• 27 اپریل, 2024

ایڈیٹر کے نام خط

مکرمہ درثمین احمد۔ جرمنی سے لکھتی ہیں:
موٴرخہ 7؍جنوری 2023ء کے اداریہ کے تحت صفیہ بشیر سامی صاحبہ کی تحریر ’’دو دن کی ہے کہانی نفرت سے نہیں جینا‘‘ بہت موثر اور حقیقت پرمبنی تحریر ہے۔ آپ نےمحترمہ کی تحریر کو بنیاد بناتے ہوئے نہایت عمدگی سے ہماری توجہ روز مرہ کے معاشرتی مسائل اور ان کے آسان حل کی جانب مبذول کروائی ہے۔ یہ بات درست ہے کہ مثبت سوچ اور رویے بہت سے مسائل کا حل ہیں مگر ہم میں سے اکثریت جانتے بوجھتے ہوئے بھی بسا اوقات معمولی باتوں پررنجشوں کو دل میں پال کر اپنی زندگی کے کئی قیمتی لمحات ضائع کردیتے ہیں جن کو اگنور کرکے بھی ہم بہت اچھی زندگی گزار سکتے ہیں۔ اللہ تعالیٰ ہمیں صلح جو، محبت بانٹنے اور معاف کرنے کی عادات کو اپنانے والا بنائے۔ آمین

مکرمہ خالدہ نزہت۔ آسٹریلیا سے لکھتی ہیں:
آپ کی ساری ٹیم اور قارئین الفضل کو نیا سال مبارک ہو۔ نئے سال کے آغاز میں ہی بہت عمدہ مضامین اور نظمیں پڑھنے کو ملیں۔ ماشاء اللّٰہ! مگر 7؍جنوری 2023ء کے الفضل میں ’’دلچسپ و مفید واقعات وحکایات‘‘ کے ساتھ ساتھ مسز صفیہ بشیر سامی کا مضمون ’’دو دن کی ہے کہانی، نفرت سے نہیں جینا‘‘ قابل ستائش ہے۔ اتنے آسان الفاظ میں بہت گہرا اور مفید مضمون بیان کیا ہے۔ کاش ہم اس پرعمل کرنے والے ہوں اور اس کے مطابق زندگی گزاریں اورہمارے گھر اور معاشرہ جنت کا گہوارہ بن جائیں۔

مکرمہ عطیہ خان۔ جرمنی سے لکھتی ہیں:
موٴرخہ 7؍جنوری 2023ء کے شمارہ الفضل میں مضمون ’’دو دن کی ہے کہانی، نفرت سے نہیں جینا‘‘ بہت ہی عمدہ طریقے سے بیان کیا گیا ہے اور کافی معلومات فراہم کی گئی ہے۔ نیز بہت سارے معاملات پر روشنی بھی ڈالی گئی ہے۔ اللہ تعالیٰ ہمیں بھی ہر معاملے میں انصاف کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 19 جنوری 2023

اگلا پڑھیں

ارشاد باری تعالی