• 7 مئی, 2024

ریمیمبرنس ڈے کی تقریب میں گیانا جماعت کی اعزازی شمولیت

ریمیمبرنس ڈے(Remembrance Day) ساری دنیا کے کامن ویلتھ ممالک میں منایا جاتا ہے۔خاص دن منانےکی یہ تقریب پہلی جنگِ عظیم کے بعد شروع ہوئی جس میں فوت شدگان فوجیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا جاتا ہے۔وطن سے محبت کے اظہار میں جماعت احمدیہ کے افراد بھی مختلف ممالک میں اس تقریب میں شامل ہوتے ہیں۔

اس سال گیانا ،جنوبی امریکہ میں 10نومبر 2019ءکو یہ تقریب منعقد ہوئی۔ محض اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے گیانا جماعت کو تاریخ میں پہلی بار Remembrance Day کی آفیشل تقریب میں شمولیت کا موقع ملا۔ الحمدللّہ علیٰ ذالک۔اس تقریب میں گیانا ملک کے نیشنل صدرجناب Hon. David Granger، نائب صدر،قائم مقام پرائم منسٹراور منسٹر آف پبلک سیکیورٹی Khemraj Ramjattan Hon. کے علاوہ، آرمی، پولیس کے انچارج، چار منسٹرز اور متعدد ڈپلومیٹس شامل ہوئے۔ اللہ تعالیٰ کے خاص فضل و کرم سے ان تمام اہم شخصیات کے سامنے گیانا جماعت کی طرف سے ریتھ(Wreath) رکھنے کا موقع ملا۔ اور اس ریتھ پر جلی حروف میں جماعت احمدیہ کا نام اور ”محبت سب کے لئے نفرت کسی سے نہیں “لکھا ہوا تھا۔ یہ تقریب براہِ راست سارے ملک میں نشر ہوئی۔بعد میں گورنمنٹ کی ویب سائٹ پر بھی تصاویر شائع ہوئیں۔

اس تقریب کی وجہ سے گیاناجماعت کا نام اعلیٰ ترین سطح پر خوب روشن ہوا۔ خاکسار کو منسٹرز، ایمبیسڈرز اور ہائی کمشنرز سے ملاقات کا موقع ملا اور انہیں جماعت کا تعارف کروایا۔ جس میں خصوصیت کے ساتھ، امریکہ، کینیڈا، یو کے، یورپ، انڈیا، مالٹا کے ایمبیسڈرزاور ہائی کمشنرز کو جماعت کا تعارف کروایا گیا۔ اسی طرح منسٹر آف سو شل کوہیژن سے بھی ملاقات کی اور انہیں بھی جماعت کا خصوصی تعارف کروایا۔

اس تقریب کے بعد غیر ازجماعت مسلمان اس سے بہت متاثر ہوئے۔ ایک تنظیم گیانا اسلامک ٹرسٹ کے سینئر ممبر نے بھی خوشی کا اظہار کیا ۔ اسی طرح گورنمنٹ کی تنظیم مسلم کور گروپ کی انچارج نے کہا کہ یہ ایک بہت اعزاز کی بات ہے کہ آپ نے مسلمانوں کی طرف سے ریتھ رکھی ہے۔

اس تقریب کے بعد دوپہر کے وقت گیانا ویٹرن لیجنز (Guyana Veterans Legion) کی تقریب ہوئی۔خاکسار جماعت احمدیہ کی طرف سے اس تقریب میں بھی شامل ہوا۔اس تقریب میں تمام تنظیموں کے معزز مہمانان کو مدعو کیا گیا تھا۔ جس میں برٹش ہائی کمشنر اور کینیڈین ہائی کمشنر بھی شامل تھے۔تقریب کے بعد خاکسار نےبرٹش ہائی کمشنر، پریزیڈنٹ آف گیانا ویٹرن لیجنز اورگیاناکے ویٹرنز سے ملاقاتیں کیں اور تصاویر بنوائی۔

احباب ِ جماعت سے دعا کی درخواست ہے کہ اللہ تعالیٰ گیاناجماعت کے لئے یہ اعزاز مبارک کرے اور جماعت پر مزید فضل فرمائے۔ آمین ثم آمین

مقصود احمد منصور۔گیانا

پچھلا پڑھیں

جلسہ سالانہ قادیان کا انعقاد

اگلا پڑھیں

الفضل آن لائن 19 دسمبر 2019