• 29 اپریل, 2024

مالی قربانی کا ایک ایمان افروز نظارہ

آج میں آپ سب کے ساتھ جلسہ سالانہ ہالینڈ سال 2022ء کی بہت پیاری یادوں میں سے ایک واقعہ شیئر کرنا چاہتی ہوں۔

امسال کووِڈ کے بعد جلسے میں شمولیت کے لئے تینوں روز مختلف جماعتوں سے احباب جماعت کو بلایا گیا تھا اور اس وجہ سے چند ایک جماعتی یا تنظیمی اسٹالز ہی لگائے گئے تھے۔

اسی حوالےسے ایک ا سٹال ہالینڈ کی مسجد کے لئے چندہ اکٹھا کرنے کالگایا گیا تھا۔ یہ اسٹال اللہ تعالیٰ کے فضل سے پہلے دن سے ہی بہنوں کی توجہ کا مرکز رہا اور جو بہنیں دوسرے دن شامل ہوئیں انہوں نے بھی اپنے وعدوں سے بڑھ کر ادائیگی پیش کی۔ اَلْحَمْدُلِلّٰہِ

جلسے کے تیسرے روزاس مسجد کے لئے تحریک کرنے کی غرض سے چیئرمین صاحب کی تقریر تھی۔ انہیں اس وقت تک کی وصولی کی رپورٹ بھیجی گئی جوتقریباًِ پانچ ہزار یوروتھی تو انہوں نے رپورٹ پڑھ کر اُمید ظاہر کی کہ ان شاءاللّٰہ یہ رقم جلسے کے اختتام تک دس ہزار یورو تک پہنچ جائے گی۔ ان کی تقریر کے بعد خاکسار نے لجنہ کو اس جانب دوبارہ توجہ دلائی اور ان سے درخواست کی کہ وقفے میں ہالینڈ مسجد فنڈ کے سلسلے میں لگائے جانے والے ا سٹال پر ضرورجائیں اور دل کھول کر مالی قربانی پیش کریں۔ خاکسار کے اس اعلان کے بعد جلسے کے اختتام تک صرف تین چار گھنٹے باقی تھے۔

مگر مسجد فنڈ کے لئے لگائے جانے والے ا سٹال پر ایک لمبی قطار تھی اور چندہ وصولی پر مامور ٹیم ممبرز کو وصولی سے سر اٹھانے کی فرصت نہیں تھی۔ بہنوں نے اپنے وعدوں سے بڑھ کر ادائیگیاں پیش کیں۔کچھ بہنوں کے سوال تھے کہ کیا ہم ابھی آن لائن بھی ادائیگی کر سکتی ہیں؟ کسی نےاپنے کانوں سے ٹاپس، کسی نے چوڑیاں اور کسی نے انگوٹھیاں اس مد میں پیش کردیں۔ یہ سلسلہ جلسے کا آخری پروگرام شروع ہونے تک جاری رہا اور پھرجونہی اختتامی دعا ہوئی تو بہنیں جو پہلے ادائیگی نہیں دے سکی تھیں دوبارہ اپنی ادائیگیاں کرنے کے لئے اسٹیج پر آ گئیں اور کچھ اس سلسلہ میں لگائے جانے والے اسٹال پر اُمڈ آئیں۔ اس مثالی قربانی کے نظارے کے نتیجے میں اللہ تعالیٰ کے فضل سے ساڑھے پندرہ ہزار یوروسے زائد کی رقم ہمارے پاس جمع ہو گئی اورزیورات اس رقم کے علاوہ دیے گئے۔ اللہ تعالیٰ کے فضل اور خلافت کی برکت سے اطاعت کا جو نظام ہماری جماعت میں قائم ہے، لجنہ اماء اللہ ہالینڈ نے اس کی بہترین مثال پیش کی ہے۔ اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ ثُمَّ اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ۔

دُعا ہے کہ اللہ تعالیٰ اپنے فضل سے ہمیں آئندہ بھی ایسی ہی قربانیاں پیش کرنےاور اس طرح کے اعلیٰ نمونے قائم کرنے کی توفیق عطا فرمائے اور ہماری چھوٹی چھوٹی حقیر قربانیوں کو بہت بڑھا کر قبول فرمائے۔ آمین

(عطیہ اسلم۔ نیشنل صدر لجنہ ہالینڈ)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 19 دسمبر 2022

اگلا پڑھیں

ارشاد باری تعالی