی بنصرہ کے لئے ہر لحاظ سے بابرکت فرمائے اور ہم سب کو خلافت احمدیہ کا ایک جانثار، فدائی اورسچا مطیع وفرمادار، نیز خلافت کا سلطان نصیر بنائے اور ہمارے امام ایّدہ اللہ ہمیشہ ہم سے راضی ہوں۔ آمین

زیمبیا میں سال نو 2022ء کا آغاز

مکرم محمد جاوید ۔مبلغ سلسلہ لوساکا، زیمبیا لکھتے ہیں:
حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی آواز پر لبیک کہتے ہوئےمختلف اضلاع کی شہری اور دیہاتی جماعتوں میں نئے سال کا آغاز باقاعدہ نماز تہجد، صدقہ و خیرات اور حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ کی بیان فرمودہ دعاؤں سے کیا گیا۔جماعت احمدیہ زیمبیا کے مرکزی سینٹرز لوساکا، پٹوکے اور پمبا میں جماعتی مساجد میں نماز تہجد کا اہتمام کیا گیا علاوہ ازیں مختلف شہروں اور دیہاتوں میں قائم جماعتی سینٹرز میں بھی نماز تہجد ادا کی گئی۔ سال نو کے آغاز پر اجتماعی و انفرادی تہجد پڑھنے والوں کی تعداد 125رہی۔ اسی طرح حضور انور کی تحریک کردہ دعاؤں کو پرنٹ کروا کر احباب جماعت تک پہنچایا جا رہا ہے اور دعائیں زبانی بھی یاد کروائی جا رہی ہیں۔ دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ اس نئےسال کو جماعت کے لیے خیر و برکت کا باعث کرے اور جماعت احمدیہ حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی قیادت با سعادت میں ترقیات کی نئی سے نئی منازل طے کرتی چلی جائے۔ آمین۔

سرینام میں سال نو 2022ء کا آغاز

مکرم لئیق احمد مشتاق ۔مبلغ سلسلہ و نمائندہ روزنامہ الفضل آن لائن،سرینام لکھتے ہیں:
سرینام محل وقوع کے لحاظ سے جنوبی امریکہ کے اس حصے میں ہے کہ یہاں نماز جمعہ ہمیشہ لندن کی نماز سے تین گھنٹے بعد ہوتی ہے۔ اس لئے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے بیان فرمودہ خطبہ جمعہ کا خلاصہ اور تازہ ہدایات اسی دن افراد جماعت تک پہنچانے کی توفیق مل جاتی ہے۔

حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے اپنے خطبہ جمعہ فرمودہ 31دسمبر 2021ء کے آخر میں جماعت ہائےعالمگیر کونئے سال کا آغازتہجد اور دعاؤں سے کرنے کی نصیحت فرمائی۔ چنانچہ خاکسار نے خطبہ جمعہ میں نماز تہجد کی ادائیگی کے ارشاد کے ساتھ ساتھ وہ دعائیں جن کی پڑھنے کی حضور انور نے نصیحت فرمائی حاضرین تک پہنچائیں۔

سرینام میں 31دسمبر کو عام تعطیل ہوتی ہے، اس لئے بفضل خدا جمعہ کی حاضری اچھی تھی۔ بعد ازاں یہ دعائیں معہ ترجمہ جماعت کے ایپ گروپ پہ شیئر کیں، اس گروپ میں پچاس سے زائد ممبران شامل ہیں۔ کرونا وبا کی وجہ سے روزانہ رات 9بجے سے صبح 5بجے تک ٹوٹل لاک ڈاؤن ہوتا ہے، اس لئے مسجد میں اجتماعی نماز تہجد کا انعقاد ممکن نہ تھا، لیکن افراد جماعت کو گھروں میں باجماعت یا انفرادی طور پر تہجد پڑھنے کی تلقین کی گئی، اور خدا تعالیٰ کے فضل سے دس گھروں میں پچاس سے زائد افراد جماعت نے نئے سال کا آغاز نماز تہجد سے کیا۔مولاکریم یہ سال افراد جماعت احمدیہ عالمگیر کے لئے ہر لحاظ سے بابرکت فرمائے۔

