• 29 اپریل, 2024

گلاب تھا وہ شخص

گلاب تھا وہ شخص
(چوہدری محمد علی مضطر مرحوم کی یاد میں)

سخن کا باب، نہیں، اک کتاب تھا وہ شخص
بہارِ شعر و ادب کا شباب تھا وہ شخص

وہ جس کو سر پہ سجایا غزل کی پریوں نے
حسین و دلربا، دلکش گلاب تھا وہ شخص

وہ جس کی ذاتِ صدف میں تھے عشق کے موتی
اسی گہر سے تو عزت مآب تھا وہ شخص

وفورِ عشقِ خلافت سے کانپتی آواز
بچشمِ تر کبھی رم جھم سحاب تھا وہ شخص

یوں میرے شہر کی تاریخ اس پہ ناز کرے
کہ میرِ محفلِ شہرِ چناب تھا وہ شخص

وہ اپنی ذات میں سب سے چُھپا ہوا لیکن
وہ اپنی ذات کے اندر گلاب تھا وہ شخص

فضائے بزمِ سخن کی صدائے حسرت ہے
کہ ایک شہر میں مضطر جناب تھا وہ شخص

(ضیاء اللہ مبشر)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 19 جولائی 2022

اگلا پڑھیں

ارشاد باری تعالیٰ