• 15 اپریل, 2024

احمدیہ مسلم میڈیکل ایسوسی ایشن آسٹریلیا کا تعارف اور مختلف ممالک میں مثالی خدمات

احمدیہ مسلم میڈیکل ایسوسی ایشن آسٹریلیا انسانیت کی خدمت اور مدد کے لئے انتہائی اخلاص کے ساتھ وقف ہے۔مشکل ترین حالات میں بھی اس کا قدم آگے ہی بڑھتا ہے۔ اس کا عزم مصمم ہے کہ لوگوں کو ہماری کہیں بھی اورجب بھی ضرورت اور علاج معالجہ میں دشواری کا سامنا ہو انکی ہر ممکن مدد اور تعاون فراہم کیا جائے۔

حضور انوراید اللہ تعالیٰ بنصرہ لعزیز کی دعاؤں اورراہنمائی کے نتیجہ میں احمدیہ مسلم میڈیکل ایسوسی ایشن آسٹریلیا۔

ملائیشیا، پاکستان، سولومن، آئی لینڈ، تھائی لینڈ اور افریقی ممالک میں انسانیت کی بھرپورخدمات انجام دے رہی ہے۔ اس کے جاں فشاں رضاکاروں میں بہت سے ڈاکٹرز، سرجنز، ڈینٹل پریکٹیشنرز اور دیگر طبی ماہرین شامل ہیں جو نہ صرف بوقت ضرورت انتہائی جانفشانی سے میدانِ عمل میں مصروف رہتے ہیں بلکہ ان کی خدمات کا دائرہ مزید وسیع کرنے کی غرض سے ان ممالک کے طبی عملہ کو بہترین تربیت اور سازوسامان بھی مہیا کرتے ہیں۔ صرف گذشتہ چند سالوں میں احمدیہ مسلم میڈیکل ایسوسی ایشن آسٹریلیا نے انسانی خدمات کی ان اغراض کی مد میں عطیات اکٹھےکرکے مذکورہ ممالک میں تقریباً بیس ہزار سے زائد ضرورتمند افراد کی مدد کی جس کی مختصر سی تفصیل ذیل میں درج ہے:۔

۱) افریقہ :احمدیہ میڈیکل ایسوسی ایشن یو۔کے کی طرف سے متعارف کروائے گئے آئیوری کوسٹ ہسپتال کی تکمیل کیلئے احمدیہ مسلم ایسوسی ایشن آسٹریلیا حصہ لے رہی ہے اور آئندہ منصوبہ کے مکمل ہونے کے بعد ایسوسی ایشن اس عظیم فلاحی ادارے کی مدد کے لئے مستقل بنیادوں پرڈاکٹرز اور رضاکاروں کی ٹیمیں بھجوانے کا ارادہ رکھتی ہے۔

۲)سولومن آئی لینڈ: احمدیہ مسلم ایسو سی ایشن آسٹریلیا کی جانب سے نیشنل ہسپتال کو ضروری میڈیکل سامان فراہم کیا گیا۔ نیز وہاں کے نیشنل ہسپتال کو دل کی بیماریوں کی تشخیص کے لئے عطیہ کے طور پر ایک گراں قدر ECHOCARDIOGRAM مشین اور عملہ کی تربیت بھی فراہم کی گئی۔ یہ بات قابل ذکر ہے کہ یہ پورے ملک میں اپنے طرز کی واحد مشین ہے اور اس کا ذکر وہاں کے نیشنل اخبار نے احمدی ڈاکٹرز کی نمایاں خدمات اور فوٹوز اور تعارف کے ساتھ تعریفی الفاظ میں کیا ۔ ایسو سی ایشن ہرسال اپنے رضاکار ڈاکٹرز نہ صرف طبی خدمات کیلئے بلکہ مقامی طبی عملہ کی تعلیم و تربیت کیلئے بھی بھجوا رہی ہے۔

۳)آسٹریلیا: ایسو سی ایشن جماعت احمدیہ آسٹریلیا کے ممبران کیلئے دل کی بیماریوںموٹاپا،تمباکونوشی اور ذہنی امراض سے بچاؤ اور نقصانات سے آگاہی کے لئے مختلف لیکچرز۔ سیمینارز اور میٹنگز کا اہتمام کرتی رہتی ہے۔ خاص طور پر گذشتہ دو سال میں تقریباً 5000 سے زائد افراد سڈنی کے علاقہ ٹاؤن ہال میں اس کی خدمات سے مستفید ہوئے۔ علاوہ ازیں بےگھر افراد کی طبی بنیادوں پر معاونت کا کام مستقل بنیادوں پر جاری ہے۔

