• 16 اپریل, 2024

جدھر دیکھو! ابرِ گنہ چھا رہا ہے

جدھر دیکھو! ابرِ گنہ چھا رہا ہے
(کلام حضرت مصلح موعودؓ)

جدھر دیکھو! ابرِ گنہ چھا رہا ہے
گناہوں میں چھوٹا بڑا مبتلا ہے

مرے دوستو! شرک کو چھوڑ دو تم
کہ یہ سب بلاؤں سے بڑھ کر بلا ہے

یہ دم ہے غنیمت کوئی کام کرلو
کہ اس زندگی کا بھروسہ ہی کیا ہے

محمد پہ ہو جان قرباں ہماری
کہ وہ کوئے دلدار کا رہنما ہے

غضب ہے کہ یوں شرک دنیا میں پھیلے
مرا سینہ جلتا ہے دل پھنک رہا ہے

خدا کے لئے مردِ میداں بنو تم
کہ اسلام چاروں طرف سے گھرا ہے

تم اب بھی نہ آگے بڑھو تو غضب ہے
کہ دشمن ہے بے کس، تمہارا خدا ہے

بجالاؤ! احکامِ احمدؐ خدارا
ذرا سی بھی گر تم میں بوئے وفا ہے

صداقت کو اب بھی نہ جانا تو پھر کب
کہ موجود اک ہم میں مردِ خدا ہے

تری عقل کو قوم کیا ہوگیا ہے
اسی کی ہے بدخواہ جو رہنما ہے

وہ اسلام دنیا کا تھا جو محافظ
وہ خود آج محتاج امداد کا ہے

بپا کیوں ہوا ہے یہ طوفاں یکایک
بتاؤ تو اس بات کی وجہ کیا ہے

(کلام محمود صفحہ15-16)

پچھلا پڑھیں

دنیا بھر میں جماعت احمدیہ کی مساجد (کتاب)

اگلا پڑھیں

ارشاد باری تعالی