لائبیریا میں سال نو2022ء کا آغاز

مکرم فرخ شبیرلودھی۔ نمائندہ الفضل آن لائن، لائبیریا لکھتے ہیں:
سیدنا حضرت اقدس مسیح موعود علیہ السلام ہمیں خداتعالیٰ سے قریب کرنے اور ایک دوسرے کی ذمہ داریوں کی ادائیگی کی طرف توجہ دلانے کے لئے مبعوث کئے گئے۔ اللہ تعالی کے فضل سے جماعت احمدیہ یوں تو سارا سال ہی آپ علیہ السلام کے مشن کی تکمیل کے لئے دنیا کو خدائے واحد کی طرف بلانے اور خدمت انسانیت میں مصروف رہتی ہے لیکن سال نو کے آغاز کے موقع پر اس کی ایک خوبصورت جھلک ہمارے دیکھنے میں آتی ہے۔ احباب جماعت عالمگیر دنیاوی رسم و رواج سے لاتعلق ہو کرخداتعالیٰ کے آگے جھکتے ہوئے انفرادی و اجتماعی نماز تہجد کی ادائیگی اور دعاؤں سے نئے سال کا استقبال کرتے ہیں۔ بالخصوص بچے اور نوجوان اپنی گلی،محلوں اور شہروں کی صفائی کے لئے مختلف پروگرامز مرتب کرتے ہوئے وطن سے محبت کاوالہانہ اظہاربھی کرتے ہیں۔

امسال بھی مجلس خدام الاحمدیہ لائبیریا کو حضورانور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العریز کے ارشاد مبارک کی روشنی میں مختلف جماعتوں میں اجتماعی نماز تہجد اور وقار عمل کے پروگرامز منعقد کرنے کی توفیق ملی۔

الحمد للّٰہ علی ذلک۔

اس سلسلہ میں قابل ذکر مساعی مجلس خدام الاحمدیہ منروویا کی رہی ۔ پروگرام کے مطابق خدام نماز تہجد کی ادائیگی کے لئے بیت المجیب (نیشنل ہیڈکواٹرزجماعت احمدیہ لائبیریا) جمع ہوئے۔

مکرم مشہود احمد خالد (مربی سلسلہ) نے چار بج کر تیس منٹ پر نماز تہجد کی امامت کروائی اور حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی تحریک کردہ دعاؤں کو نماز کا حصہ بنایا۔ نماز تہجد و فجر کی ادائیگی کے بعد 7 بجے وقار عمل کا باقاعدہ آغاز مکرم نوید احمد عادل امیرومشنری انچارج لائبیریا نے دعا سے کیا۔ معاً بعد Mr.Jones Annan نائب امیر اوّل نے مختصر سی تقریب منعقد کی جس میں خدام الاحمدیہ کی طرف سے تحفةً دیئےگئے 50 جھاڑو 3 بیلچے اور 3 ٹرالیاں Director General Monrovia City Cooperation Mr. Frederick کے سپرد کیں۔ جس پر انہوں نے جماعت احمدیہ کے خدمت انسانیت کے کاموں کو سراہتے ہوئے کہا کہ آپ ہر سال ہی ہماری مدد کرتے ہیں جس پر میں اپنے ادارہ کی طرف سے تہہ دل سے آپ کا ممنون ہوں۔ اس کےبعد 40 افراد پر مشتمل خدام کو دو گروپس منقسم کیا گیا جبکہ 6 خدام کو آب رسانی اور ناشتہ کی تیاری کی ذمہ داری سونپی گئی۔خدام نے بیت المجیب کے اطراف میں موجود دوسڑکیں UN Drive اورCarey Street،جن کی کل لمبائی 3 کلومیٹر بنتی ہے،پر بڑی محنت اور لگن سے سڑک اور اطراف پر پائے جانے والے ہر طرح کےکچرے،جس میں گھروں سے باہر پھینکےجانےوالا کوڑاکرکٹ بھی شامل تھا، کو بڑی خوش دلی سے اٹھایا۔ جس کا مجموعی وزن تقریباً ڈیڑھ ٹن بنتا ہے۔ جو لوکل کارپوریشن کے تعاون سے پِک اَپ ٹرکس میں ساتھ ساتھ مخصوص مقام پرمنتقل کیا جاتا رہا۔ اس موقع پرتمام شاملین خدام الاحمدیہ کی مخصوص سیفٹی جیکٹس میں ملبوس تھے جس سے جماعت کا تعارف بھی ہوتا رہا۔راہگیراور گھروں کے بالکونی پر موجود افراد ان کی تعریف کئے بغیر نہ رہ سکے اور God Bless You, Thank you, You are doing a great job جیسےدعائیہ اور تعریفی کلمات سے خدام کوخراج تحسین پیش کرتے رہے۔

