• 23 اپریل, 2024

احمدیہ مسلم جماعت کینیڈا کی پہلی آن لائن مجلس شوریٰ 2021ء

دنیا بھر میں کورونا وائرس کے باعث جہاں ہر طرح کی معاشرتی اور کاروباری سرگرمیاں متاثر ہوئیں بلکہ بہت حد تک ان میں تعطل پیدا ہوگیا وہاں حج اور عمرہ سمیت بہت سے دینی اور مذہبی اجتماعات پر بھی اثر پڑا۔ احمدیہ مسلم جماعت عالمگیر میں مقامی، علاقائی، ملکی اور بین الاقوامی سطح پر جماعتی اور ذیلی تنظیموں کے بہت سے اجتماعات پورا سال منعقد کئے جاتے ہیں۔ کرونا وائرس کے پھیلاؤ کی روک تھام کے لئے عائد کی گئی حکومتی پابندیوں کے باعث ان اجتماعات میں بھی ایک تعطل پیدا ہوگیا۔جیساکہ ہم احمدی مسلمانوں کا اعتقاد ہے اور اس کے عملی مظاہر ہم ہمیشہ سے دیکھتے آرہے ہیں کہ اس الٰہی جماعت کے کام کبھی بھی نہیں رُکے بلکہ کسی نہ کسی شکل میں جماعتی کام بلا تعطل جاری رہتے ہیں۔ شخصی اجتماعات پر حکومتی پابندیوں نے ہمارے اجتماعات کو بند نہیں کیا بلکہ آن لائن اجتماعات کی صورت میں اسے ایک نئی شکل دے دی۔ مقامی اور علاقائی اجتماعات منعقد کرنے میں محدود پیمانے پر احبابِ جماعت کی شرکت کے باعث تو کوئی خاص مشکل پیدا نہیں ہوتی لیکن ملک گیر سطح پر اور خاص طور پر کینیڈا جیسے ملک میں ساڑھے چار گھنٹوں کے فرق پر محیط چھ نظام الاوقات ہوں، احباب ِجماعت کو یکجا طور پر کسی اجتماع اور پروگرام میں اکٹھا کرنا ایک مشکل کام تھا جس کے لئے کافی محنت اور وقت درکار تھا۔ اسی لئے 2020ء کی مجلس شوریٰ منعقد نہیں کی جاسکی۔ لیکن امسال یعنی 2021ء میں سیّدنا حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی اجازت اور رہنمائی سے کینیڈا جماعت کی پہلی آن لائن مجلس شوریٰ منعقد کی گئی جو بفضلہ تعالیٰ کامیاب رہی اور اس طرح ایک نئی تاریخ رقم کی گئی۔ اس کی کامیابی میں سیّدنا حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی دعاؤں اور رہنمائی کے بعد نیشنل جنرل سیکرٹری صاحب اور ان کے معاونین IT میں کام کرنے والے نوجوان رضاکاران کی انتھک اور دن رات محنت کا بڑا ہاتھ ہے جنہوں نے دو دنوں پر محیط اس پروگرام میں ایک لمحہ کا بھی تعطل پیدا نہیں ہونے دیا اور اس پروگرام کو نہایت خوش اسلوبی اور بلا تعطل جاری رکھنےکے ساتھ ساتھ تمام نمائندگان ، جن میں سے کچھ لوگ انٹرنیٹ اور آن لائن میٹنگز کے طریقہ کار سے بخوبی واقف نہیں تھے، کی مدد اور ان کے سوالات کے جوابات کے لئے ہردم موجود رہے۔

مجلس شوریٰ کے ابتدائی اجلاس عام، جس میں تمام نمائندگان شرکت کرتے ہیں، کے علاوہ ذیلی کمیٹیاں بنائی جاتی ہیں جن میں منتخب ارکان شوریٰ کے ایجنڈا میں مختص کئے گئے موضوعات پر گفتگو کرتے ہیں اور پھر اپنی آراء کو ایک رپورٹ کی شکل میں اجلاس عام میں پیش کرتے ہیں۔ ان ذیلی کمیٹیوں کی تشکیل اور منتخب نمائندگان کو وہاں تک رسائی دینا اور اس دوران ان میں شرکت نہ کرنے والے نمائندگان اور مبصرین کے لئے الگ سے پروگرام جاری رکھنا بھی ایک اضافی کام تھا جسے شعبہ نیشنل جنرل سیکرٹری اور IT کے رضاکاران نے نہایت مہارت اور خوش اسلوبی سے انجام دیا۔ فَجَزَاہُمُ اللّٰہُ تَعَالٰی اَحْسَنَ الْجَزَآءِ۔

کینیڈا جماعت کی یہ مجلس شوریٰ اللہ تعالیٰ کے فضل سے 44 ویں نیشنل مجلس شوریٰ تھی جس میں شرکت کرنے والے نمائندگان کی تعداد 421 تھی جو آج تک منعقد ہونے والی تمام مجالس شوریٰ میں سب سے زیادہ تھی۔ غیر روایتی اور جدید طریق پر منعقد ہونے کے باوجود اس مجلس شوریٰ کی تمام کارروائی میں تمام جماعتی روایات کو ملحوظ خاطر رکھا گیا اور انہی کے مطابق یہ انجام پائی۔

قارئین الفضل سے درخواست ہے کہ احمدیہ مسلم جماعت کینیڈا کو اپنی دعاؤں میں یاد رکھیں۔ جَزَاکُمُ اللّٰہُ تَعَالٰی اَحْسَنَ الْجَزَآءِ ۔

(رپورٹ : انصر رضا۔ واقفِ زندگی،نمائندہ روزنامہ الفضل آن لائن ۔کینیڈا)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 19 جولائی 2021

اگلا پڑھیں

الفضل آن لائن 20 جولائی 2021