• 18 اپریل, 2024

ایڈیٹر کے نام خطوط

• مکرمہ بشریٰ نذیر آفتاب، سسکاٹون۔ کینیڈا سے لکھتی ہیں:
الحمد للہ! ’’تاریخ جلسہ ہائے سالانہ عالمگیر (حصہ دوم)‘‘ کی تین اقساط مل چکی ہیں۔ جلسہ ہائے سالانہ سے متعلق تمام مضامین ازدیاد علم کے ساتھ ساتھ ایمان و ایقان میں بھی اضافہ کا باعث بن رہے ہیں۔ ہمارے مضمون نگار بھائی بہنوں نے جس اخلاص اور محنت کے ساتھ یہ روحانی مائدہ تمام قارئین الفضل کے لیے تیار کیا ہے اس کے پڑھنے کا لطف بھی اسی قدر آرہا ہے۔ جلسہ ہائے سالانہ فرانس، گیمبیا اور آئیوری کو سٹ میں شمولیت کی توفیق تو ابھی تک نہیں ملی مگر مضمون نگاروں نے ان روحانی اجتماعات کی تاریخ اور پر کیف روحانی مناظر کی خوب تصویر کھینچی ہے۔اللہ تعالیٰ سب قلمکاروں کوجلسہ ہائے سالانہ کی تاریخ قلم بند کرنے پر جزائے خیر عطا فرمائے۔ آمین۔ ان مضامین کے مطالعہ سے پاکستان ،یوکے ، جرمنی اور کینیڈا میں منعقد ہونے والے سالانہ جلسے جن میں اس عاجزہ کو اللہ تعالیٰ کے فضل سے شمو لیت کی توفیق ملتی رہی ، کے روح پرور اورحسین و جمیل نظارے آنکھوں کے سامنے گھومنے لگے ۔اور خاص طور پر وہ جلسہ ہائے سالانہ جن میں امیر المؤمنین حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز بنفس نفیس شامل تھے ان کی تو بات ہی کچھ اور تھی۔ شمع خلافت کے پروانے خلیفہ وقت کی صحبت اور خلافت کی برکت سے فیض یاب ہونے کےلئے دنیا بھر سےدیوانہ وار کشاں کشاں چلے آئے تھے۔اللہ کرے کہ وہ دن پھر سے آئیں اور جلد آئیں جب دنیا بھر سے کرونا وائرس کا خاتمہ ہو اور ہم جلسہ ہائے سالانہ میں شامل ہو کرحضور انور ایَّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے روح پرور خطابات و خطبات سننے کے ساتھ ساتھ مسیحِ پاک علیہ السلام کی ان دعاؤں کے وارث بھی بن سکیں جو آپ نے نہایت درد اوربے حد الحاح سے شاملین جلسہ کے لئے کی تھیں:
’’ہر ایک صاحب جو اس للّٰہی جلسہ کے لئے سفر اختیار کریں خداتعالیٰ ان کے ساتھ ہو۔ اور ان کو اجرِ عظیم بخشے اور ان پر رحم کرے اور ان کی مشکلات اور اضطراب کے حالات ان پر آسان کر دیوے اور ان کے ہم و غم دور فرماوےاور ان کو ہر تکلیف سے مخلصی عنایت کرے اور ان کی مرادات کی راہیں اُن پر کھول دیوے اور روزِ آخرت میں اپنے ان بندوں کے ساتھ ان کو اٹھاوے جن پر اس کا فضل و رحم ہے اور تا اختتام سفر ان کے بعد ان کا خلیفہ ہو۔اے خدا اے ذوالمجد والعطا! اور رحیم اور مشکل کشا!یہ تمام دعائیں قبول کر اور ہمیں ہمارے مخالفوں پر روشن نشانوں کے ساتھ غلبہ عطا فرما۔کہ ہر ایک قوت اور طاقت تجھ ہی کو ہے۔آمین ثم آمین۔‘‘

(مجموعہ اشتہارات، جلد1، صفحہ340۔342)

• مکرم شمس دین۔ جرمنی سے تحریر کرتے ہیں :
الفضل 6 اکتوبر 2021ء میں شائع شدہ ’’ناروال سے ربوہ اسپیشل ٹرین‘‘ پڑھا ۔بہت کم تحریریں ایسی ہوتیں ہیں کہ جن کو پڑھ کر انسان اپنے جذبات پر قابو نہ رکھتے ہوئے پر نم ہوجاتا ہے یہ ایک علاقہ کا مختصر سفر نامہ برائے جلسہ سالانہ ربوہ بھی ہم سب کو اسی کیفیت سے دوچار کر گیا ۔جیسے جیسے قاری یہ مضمون پڑھتے ہوئے آگے بڑھتا ہے تو اس کو یوں لگتا ہے کہ جیسے وہ خود اس سفر میں شامل ہے اور جیسے جیسےٹرین ربوہ اسٹیشن کےقریب پہنچتی ہے قاری کا بھی دل ربوہ کی حسین وادیوں کی یاد کو دلوں میں لئے ہوئے نعرہ تکبیر کی صدائیں بلند کرتا ہے ۔یہی پوسٹ خاکسار نے کچھ دوسرے وٹس ایپ گروپس میں لگائی تو ہر کسی کا جواب ایسا ہی تھا کہ جیسے میرے اپنے جذبات ہوں اور جو دوست بھی ربوہ کے جلسہ سالانہ کی یاد میں اپنے جذبات لکھتے تھے تو دل میں حسرت پیدا ہوتی تھی کہ کاش جلسہ کی محبت میں یہ الفاظ خاکسار نے ادا کئے ہوتے ۔اللہ تعالیٰ روز نامہ الفضل کو اس کی جزا دے ۔یہ للہی سفر ہماری محبت اور روایات کا حصہ ہے ۔دعا ہے کہ ہماری اولادیں ایسے بابرکت سفر خود بھی کریں اور ان تمام برکات سے حصہ پائیں جن کا ذکر حضرت مسیح موعود علیہ السلام نے جلسہ میں شامل ہونے والے مخلصین کے لئے کیا ہے آمین ۔

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 19 اکتوبر 2021

اگلا پڑھیں

آج کی دعا