وقار عمل کے دوران مکرم مرزا عمر احمد مبلغ انچارج مونٹسیراڈوکاؤنٹی اور مکرم ڈاکٹر عبدالحلیم صدر مجلس انصاراللہ بھی خدام کی نہ صرف راہنمائی اور حوصلہ افزائی کرتے رہے بلکہ وقار عمل میں بھی بھرپور طریقہ سے شمولیت اختیار کی۔ وقار عمل تین گھنٹے جاری رہ کردس بجے اختتام پذیر ہوا۔اس میں 46 خدام 4 اطفال اور8 انصار شامل ہوئے۔

بعدازاں تمام شاملین وقارعمل بشمول ڈائریکٹرجنرل لوکل کارپوریشن اوردیگر سرکاری ملازمین کی ناشتہ سے تواضع کی گئی۔ناشتہ سے فراغت کےبعد مکرم سرفرازاحمد صدر مجلس خدام الاحمدیہ نے محترم امیر صاحب لائیبریا،صدر مجلس انصاراللہ اور تمام خدام و انصارکے تعاون کا شکریہ ادا کیا اورآئندہ کے لئے پہلے سے بڑھ کرخدمت کے جذبہ سے کام کرنے کے عزم کا اظہار کیا اور خدام سے تعاون کی درخواست کی۔

آٹھ کاؤنیٹز سےموصولہ رپورٹس کے مطابق کل 18 جماعتوں میں باجماعت نماز تہجد ادا کی گئی جس کی کل حاضری 160 تھی اور10 مقامات پر وقار عمل ہوا جس میں کل 180 افراد نے شمولیت کی توفیق پائی۔

فجزاھم اللّٰہ تعالیٰ احسن الجزاء۔

اللہ تعالیٰ آنے والے سال کو افراد جماعت کے لئے،جماعت کے لئے من حیث الجماعت ہر لحاظ سے بابرکت فرمائے اور ہر قسم کے شر سے محفوظ رکھے آمین۔

بنگلہ دیش میں سال نو 2022ء کا آغاز

مکرم نوید احمد لیمن (نمائندہ الفضل آن لائن)۔ بنگلہ دیش لکھتے ہیں:
حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے خطبہ جمعہ فرمودہ 31 دسمبر 2021ء کی روشنی میں جماعت احمدیہ بنگلہ دیش میں سال نو کا آغاز دعاؤں اور تہجد سے کیا گیا۔ ملک بھر میں باجماعت نماز تہجد کا اہتمام کیا گیا تھا اور انفرادی طور پر بھی احباب جماعت نے نماز تہجد ادا کی۔ بنگلہ دیش میں شدید سردی کا موسم ہونے کے باوجود ایک کثیر تعدادنے بڑی خوشی اور جوش کے ساتھ حضور انور کی ارشاد کی تعمیل میں نماز تہجد ادا کی۔ درود شریف، استغفار اور جو دعائیں پڑھنے کا ارشاد حضور اقدس کی جانب سے 31دسمبر کو دیے گئے خطبے میں ہوا تھا، فوری طور پر بنگلہ زبان میں ترجمہ کروا کر خطبہ جمعہ ختم ہونے سے قبل ہی ملک بھر میں جماعتی WhatsApp گروپس کے ذریعہ پہنچایا گیا۔ اللہ تعالیٰ نئے سال کو احباب جماعت کے لئے بابرکت ثابت کرے، جماعت کو ہر قسم کے شر سے محفوظ رکھے اور جماعت کے خلاف دشمن کے جو منصوبے ہیں انہیں خاک میں ملا دے۔

