رَبِّ كُلُّ شَيءٍ خَادِمُكَ رَبِّ فَاحْفَظْنِيْ وَانْصُرْنِيْ وَارْحَمْنِيْ
(تذکرہ:363، ایڈیشن چہارم)
ترجمہ: اے میرے رب! ہر ایک چیز تیری خادم ہے۔ اے میرے رب! پس مجھے محفوظ رکھ اور میری مدد فرما اور مجھ پر رحم فرما۔
یہ حضرت اقدس مرزا غلام احمد مسیحِ موعود علیہ الصّلوٰۃ والسّلام بانی سلسلہ احمدیہ کی اللہ تعالیٰ کی پناہ میں آنے کی جامع دعا ہے۔
آپؑ نے فرمایا
میرے دل میں ڈالا گیا کہ یہ اسمِ اعظم ہے اور یہ وہ کلمات ہیں کہ جو اسے پڑھے گا ہر ایک آفت سے اسے نجات ہوگی۔
(تذکرہ:363۔ 364، ایڈیشن چہارم)
ہمارے بہت پیارے آقاسیّدنا حضرت مرزا مسرور احمد خلیفۃ المسیح الخامس ایَّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز (آج کل کے حالات کے پیش نظر) احمدیوں اور پوری دنیا کے لئے مسلسل دعاؤں کی طرف توجہ دلا رہے ہیں۔ آپ اپنے خطبہ جمعہ فرمودہ 17 دسمبر 2021 میں فرماتے ہیں
آج مَیں افغانستان کے احمدیوں کے لئے دعا کے لئے بھی کہنا چاہتا ہوں، بہت تکلیف میں گزر رہے ہیں، بعض گرفتاریاں بھی ہوئی ہیں۔ عورتیں، بچے بڑے پریشان ہیں گھروں میں اپنے۔ جو باہر ہیں مرد، جو گرفتار نہیں ہوئے وہ بھی بے گھر ہوئے ہوئے ہیں کیونکہ خطرہ ہے کہ گرفتاریاں نہ ہو جائیں۔ الله تعالیٰ اُن کے لئے آسانیاں پیدا فرمائے اور اُن کو اِس مشکل سے نکالے۔ پھر پاکستان کے اَحمدیوں کے لئے بھی دعا کریں وہاں بھی عمومی طور پر حالات خراب ہی ہوتے ہیں کہیں نہ کہیں کوئی نہ کوئی واقعہ ہو جاتا ہے، اور لوگ اَحمدیوں کو تکلیفیں دے رہے ہیں۔ اِسی طرح مجموعی طور پر بھی دعا کریں الله تعالیٰ دنیا کو حضرت مسیحِ موعود علیہ الصّلوٰۃ والسّلام کو پہچاننے کی توفیق عطاء فرمائے اور ہر شر کو ختم کرے اور دنیا اپنے پیدا کرنے والے کی حقیقت کو پہچان لے۔
(خطبہ جمعہ فرمودہ 17 دسمبر 2021ء)
اس دیں کی شان و شوکت یا رب مجھے دکھا دے
سب جھوٹے دیں مٹا دے میری دعا یہی ہے
تیری وفا ہے پوری ہم میں ہے عیب دوری
طاعت بھی ہے ادھوری ہم پر بلا یہی ہے
تجھ میں وفا ہے پیارے سچے ہیں عہد سارے
ہم جا پڑے کنارے جائے بکا یہی ہے
جلد آ مرے سہارے غم کے ہیں بوجھ بھارے
منہ مت چھپا پیارے میری دوا یہی ہے
(درثمین۔ از نظم شانِ اسلام)
(مرسلہ:مریم رحمٰن)