• 16 اپریل, 2024

الفضل جس صبح صادق کا پیغام لایا ہے اللہ تعالیٰ اسے جلد روز روشن میں تبدیل فرما

روزنامہ الفضل کے دوبارہ اجراء پر

حضرت خلیفۃ المسیح الرابع ؒ کا خصوصی پیغام

1988ء میں روزنامہ الفضل 3سال 11ماہ اور 9دن کی پابندی کے بعد دوبارہ شائع ہونا شروع ہوا۔ اور مورخہ 28نومبر 1988ء کے پہلے پرچے کیلئے سیدنا حضرت خلیفۃ المسیح الرابعؒ نے لندن سے خصوصی پیغام ارسال فرمایا۔ جس کو نمایاں طور پر پہلے صفحے کی زینت بنایا گیا۔ یہ تاریخی پیغام یہاں دوبارہ شائع کیا جا رہا ہے۔

جماعت احمدیہ نے تکلیفوں کا جو لمبا زمانہ بڑے صبر سے برداشت کیا ہے اور اب تک برداشت کرتی چلی جا رہی ہے اس سے بکثرت احمدیوں کو جو اصلاح نفس کی توفیق ملی ہے اور تعلق باللہ میں اضافہ ہوا ہے وہ بلاشبہ اس ابتلاء کا ایک عظیم پھل ہے۔ مگرمیں اللہ کی رحمت سے بھاری امید رکھتا ہوں کہ انشاء اللہ تعالیٰ اس ابتلاء کی یہ رات جلد ختم ہو گی اور خدا تعالیٰ کی رحمتوں اور برکتوں کی ایک نئی صبح ضرور طلوع ہوگی۔ کچھ لوگ بہرحال کوشش کریں گے کہ اس راہ میں روڑے اٹکائیں اور دین کا راستہ روک دیں مگر

؏ بھلا خالق کے آگے خلق کی کچھ پیش جاتی ہے؟
ابتلاء کے اس نہایت تکلیف دہ دور نے جہاں ہمیں خدمت دین کی نئی نئی راہیں دکھائیں اور اصلاح نفس کے نئے نئے طریق سمجھائے اور ہم نے خدا تعالیٰ سے اپنے تعلق کو مضبوط تر ہوتے ہوئے دیکھا وہاں بلاشبہ دنیا کے ہر قسم کے مظلوموں کے ساتھ پہلے سے بڑھ کر ہمدردی کے جذبات ہمارے دلوں میں پیدا ہوئے اور آج ہم پہلے سے بڑھ کر بنی نوع انسان کی سچی اور گہری ہمدردی اپنے دل میں پاتے ہیں ۔

میری دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ نئے دور میں ہمیں حقوق اللہ و حقوق العباد کو پہلے سے بڑھ کر ہمت اور طبعی جوش کے ساتھ ادا کرنے کی توفیق عطا فرمائے اور ہم ہمیشہ مظلوموں کا ساتھ دینے والے ہوں اور کبھی ظالموں کے ساتھ ہمارا شمار نہ ہو۔

الفضل جس صبح صادق کا پیغام لے کر آج آپ کے ہاتھوں تک پہنچا ہے اللہ تعالیٰ اسے جلد تر روز روشن میںتبدیل فرما دے اور تمام دنیا اللہ تعالیٰ کی توحید اور حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کی حقانیت کے نور سے روشن ہو جائے۔ آج کے دن خدا تعالیٰ کے حضور اظہار تشکر کے ساتھ اسیران راہ مولیٰ کو بھی اپنی دعاؤں میں خصوصیت سے یاد رکھیں اور ان کے تعلق میں دنیا بھر کے مظلوموں اور اسیروں کو بھی یاد رکھیں۔
اللہ تعالیٰ اپنے فضل سے ہمارے عزیز ملک سے ہر قسم کی ظالمانہ پابندیاں اٹھا دے اور خدا تعالیٰ نے ہر انسان کو جو صلاحیتیں بخشی ہیں ان کو زنجیریں پہنانے والوں کے ہاتھ شل کر دے اور اپنی قدرت کے قوی جھٹکے سے ان زنجیروں کو توڑ دے اور اہل پاکستان ہی کو نہیں تمام بنی نوع انسان کو خداتعالیٰ اپنے فضل سے حقیقی آزادی نصیب کرے۔ ان کے اجسام کو ہر قسم کی آمریت کے تسلط سے اور ان کی روحوں کو ہر نوع کے شرک اور شر کے غلبہ سے دائمی نجات بخشے۔ (آمین) خدا کرے کہ اب ہر دن ہمارے لئے نئی خوشیاں لے کر طلوع ہو اور ہر رات رضائے باری کی نئی اور دائمی لذتیں لے کر آئے۔ آپ سب کو الفضل کی اشاعت نو مبارک ہو۔ آمین

والسلام
خاکسار
مرزا طاہر احمد
خلیفۃ المسیح الرابع

پچھلا پڑھیں

جلسہ سالانہ قادیان کا انعقاد

اگلا پڑھیں

الفضل آن لائن 19 دسمبر 2019