آمین۔

کونگو کنشاسا میں سال نو 2022ء کا آغاز

اطاعت امام ہمیشہ سےجماعت احمدیہ کا طرہ امتیاز رہا ہے۔ خلیفہ وقت کی آواز کان میں پڑتے ہی ہر احمدی اس پر لبیک کہنے میں سابقون الاولین میں شمار ہونا چاہتا ہے۔ اطاعت امام کے یہ نمونے عالم احمدیت سے باہر نا پید ہیں۔ یہ وہ انقلاب ہے جو خدائے بزرگ و برتر نے حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے ذریعہ پیدا کیا ہے۔ سال 2021ء کے اختتام پر حضور انور ایدہ اللہ بنصرہ العزیز کےارشاد کےمطابق جماعت احمدیہ کونگو کنشاسا کو ملک کے طول و عرض میں نماز تہجد انفرادی و اجتماعی ادا کرنے کی توفیق ملی۔ فالحمد للّٰہ علیٰ ذلک۔

حضور انور ایدہ اللہ کا خطبہ ختم ہوتے ہی مکرم خالد محمود شاہد (امیر و مبلغ انچارج) کونگو کنشاسا کی طرف سے ایک سرکلر ساری جماعتوں کو بھجوایا گیا جس میں جہاں تک ممکن ہو اجتماعی اور انفرادی تہجد کا انتظام کرنے کی تلقین کی گئی۔

کنشاسا ریجن میں Barumbu, Masina ,Ndjili, Bita اور Selembao جماعتوں میں اجتماعی تہجد کا اہتمام کیا گیا۔ اس کے علاوہ احباب و خواتین کی ایک بڑی تعداد نے انفرادی تہجد ادا کی۔

Bandundu ریجن میں 09جماعتوں میں اجتماعی تہجد کا اہتمام کیا گیا۔ان میں مسجد نور ،معلم ہاؤس Bandundu اور Mushi, Machambio, Bemu, Bagata, Nioki, Bisiala اور Camp Banku شامل ہیں۔ Kikwit ریجن میں 51جماعتوں میں اجتماعی تہجد کا اہتمام کیا گیا۔کل 233احباب و خواتین نے اجتماعی تہجد پڑھی اور 110 نے انفرادی تہجد ادا کی۔Matadiریجن میں بھی نماز تہجد اجتماعی اور انفرادی کا اہتمام کیا گیا۔کل 5جماعتوں میں نماز تہجد اجتماعی اور انفرادی ادا کی گئی۔اور کل 75احباب و خواتین نے نماز تہجد ادا کی۔

Kanangaریجن میں دس جماعتوں میں اجتماعی تہجد ادا کی گئی اور انفرادی طور پر بھی احباب جماعت نے تہجد ادا کی ۔اس طرح اس ریجن میں کل 160افرد جماعت کو حضور انور کے ارشاد کے تحت نماز تہجد کی ادائیگی کی توفیق ملی۔ Inongo اور Bukavu ریجن میں میں بھی احباب جماعت نے انفرادی اور اجتماعی تہجد کا اہتمام کیا۔ اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ جماعت احمدیہ کو ہمیشہ خلافت سے اطاعت اور وفا کا تعلق استوار رکھنے کی توفیق عطا فرمائے اور حضور انور کو صحت و سلامتی والی عمر دراز عطا فرما ئے آمین۔

