• 20 اپریل, 2024

جماعت احمدیہ اسکاٹ لینڈ کا مذہبی بانیوں کے دن پر آن لائن پروگرام

محض خدا کے فضل سے اسکاٹ لینڈ ریجن کو اپنا آن لائن تبلیغی پروگرام مؤرخہ 11 اپریل 2021ء کو منعقد کرنے کی سعادت حاصل ہوئی۔ اس پروگرام کا موضوع اسلام کا وہ زریں اصول ہے کہ اپنے پڑوسی اور قرابت داروں سے شفقت کا سلوک کرو (love thy neighbour)۔ کرونا کی وبا کے وجہ سے یہ پروگرام آن لائن منعقد کیا گیا جسے یوٹیوب، ٹویٹر اور فیس بک کے ذریعہ براہ راست نشر کیا گیا جسے 1100 سے زیادہ ناظرین نے سُنا۔ اس پروگرام میں عیسائی، یہودی، سکھ اور اسلام کے نمائندوں کو دعوت دی گئی تھی تاکہ وہ اپنے مذہب کی روشنی میں اپنے پڑوسی سے حسن سلوک کے تعلق میںتعلیمات پیش کریں۔ پروگرام کے درمیان اور بعد میں سوشل میڈیا کا خوب استعمال کیا گیا جس سے تبلیغ کے نت نئے مواقع میسر آئے۔

پروگرام کا آغاز تلاوت قرآن کریم اور انگریزی ترجمہ سے ہوا جس کے بعد اسلام احمدیت کے تعارف اور خلافت احمدیہ پر مبنی ایک ویڈیو دکھائی گئی جس میں انسانیت کے لئے جماعت کی مساعی کا ذکر تھا۔ ریجنل امیر صاحب اسکاٹ لینڈ مکرم محمد احسان احمد صاحب نے ناظرین کو خوش آمدید کہا اور دوسرے مذاہب کے نمائندوں کی شمولیت کو سراہا۔ آپ نے کہا کہ ہمیں دلی خوشی ہوتی کہ ہم آپ کو اپنی گلاسگو مسجد میں دعوت دیتے اور ملاقات بھی ہوتی مگر اس وبا کے ایام میں ایسا ممکن نہ تھا۔

مکرم معاذ احمد صاحب نے اسکاٹ لینڈ ریجن کی طرف سے انسانیت کی خدمات کے تعلق میں ایک سلائڈ شو دکھایا جس میں گلاسگو، ایڈنبرا اور فائف میں جاری جماعت کی فلاح وبہبود کی مساعی کا ذکر تھا۔ اسکاٹ لینڈ ریجن عرصہ دراز سے مختلف شہرو ں میں بے گھروں کیلئے کھانے کے ہزاروں تیار شدہ پیکٹ، پانی، جوس، بسکٹ اور دوسری اشیاء کے عطیات کا انتظام کررہا ہے جس کا ذکر اخبارات، سوشل میڈیا اور سیاستدانوں کے ذریعہ ہوتا رہتا ہے۔

اس موقعہ پر دوسرے مذاہب کے نمائندوں کو مختصر خطاب کی دعوت دی گئی:
ربیّ روبن صاحب جو اسکاٹ لینڈکی یہودی کمیونٹی کے رہنما ہیں نے کہا کہ میں اسلام احمدیت کی تعلیمات اور اس کی انسانیت کی فلاح کیلئے جاری منصوبوں سے بہت متاثر ہوا ہوں۔ روبن صاحب نے کہا کہ آج کے پروگرام کا موضوع ہمسائیوں کے حقوق کے متعلق ہے اور اصل میں یہ ایک بنیادی یہودی اخلاق کا بھی پہلو اپنے اندر رکھتا ہے۔

ڈاکٹر مورین جو بین المذاہب اسکاٹ لینڈ تنظیم کی سربراہ ہیں نے کہا کہ جماعت احمدیہ اسکاٹ لینڈ بین المذاہب پروگرام کرتی رہتی ہے جس میں سب مذاہب کو اپنے مذاہب کی خصوصیات پیش کرنے کا موقع ملتا ہے جو اس زمانہ کی سب سے اہم ضرورت ہے۔ اپنے پڑوسی سے محبت کرنا ایک سادہ سا اصول ہے اور یہ بہت گہرا ہے اور ایک جہان معانی کو اپنے اندر رکھتا ہے۔

چرچ آف اسکاٹ لینڈ کے نمائندہ ڈاکٹر مارٹن فئیر نے کہا کہ کہنے کو یہ لفظ چھوٹا ہے کہ اپنے ہمسائیوں اور قرابت داروں سے حسن سلوک کرو مگر اس پر عمل کرنا کافی مشکل۔ آج کل کے نفسا نفسی کے دور میں ہم اپنے معاشرے کے اس زریں اصول کو بھلاتے جارہے ہیں اور ہم اس بات کی تحقیق نہیں کرتے کہ ہمارے ہمسائیے میں کون کون ضرورت مندہے۔

محترمہ روندر کور نجار جو اسکاٹ لینڈ کی سکھ کمیونٹی کی رہنما ہیں نے کہا کہ ربّ نے تمام انسانوں کو ایک جیسا پیدا کیا ہے اور ان کے حقوق بھی ایک جیسے ہی ہیں۔ سکھ مذہب کے ماننے والے انسانیت اور اپنے ہمسائیوں کی فلاح کیلئے ساری دنیا میں مفت کھانے اور ادویات وغیرہ کے منصوبہ جات کیلئے کام کررہے ہیں اورمیں جماعت احمدیہ کی مساعی سے بہت متاثر ہوں۔

مکرم رواح الدین عارف خان صاحب مربی ّ سلسلہ گلاسگو نے اپنے خطاب میں کہا کہ جماعت احمدیہ انسانیت کی فلاح کو اپنے مذہب کا خلاصہ سمجھتی ہے جیسا کہ حضرت مسیح موعودؑ نے اپنی تحریرات اور عملی نمونے سے ہمیں یہ سبق سکھایا ہے۔ آپ کے ہمسائے کا مطلب یہ ہے کہ ساری انسانیت اور اسی لئے ہماری جماعت کا نعرہ محبت سب کیلئے اور نفرت کسی سے نہیں ہے۔

آخر میں مکرم منصور احمد شاہ صاحب نائب امیر جماعت احمدیہ برطانیہ نے خطا ب کیا اور اس بات پر زور دیا کہ تمام مذاہب کو مل کر ایک مثالی معاشرہ قائم کرنا چاہئے جہاں ہمارے قریبی اور ہمسائے امن سے رہیں۔ اس معاشرے میں باہمی امن و اخوت کے ساتھ ہم اپنے اپنے عقیدے پر عمل کرسکتے ہوں اور غیر ضروری تنقید سے بچتے ہوئے یہ ممکن ہے۔ آپ نے تمام مذاہب کے نمائندوں کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے اپنے قیمتی وقت میں سے آج کے پروگرام کو وقت دیا اور ایک دوسرے کی تعلیمات کو سنا۔ آپ نے دعا کے ساتھ اس پروگرام کا اختتام کیا۔

(رپورٹ: ارشد محمود خاں ۔ اسکاٹ لینڈ)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 19 مئی 2021

اگلا پڑھیں

الفضل آن لائن 20 مئی 2021