• 8 مئی, 2024

ایڈیٹر کے نام خط

مکرمہ امة السلام انور ۔کیلگری کینیڈا سے لکھتی ہیں:
پیاری الفضل اخبار میں موٴرخہ 28؍جنوری 2023ء کے اداریہ میں جہاں پیارے رسالہ تشحیذالاذہان کے ذکر نے متوجہ کیا اوربچپن کی بہت سی یادیں تازہ ہو گئیں وہاں سلطان القلم حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے ذکرِ خیر کے ساتھ حضرت مصلح موعود رضی اللہ تعالیٰ عنہ اور حضرت مرزا بشیر احمد رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے زریں فرمودات کی مَشعل نے ذہنوں کو جَلا بخشی ۔ہماری توجہ اس جانب بھی مرکُوز کی کہ ہم سلطان القلم ؑ کے نقش قدم پر چلتے ہوئے الفضل سےقلمی تعلق قائم کرتے ہوئے اپنی ادبی صلاحیتوں کو بروئے کار لا کر بہترین رنگ میں خدمت دین بجا لائیں اورتبلیغِ اسلام کےقلمی جہاد میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں تا ’’مگر امام پہ میرا سلام زندہ رہے‘‘ کا مقصد پا سکیں ۔اس میں کوئی شک نہیں کہ خدا تعالیٰ کے خاص فضل ان بزرگ ہستیوں کی دعاؤں سے ادارہ الفضل اوراس کے معاونین کی انتہائی محنت سےمرتبہ الفضل اخبار سےہم ہمیشہ مستفید ہوتے چلے آئے ہیں۔ الفضل اپنے اعلیٰ معیارکے ساتھ زندگی بخش چشمہ لئے پیاسی رُوحوں کو سَیراب کرتا چلا آرہا ہے۔ جہاں الفضل کے ذریعہ اس قلمی تعلق کی ادب گاہوں سے گزرنے کے ساتھ ساتھ کئی نئے آنے والوں کی تحریرات و منظوم کلام کو بھی بہت احترام سے سراہتے ہوئے قارئین کی خدمت میں پیش کیا جاتا ہے۔ سو سال سے زائد عرصہ پر محیط الفضل اخبار کے ادبی سفر میں کئی مصنّفین کی خوبصورت تحریرات گاہے بگاہے پڑھنے کو ملتی رہی ہیں ۔اس کالم میں محترمہ فرحت راٹھور اور بشری بختیار صاحبہ کے خوبصورت کلام سے سجی اعلیٰ و پرحکمت تحریر پڑھ کر خاکسار کے دل سے دعا نکلی کہ ’’الفضل نگینے یوں سمائے سدا رکھے‘‘۔ آمین

خاکسار کو اپنا منظوم دعائیہ کلام بعنوان ’’اللہ نگہبان رہے الفضل تمہارا‘‘ موٴرخہ 26؍جنوری 2023ء کی الفضل میں دیکھ کر بہت خوشی ہوئی۔ الحمدللّٰہ

دعا کے ساتھ کہ؎

عرفان کی محفل کو سجائے سدا رکھے
ایمان کی مَشعل کو جلائے سدا رکھے
اللہ نگہبان رہے الفضل تمہارا
اسلام کا تو نام جگائے سدا رکھے

پچھلا پڑھیں

دنیا بھر میں جماعت احمدیہ کی مساجد (کتاب)

اگلا پڑھیں

ارشاد باری تعالی