• 20 مئی, 2024

فیرو آئی لینڈ میں شعبہ تبلیغ جرمنی کی مساعی

فیروآئی لینڈ نارتھ اٹلانٹک سمندر میں آئس لینڈ اور ناروے کے درمیان ایک 18 چھوٹے چھوٹے جزیروں پر مشتمل چھوٹا سا ملک ہے۔ اس کو عالمی سطح پر ڈنمارک کا حصہ سمجھا جاتا ہے لیکن یہ ایک طرح کا خود مختار ملک ہے جس کی پارلیمنٹ بھی ہے اورملک کا انتظام منتخب وزیر اعظم کے ہاتھوں میں ہے۔ آبادی 50 ہزار کے قریب ہے۔ ملک کے دارالحکومت کا نام Torshavn ہے۔ Faroese زبان ڈینش سے ملتی جلتی ہے اور سکہ رائج الوقت Faroese Krona ڈینش کرونے کے برابر ہے۔ دونوں کرنسیوں کو ایک جیسی اہمیت حاصل ہے۔ آبی پرندوں کا نظارہ کرنا ہو تو بہترین جگہ ہے۔ یہاں کے عوام اعلیٰ تعلیم یافتہ اور مذہبی رُجحان رکھتے ہیں۔ اکثریت کا تعلق عیسائیت سے ہے اور مارٹن لوتھر کو ماننے والے ہیں۔ ملکی معیشت کا زیادہ تر انحصار ماہیگیری پر ہے۔

گزشتہ چند برسوں سے شعبہ تبلیغ جرمنی کی زیر نگرانی تبلیغی کاوشیں جاری ہیں۔ مکرم ڈاکٹر عبد الشکور اسلم اور مکرم راجہ منیر احمد وقتاً فوقتاً تبلیغی دورے کرتے رہے۔ شہروں میں لٹریچرتقسیم کرنے کے علاوہ یونیورسٹی کے پروفیسر صاحبان اور دو شہروں کے مئیر صاحبان تک اسلام احمدیت کا پیغام پہنچانے کی توفیق ملی جس کے نتیجہ میں بفضلِ خدا Faroe Island میں احمدیت کا پودا لگ چکا ہے۔ 4 افراد پر مشتمل فیملی نے احمدیت قبول کرنے کی توفیق پائی۔ گزشتہ سال سے اس ملک میں مکرم حافظ فرید احمد خالد نیشنل سیکرٹری تبلیغ اور مکرم راجہ منیر احمد نے 16 دسمبر 2019ء کو Faroe Island کا دورہ کیا تاکہ وہاں جماعتی سنٹر کے قیام اور مربی سلسلہ کے لئے مشن ہاؤس کا قیام عمل میں لایا جا سکے۔ اس دورہ کے دوران جماعتی وفد کو چار ممبران پارلیمنٹ کے علاوہ پارلیمنٹ کے اسپیکر اور وزیر اعظم سے ملاقات کرنے کا نادر موقع ملا۔ وزیر اعظم نے وفد کے ساتھ 25 منٹ ملاقات کی جس کے دوران اُن کو جماعت کا تفصیلی تعارف اور حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ کی ایک کتاب تحفہ میں دی گئی۔ اسی طرح دونوں احمدی احباب کو پارلیمنٹ کی کارروائی کے دوران وہاں بیٹھنے کا موقع میسر آیا جس دوران ممبران پارلیمنٹ کو جماعت کے بارہ میں ضروری معلومات فراہم کیں۔

قارئین سے دعا کی درخواست ہے کہ اللہ تعالیٰ جلد دنیا کے اس حصہ میں جماعت کی رجسٹریشن کروانے کی کوششوں میں برکت ڈالے اور وہاں جلد مشن ہاؤس اور مسجد کی تعمیر کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین۔

(عرفان احمدخان ۔نمائندہ جرمنی)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 20 مارچ 2020

اگلا پڑھیں

ارشاد باری تعالیٰ