• 13 جولائی, 2024

جماعت احمدیہ لٹویا کی طرف سے وقار عمل

اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ لٹویا کے ممبران کو ایک اور اجتماعی وقارعمل کی توفیق ملی ہے۔ جماعت احمدیہ ہمیشہ خدمت خلق اور خدمت انسانیّت کے میدان میں پیش پیش رہتی ہے۔ امام الزّمان حضرت اقدس مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسّلام نے اپنے ماننے والوں کویہی خوبصورت پیغام دیا تھا۔ ’’مرا مقصود و مطلوب و تمنا خدمتِ خلق است۔‘‘

ایک روز ہم لٹویا کے دارالحکومت Riga سے تقریبًا 50 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع Sigulda کے علاقے میں واقع ’’Gauja socialas aprupes māja‘‘ نامی ایک کئیر سینٹرکو امدادی سامان دینے گئے تو اس ادارے کی سربراہ Andra Balanenkova صاحبہ نےاس بات کا ذکر کیا کہ یہاں بہت ضعیف اوربوڑھے لوگ رہتے ہیں۔ اُن کے رہائشی کمروں کو رنگ وروغن کئے ہوئےکئی برس ہوچکے ہیں اور کمرے بہت ہی پُرانے لگ رہے ہیں۔ یہاں یورپ میں مرمت کاکام اور مزدوری بہت مہنگی پڑتی ہے اور ہمارا ادارہ یہ اخراجات برداشت نہیں کرسکتا۔

خاکسار نے اُن کو تسلّی دی کہ جماعت احمدیہ کے افراد وقارعمل کے ذریعہ یہ خدمت سرانجام دیں گے۔ چنانچہ ہم نے پہلے جماعت کی طرف سے پینٹ اور پینٹ کرنے کا سامان وغیرہ خرید کر دیا اور پھر 18؍اکتوبر 2022ء کو ہم 6 افراد وقارعمل کے لئے گئے اور 6-7 گھنٹے تک دوکمروں کو پینٹ کیا۔ ان کمروں کی رہائشی بزرگ عورتیں بہت خوش تھیں۔ اس ادارے کے کارکنان بار بار آکر ہمارے کام کو دیکھ رہے تھے اور بڑی ممنونیّت کا اظہار کررہے تھے۔ جماعت احمدیہ کے اس خوبصورت وقارعمل کو دیکھ کر ہربندہ ہی خوشی ومسرّت کا اظہار کررہا تھا۔ سب لوگوں نے ہی جماعت احمدیہ کی خدمت انسانیّت کو بہت سراہا۔

اس کیئر سنٹر کی ڈائریکٹر محترمہ Andra Balanenkova صاحبہ نے بھی احمدیہ مسلم جماعت لٹویا اور اس وقارعمل میں حصّہ لینے والے تمام ممبران جماعت کا شکریہ ادا کیا۔

ہمارے وقارعمل پر خوشی ومسرت کا اظہار کرتے ہوئے ایک سوشل ورکر محترمہ Ligita Steina صاحبہ نے کچھ تصاویر اپنے فیس بُک Page پر شیئر کرتے ہوئے Latvian زبان میں لکھا:
’’ ہم ’’ایسو سی ایشن احمدیہ مسلم جماعت لٹویا‘‘ کا دل کی گہرائیوں سےشکریہ ادا کرتے ہیں جنہوں نے پینٹ کاسامان بھی مہیا کیا اور بورڈنگ ہاؤس کی دیواروں کو پینٹ کرکےبھی دیا۔ اب وہاں کمرےکافی روشن ہوگئے ہیں۔‘‘

اس طرح اللہ تعالی کے فضل وکرم سے لٹویا میں بھی اسلام احمدیّت کا پیغام پہنچ رہا ہے۔ الحمد للّٰہ

اللہ تعالی کے حضور عاجزانہ دعا کہ وہ اس وقارعمل میں حصّہ لینے والے تمام احباب جماعت کو جزائے خیر دے اور اللہ تعالیٰ جماعت احمدیہ مسلمہ لٹویا کی ان کاوشوں کو قبول فرمائے اورجماعت کو زیادہ سے زیادہ توفیق دے کہ وہ دُکھی انسانیّت کے دُکھ درد بانٹ سکے۔ آمین

(رپورٹ: بشارت احمد شاہد۔ نمائندہ الفضل آن لائن لٹویا)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 18 مارچ 2023

اگلا پڑھیں

ارشاد باری تعالیٰ