• 9 مئی, 2024

ایڈیٹر کے نام خط

ایک عزیز دوست کی رحلت

•مکرم حفیظ الرحمٰن واحد۔ ایڈنبرا لکھتے ہیں:
الفضل لندن کے ذریعہ اپنے بچپن کے دوست چوہدری عبد الحفیظ صاحب آف برمنگھم کی اس جہان سے دوسرے جہان منتقل ہونے کے خبر پڑھی۔ بہت دکھ ہوا۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّاۤ اِلَیۡہِ رٰجِعُوۡنَ۔ ہم دونوں نے تعلیم الاسلام ہائی اسکول قادیان میں اکھٹے تعلیم حاصل کی تھی۔ میٹرک پاس کرنے کے بعد ہم زندگی کے جھمگھٹوں میں کھو گئے۔ پھر سالوں بعد جب میں دسمبر 1969ء میں برطانیہ آیا تویہاں ملاقات ہوئی۔ اس کے بعد اکثر جماعتی تقریبات پر ملاقات ہوتی۔ ایک دفعہ برمنگھم میں کوئی تقریب تھی۔ تقریب کے اختتام پر کہنے لگے ’’گھر چلو‘‘ میں نے کہا ’’ٹھیک ہے‘‘۔ رات ان کے ہاں قیام کیا۔ اگلے روز جب میں ایڈنبرا کے لئے روانہ ہونے لگا تو با اصرار راستے کے لئے کھانا تیار کروا کے دیا۔ راستے میں جب کھانے کے لئے کھولا تو اُس میں کھانے کا ایک چمچ بھی تھا جو پلاسٹک کا سفری چمچہ نہیں تھا بلکہ گھریلو استعمال کا چمچ تھا۔ بظاہر بات اگرچہ معمولی سی تھی لیکن اس میں خاموش محبت کا ایسا اظہار تھا جسے میرے دِل نے محسوس کیا۔مرحوم بات بہت نرمی اور اطمینان کے ساتھ کیا کرتے تھے۔ ہر لفظ اتنا صاف اور نکھرا ہوا ہوتا تھا کہ صاف سمجھ آجاتا تھا۔ اکثر جماعت کی ہی با تیں کرتے تھے۔ احباب اُن کے لئے دعا کریں کہ اللہ تعالیٰ ان کی مغفرت فرمائے۔ اپنی رحمت کی چادر میں لپیٹ لے اور جنت الفردوس میں جگہ عطا فرمائے۔ (آمین)

پچھلا پڑھیں

خلاصہ خطبہ جمعۃ المبارک مؤرخہ 18؍مارچ 2022ء

اگلا پڑھیں

ارشاد باری تعالیٰ