یوکرائن میں سال نو 2022ء کا آغاز

مکرم عدنان احمد چیمہ (نمائندہ الفضل آن لائن) یوکرائن لکھتے ہیں :
20 اگست 1985ء کو حضرت خلیفۃ المسیح الرابع نے اپنے خطبہ جمعہ میں نیو ائیر کی ایک رات کا تذکرہ کیا جو آپ کو بوسٹن اسٹیشن پر پیش آئی،جب سارا شہر بے حیائی میں مصروف تھا تو اس وقت آپ اسٹیشن پر اخبار بچھا کر نوافل ادا کرنے لگے ۔جس منظر نے ایک بوڑھے انگریز کو رولا دیا اور وہ God blessYou کی دعا دینے لگا ۔یہ قصہ ہم سب نے بہت مرتبہ سنا ہے اور اکثر نے اس طرز عمل کو اپنانے کی کوشش بھی کی ہے۔ سالہا سال سے جماعت میں کوشش کی جاتی ہے کہ اس عمل کو اپناتے ہوئے نوافل و تہجد وصدقہ و خیرات کے ساتھ نئے عہد و پیمان اپنے محبوب معبود کے ساتھ باندھتے ہوئے نئے سال کا آغاز کیا جائے اور حتی المقدور اس بے سکون دنیا کو دکھایا جائے کہ اصل سکون کہاں ہے ۔ انسان کی ساری زندگی سکون حاصل کرنے کی دوڑ میں گزر جاتی ہےلیکن بد قسمت اس کو پا نہیں سکتا۔ اس کی بڑی وجہ توازن کھو دینا ہے۔ اللہ تعالیٰ نے کائنات کو متوازن بنا کر بتایا ہے کہ ہر چیز تب قائم رہ سکتی ہے اگر اس میں توازن ہےتو۔حدیث شریف میں ہے :

’’خیر الامور اوسطھا‘‘

جب جب انسان افراط و تفریط کا شکار ہوا ہے وہ بے سکون ہوا ہے۔ آج اپنے آپ سے شروع کر کے اگر ساری دنیا پر نگاہ دوڑاتے ہیں تو کہاں ہے یہ توازن اور اگر کہیں ہے تو وہاں سکون بھی ہے۔ امیدوں کے سمندر میں گناہوں کی سرکش لہروں میں انسان سکون کی تلاش میں الجھا ہوا ہے اور اس منجدھار سے نکلنے کی خواہش کے باوجود اس سے نکلنے کی صورت نظر نہیں آتی۔ عجیب دھوکے کا شکار ہے یہ بیچارہ انسان جیسے دشت میں ہرن سراب کا شکار۔ کسی نے کیا خوب کہا ہے :

؎اس سراب و رنگ و بو کو گلستاں سمجھا ہے تو
آہ اے ناداں قفس کو آ شیاں سمجھا ہے تو

اللہ تعالیٰ کا بڑا احسان ہے کہ ہمیں خلافت جیسی نعمت خداوندی نصیب ہے۔ اللہ تعالیٰ پیارے امام کو صحت و سلامتی والی لمبی اور فعال زندگی سے نوازے آمین۔ خلافت کے طفیل اللہ تعالیٰ ہمیں حقیقی سکون پانے کی راہ دکھلاتا رہتا ہے اور جماعت احمدیہ عالمگیر اس پر عمل کرنے کی بھرپور کوشش کرتی ہے۔ اللہ تعالیٰ کے خاص فضل سے یوکرائن میں جو ایک سابقہ روسی ریاست ہے میں ایک نئے دور کا آغاز ہوا ہے۔ سال 2022ء کی آمد ایک نئے سنگ میل کی دستک ہے۔ اللہ تعالیٰ کے فضل سے مکرم اظہر اقبال 11دسمبر 2021ء میں بطور مربی سلسلہ یوکرائن تشریف لائے اور ان کی رہنمائی میں نئے سال کو خوش آمدید کہنے کا جولائحہ عمل تیار ہوا وہ یوکرائن کی تاریخ میں پہلی بار ہوا اور یہ ایک بڑا سنگ میل ہے۔

