• 20 اپریل, 2024

لجنہ اماءاللہ پریری ریجن کے تحت سالانہ تعلیم و تربیت کیمپ2022ء

محض خداتعالیٰ کے خاص فضل و احسان سے 29؍ دسمبر 2022ء بروز سوموار مسجد بیت الرحمت سسکاٹون میں 15تا25سال کی عمر کی لجنہ ممبرز کےلئے تعلیمی و تربیتی کیمپ کا انعقاد کیا گیا۔اس پروگرام کا ایجنڈا اور تمام تر مواد نیشنل شعبہ جات تعلیم و تربیت نے بڑی محنت سے تیار کیا اور نیشنل صدر صاحبہ لجنہ اماء اللہ کینیڈا سے منظور کروا کر بھیجا تھا۔2022ء کا سال لجنہ کی صد سالہ جوبلی کا سال تھا اس لئے اس کیمپ کا ایجنڈا بھی اسی طرز پر تشکیل دیا گیا۔اس تعلیمی و تربیتی کیمپ کےکینیڈا بھر میں ریجنل سطح پر انعقاد سے قبل نیشنل سیکرٹری نے ورچوئل میٹنگ کے ذریعہ پریزنٹیشنز کے بارے میں ہدایات دیں اور متعلقہ سوالات کے جوابات بھی دئے۔پریری ریجن میں منعقد ہونے والے اس کیمپ کا آغاز سورۃ الرعد کی آیات 23 تا 31کی تلاوت اور انگریزی ترجمہ سے ہوا۔ بعدازاں ان آیات کی انگریزی میں تفسیر، تفسیر کبیر سے پیش کی گئی۔اس کے بعد ریجنل صدر پریری نے لجنہ کا عہد دہرایا۔

یہ پروگرام بہت ہی معلوماتی تھا اور شروع سے لے کر آخر تک تمام حاضرین کی توجہ قائم رکھے ہوئے تھا۔ اس تربیتی کیمپ میں شامل 46 طالبات جن میں اکثریت یونیورسٹی طالبات کی تھی بہت محظوظ ہوئیں۔ کیمپ کی ماڈریٹر اور ریجنل تربیت کو آرڈینیٹرCoordinator انعم جمشید صاحبہ نے حضور صلی اللہ علیہ وسلم کی روزمرہ اُمورمیں راہنمائی اور جامع ہدایات پڑھ کر سنائیں۔ دورانِ پروگرام وقتاً فوقتاً حضور انور کےلجنہ کے عہد، سوسالہ جوبلی اور دیگر اُمور سے متعلق تربیتی ویڈیو کلپس بھی دکھائے گئے۔اس پروگرام کی پہلی پریزنٹیشن ’’لجنہ اماءللہ کی سو سالہ جوبلی کیسے منائی جائے اور اس ضمن میں خلافت کی ہدایت و رہنمائی‘‘ پر تھی۔ علاوہ ازیں درج ذیل Presentations پروگرام کا حصہ تھیں۔قرآن کریم میں مذکور دورِ آخرین سے متعلق پیشگوئیاں اور ان کا پورا ہونا، لجنہ اماءللہ کا قیام، لجنہ کی تاریخ،سوشل میڈیا کا استعمال اور اس سلسلہ میں خلیفۃ المسیح ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی زرّیں ہدایات ونصائح،تیسری جنگ عظیم کے ممکنہ آثار اور دنیا میں قیام امن حضور انور کی ہدایات کی روشنی میں۔ اس پروگرام میں سسکاٹون ہی سے ایک ابتدائی لجنہ ممبر امتہ المتین صاحبہ کو مدعو کیا گیا انہوں نے سسکاٹون میں لجنہ کا قیام اور لجنہ کی کاوشوں پر روشنی ڈالی۔لجنہ اماء اللہ کی تنظیم کی ابتدائی چودہ ممبرات اوراس تنظیم کے اغراض و مقاصد پر خاکسار نے پریزنٹیشن پیش کی اور آخرمیں حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے جلسہ سالانہ قادیان 25؍دسمبر 2022ء کے اختتامی خطاب میں لجنہ اماء اللہ عالمگیر کو ان کے سو سال مکمل ہونے پرجن قیمتی ہدایات و نصائح سے نوازا، پڑھ کر سنائیں۔افادۂ عام کے لئے حضور اقدس کی وہ ہدایات رپورٹ میں شامل کررہی ہوں۔حضور انور نے فرمایا: ’’آج لجنہ اماء اللہ کی تنظیم کو بنے ہوئے بھی سو سال ہوگئے ہیں۔ لجنہ کو بھی یاد رکھنا چاہئےکہ یہ جائزہ لیں کہ اس سو سال میں کس حد تک لجنہ نے اپنے اندر پاک تبدیلی پیدا کی ہےاوربیعت کا حق ادا کرنے والااپنے آپ کو بنایا اور کوشش کی اورکس حد تک اپنے بچوں اور اپنی نسل کو بیعت کا حق اداکرنے اور حضرت مسیح موعود علیہ السلام کےدعاوی سے جوڑنے والا اور ماننے والابنایا ہے۔ اگر ہم نے اس کے مطابق اپنی نسلوں کی اٹھان کی ہے تو پھریقیناً لجنہ اماء اللہ کی ممبرات اللہ تعالیٰ کی شکر گزار بندیاں ہیں۔پس یہ جائزے آج لینے کی ضرورت ہےاور جہاں کمیاں رہ گئی ہیں وہاں ایک عزم کے ساتھ یہ عہد کریں کہ ہم نے لجنہ کی اگلی صدی میں اس عہد کےساتھ قدم رکھنا ہےکہ ہم اپنی نسلوں کو عہدبیعت کا حق ادا کرنے والا بنائیں گی۔ اللہ تعالیٰ سب کو اس کی توفیق عطا فرمائے۔ (آمین)‘‘

لجنہ کے اس سالانہ کیمپ کا اختتام دعا سے ہوا۔یہ ایک دن پر مشتمل پروگرام تھا اس مناسبت سے حاضرین کو کھانے کے ساتھ ساتھ گاہے بگاہے Snacks بھی دئے گئے۔نماز ظہر اور عصر باجماعت ادا کی گئیں۔شعبہ صحت جسمانی کے تحت بچیوں نے لجنہ کی لابی سے ملحقہ وسیع و عریض جمنازیم میں کھیلوں میں بھی حصہ لیا۔

اس پروگرام کا مقصد دینی و روحانی اور اخلاقی ترقی کا حصول تھا۔ اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ اس تعلیمی و تربیتی پروگرام کے دُور رس نتائج ظاہر فرمائے اور ہم سب کو اپنے پیارے آقا کی ہدایت و رہنمائی میں نیکیوں میں دوام اختیار کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔آمین

(بشریٰ نذیر آفتاب۔ریجنل صدر پریری،کینیڈا)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 20 فروری 2023

اگلا پڑھیں

قرآن، قرآن کے آئینہ میں