جلسہ سالانہ کوریا 2019ء کے لئے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ کا پیغام
سیدناحضرت خلیفۃالمسیح الخامس ایدہ اللہ اپنےپیغام میں فرماتےہیں۔
مجھےبہت خوشی ہے کہ آپ اپناجلسہ سالانہ12اور13ستمبر2019ءکو منعقد کررہےہیں۔میری دعاہےکہ اللہ آپ کےجلسہ کوہرلحاظ سےکامیاب بنائے اورتمام شاملین کواس منفرداورمقدس تقریب میں شریک ہونےکی روحانی برکتوں سے نوازے۔آمین
حضرت اقدس مسیح موعودؑنےاللہ تعالیٰ کی ہدایت کےمطابق جلسہ سالانہ کوجاری فرمایاجس کا مقصداحبابِ جماعت کی تعلیم وتربیت تھا۔سب سےپہلا جلسہ قادیان میں1891ءمیں منعقدہواتھاجس میں صرف75لوگ شریک ہو سکے۔لیکن سالہاسال سےہم اس بات کےعینی شاہدہیں کہ جماعت احمدیہ دور درازکےعلاقوں میں پھیل چکی ہےاوریہ جلسےپوری دنیامیں منعقدہورہےہیں۔ بشمول ساؤتھ کوریاجوکہ زمین کےکناروں میں سےہےاوردنیابھرسےہزاروں لوگ اس میں شرکت کی سعادت پاتےہیں۔ یہ محض خداتعالیٰ کےفضل سے ہےاورہمیں دردِ دل اورانتہائی عاجزی کےساتھ اس کاشکرگزارہوناچاہئے۔یاد رکھیں کہ اس اجتماع کابنیادی مقصدقرب الہٰی کاحصول،دینی علم ومعرفت میں ترقی،اپنےآپ میں نیک تبدیلی پیداکرنااوران تبدیلیوں کواپنی زندگیوں کاحصہ بنانا،اس دنیائےفانی کی لغو خواہشات سےاپنےآپ کوبچانا،لوگوں سےمحبت، ہمدردی اوربھائی چارہ کےتعلق کوبڑھانااوران تمام نیک مقاصدکےحصول کے لئےاپنی تمام ترصلاحیتوں کو بروئےکارلانا اور اسلام کا پیغام پھیلانے کا عہد کرنا ہے۔
اس ضمن میں حضرت اقدس مسیح موعودؑ فرماتے ہیں۔
میری تمام جماعت جواس جگہ حاضرہیں یا اپنے مقامات میں بودوباش رکھتےہیں اس وصیت کوتوجّہ سےسنیں کہ وہ جواس سلسلہ میں داخل ہوکرمیرےساتھ تعلق ارادت اورمریدی کارکھتےہیں اس سےغرض یہ ہےکہ تاوہ نیک چلنی اور نیک بختی اورتقویٰ کےاعلیٰ درجہ تک پہنچ جائیں اورکوئی فساد اورشرارت اور بدچلنی ان کےنزدیک نہ آسکے۔وہ پنجوقتہ نمازباجماعت کےپابندہوں۔وہ جھوٹ نہ بولیں۔ وہ کسی کوزبان سےایذانہ دیں،وہ کسی قسم کی بدکاری کےمرتکب نہ ہوں اورکسی شرارت اورظلم اورفساد اورفتنہ کاخیال بھی دل میں نہ لاویں۔ غرض ہرایک قسم کےمعاصی اورجرائم اورناکردنی اورناگفتی اورتمام نفسانی جذبات اوربےجاحرکات سےمجتنب رہیں اورخداتعالیٰ کےپاک دل اوربےشر اورغریب بندے ہو جائیں اورکوئی زہریلاخمیران کےوجودمیں نہ رہے۔
(Essence of Islam, Vol,IV, Page 349)
میں آپ کوخلافت احمدیہ سےجڑے رہنےاورہمیشہ وفاکاتعلق قائم رکھنے کی تلقین کرتاہوں۔میرےخطبات جمعہ کوباقاعدگی سےسنیں اورمیری ہدایات اورنصائح پرعمل کریں۔
آج احیاءِاسلام اورعالمی امن کاقیام نظامِ خلافت سےجڑے رہنےمیں ہےاس لئےاس بابرکت نظام کوتھامیں رکھیں اوراس بات کویقینی بنائیں کہ آپ اورآپ کی آئندہ نسلیں خلافت احمدیہ کی بابرکت ہدایات کی روشنی اور سائےتلے پروان چڑھیں۔
اللہ تعالیٰ آپ کےجلسہ سالانہ کوہرلحاظ سےکامیاب کرےاورآپ کو تقویٰ اورروحانی ترقی عطافرمائے۔ اللہ تعالیٰ آپ کواپنی زندگیوں میں نیکی،تقویٰ اورخدمتِ انسانیت کےمیدان میں ایک عظیم انقلاب برپا کرنےکی توفیق عطافرمائے۔‘‘
آخر پر دعا ہے کہ حضرت مسیح موعودؑنےجلسہ میں شمولیت اختیار کرنےوالوں کےلئےجو دعائیں کی ہیں، اللہ تعالیٰ تمام شاملینِ جلسہ کوان دعاؤں کاحقداربنائے۔ جماعت احمدیہ کوریاکےاس جلسہ کومبارک کرےاورکوریامیں احمدیت یعنی حقیقی اسلام کی ترقیات کےدروازے کھولتاچلاجائے۔ آمین یارب العالمین