30 دسمبر 2021ء کو ساری جماعت نے اجتماعی نفلی روزہ رکھا۔ اگلے روز 31 دسمبر 2021ء کو نماز سینٹر میں نماز جمعہ کی ادائیگی ہوئی اور سب احباب کو توجہ دلائی گئی کہ حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا لائیو خطبہ سنیں۔ شام کو سات بجے نماز مغرب و عشاء کی باجماعت ادائیگی کے بعد ایک اجلاس رکھا گیا جس میں رشین ڈیسک کے انچارج مکرم رانا خالداحمد نے آن لائن لندن سے شرکت فرمائی اور قیمتی نصائح سے نوازا۔ اجلاس میں جو دوست نماز سینٹر میں حاضر تھے ان سب نے براہ راست شمولیت کی جبکہ دوسرے شروں میں رہنے والے آن لائن شامل ہوئے۔ اجلاس میں لجنہ نے بھی آن لائن شرکت کی۔ بعد ازاں حاضر احباب نے مل کر کھانا کھایا۔

یکم جنوری 2022ء کو رات 12 بجے نوافل ،دعا اور صدقات سے نئے سال کو خوش آمدید کہا گیا۔ پہلی مرتبہ یوکرائن کے نماز سینٹر میں باجماعت نمازتہجد اور نماز فجر ادا کی گئی اور پہلی مرتبہ فجر کی اذان دی گئی۔ اذان کی سعادت خاکسار کو نصیب ہوئی۔ الحمدللہ علی ذالک۔ بعدازاں پہلی بار نماز باجماعت نماز ادا کی گئی اور نماز کے بعد پہلا درس مکرم اظہر اقبال (مربی سلسلہ) نے دیا اور اجتماعی دعا کروائی۔ اجتماعی دعا سے پہلے حضور اقدس نے جو جمعہ کے موقعہ جو ہدایات فرمائی تھی وہ دوبارہ پیش کی گئی اور جن دعاؤں کی طرف حضور نے توجہ دلائی تھی ان کو سب نے مل کار دہرایا۔ بعد ازاں سب نے مل کر ناشتہ کیا۔ہماری چھوٹی سی جماعت اللہ تعالیٰ کی نہایت مشکور و ممنون ہے جس نے ہمیں یہ توفیق عطا فرمائی۔الحمدللّٰہ۔

اللہ تعالیٰ ساری جماعت کے لیے نیا سال بہت مبارک کرے اور ہر طرف سے پیارےحضور کو ٹھنڈی اور معطر ہوائیں پہنچتی رہیں اور جماعت کے لیے ہر دن چڑھے مبارک ہر شب بخیر گزرے۔ آمین

گلاسگو، اسکاٹ لینڈ میں سال نو 2022ء کا آغاز

مکرم عبدالغفار عابد۔ نمائندہ الفضل اسکاٹ لینڈ لکھتے ہیں:
اسکاٹ لینڈ کے شہر گلاسگو میں واقع احمدیہ مسجد بیت الرحمان میں نئے سال کا آغاز امسال بھی حسب سابق نماز تہجد سے ہی ہوا۔ جس میں جماعت کے افراد نے ذوق و شوق سے حصہ لیا۔ برسوں سے گلاسگو جماعت کی یہ روایت چلی آ رہی ہے کہ خاص اہتمام کے ساتھ ممبران جماعت احمدیہ نماز تہجد سے دن کا آغاز کرتے ہیں۔ پھر فجر کی نماز اور قرآن شریف کے درس کے بعد مسجد سے ملحقہ علاقہ میں مقامی کونسل کے تعاون سے گلی کوچوں اور سڑکوں میں صفائی کا اہتمام کیا جاتا ہے۔ جس میں بعض دفعہ مقامی کونسلر اور ممبران پارلیمنٹ بھی شوق سے شرکت کرتے رہے ہیں۔ صفائی کے کام سے فارغ ہو کر اس سال شرکت کرنے والوں کی تواضع ناشتہ سے کی گئی۔ اس موقع پر لی گئی چند تصاویر منسلک ہیں۔

امسال کرونا وباء کی وجہ سے جماعت کے محدود لوگوں کو مسجد آنے کی اجازت تھی اس لئے باقی افراد جماعت نے اپنے افراد خانہ کے ساتھ گھروں میں ہی نماز تہجد سے نئے سال کا آغاز کیا۔

(ترتیب و پروف: در ثمین احمد آصف۔ جرمنی)

پچھلا پڑھیں

اطاعت امام میں معروف کی شرط کا مطلب اور حکمت

اگلا پڑھیں

ارشاد باری تعالیٰ