• 2 مئی, 2024

زبان اردو۔غلام مسیح الزماںؑ

میں غلامِ مسیح الزماں ہو گئی
ہے حقیقت کہ میں جاوداں ہو گئی

تیری خدمت میں جب سے میں حاضر ہوئی
تب سے ہر قوم کی میں زباں ہو گئی

وہ خزائن جو صدیوں سے مدفون تھے
ان خزائن سے میں ضوفشاں ہو گئی

سب زبانوں کی جامع ہوئی بےگماں
تیری برکت سے میں گلفشاں ہو گئی

تب اکیلی تھی میں، گو وطن میں ہی تھی
تیری خدمت سے میں بے کراں ہو گئی

تو ہے سلطان تحریر وتقریر کا
میں ہوں خوش بخت تیری زباں ہو گئی

مجھ کو بویا فقیروں نے تیرے لیے
تیری تحریر سے میں جواں ہو گئی

میروغالب نے سینچا تھا مجھ کو کبھی
تجھ کو پایا، میں رشکِ جناں ہو گئی

پیشگوئی تھی نشرِ صحائف کی جو
اس کا میں بھی تو زندہ نشاں ہوگئی

ہر فضیلت کا زندہ نشاں ہوگئی
دیکھو، الہام کی میں زباں ہوگئی

(آصف محمود ڈار)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 19 ستمبر 2022

اگلا پڑھیں

ارشاد باری تعالیٰ