طب اور صحت عامہ کے شعبہ میں خدمات سر انجام دینے کے خواہشمند افراد اور ڈاکٹرزکی تعلیم کے حصول کو ممکن بنانے کے لئے بھی ایسوسی ایشن کی خدمات قابلِ ستائش ہیں۔کرونا وائرس COVID-19 کی مہلک وبا سے نمٹنے اور اس سے بچاؤ کے لئے ایسو سی ایشن کا کردارپہلے روز ہی سے قابلِ تحسین رہا ہے۔ آسٹریلیا میں احمدیہ جماعت کو حقائق پر مبنی شواہد اور تحقیق کی مدد سے مسلسل مرحلہ وار راہنمائی فراہم کی جاتی رہی۔ اس عظیم مقصد کے لئے جا مع حکمتِ عملی کے تحت مختلف زبانوں میں leaflets اور معلوماتی ویڈیوز تیار کی گئیں جن سے ہزاروں لوگ مستفید ہوئے۔

۴۔پاکستان: پاکستان کے دو عظیم ترین فلاحی ہسپتال یعنی فضل عمر ہسپتال ربوہ اورطاہر ہارٹ انسٹیٹیوٹ ربوہ میں بے لوث خدمات بجا لانے والے ڈاکٹرز اور طبی عملہ کے لئے کرونا وائرس کی وباء کے دوران انسانیت کی خدمات جاری رکھنے کی غرض سے Personal protective Equipments کی فراہمی ایسے وقت میں ممکن بنائی گئی جبکہ دنیا میں ان کے حصول کیلئے قلت کے باعث ایک بحرانی کیفیت تھی اگرچہ یہ کام ایسے حالات میں انتہائی دشوار بلکہ بعض مواقع پر بلکل نا ممکن تھا مگر حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرِہِ العزیز کی دعاؤں کے طفیل ان دونوں ہسپتالوں میں کامیای کے ساتھ PPE کی فراہمی کی گئی۔

طاہر ہارٹ ہسپتال کے ساتھ ایسوسی ایشن نے مفاہمتی یادداشت پر دستخط بھی کئےہوئے ہیں جس کے باعث ایسوسی ایشن اپنے رضاکاروں اور دیگر طبی آلات کی فر اہمی کے ذریعہ مسلسل تعاون کرتی ہے۔تا حال20 سے زائدڈاکٹرز اپنی خدمات طاہر ہارٹ ہسپتال کے لئے رضاکارانہ طور پر پیش کر چکے ہیں۔ علاوہ ازیں دو عدد پاکٹ سائز Echo مشین بھی عطیہ کی گئیں۔

۵۔ ملائیشیا:۔ احمدیہ مسلم ایسوسی ایشن آسٹریلیا نے2017 میں احمدیہ میڈیکل ایسوسی ایشن یو۔کے کے تعاون سے ملائیشیا میں تین میڈیکل ڈسپنسریز قائم کیں۔ابتداء میں وہاں پر آسٹریلین احمدی ڈاکٹرز نے نہ صرف اپنی خدمات پیش کیں بلکہ ادویات کی فراہمی کو بھی یقینی بنایا۔ یہاں یہ بات بھی قابلِ ذکر ہے کہ ایسوسی ایشن پچھلے تین سال سے باقائدگی سے ٹیلی کانفرس کلینک کا اہتمام کرتی ہے جس سے بیشمار لوگ ہر ہفتہ فائدہ اٹھاتے ہیں۔گذشتہ کچھ عرصے سے آسٹریلیا اوربرطانیہ سے ڈاکٹروں کی ٹیمیں باقاعدگی سے وہاں کا دورہ بھی کرتی رہی ہیں۔

۶۔ تھائی لینڈ: تھائی لینڈ میں بھی احمدیہ مسلم میڈیکل ایسوسی ایشن Humanity first کے تعاون کے ساتھ کام کر رہی ہے اورآئندہ اپنی خدمات کا دائرہ تھائی لینڈ میں مزید وسیع کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔

اللہ تعالیٰ احمدیہ مسلم میڈیکل ایسوسی ایشن کی ان بے لوث اور مثالی خدمات کو قبول فرماتے ہوئے ان کو بہترین اجر عطا فرمائے اور ان کی انسانی خدمات کا دائرہ وسیع سے وسیع تر کرتا چلا جائے۔ آمین

٭…٭…٭

(مرسلہ: محمد امجد خان نمائندہ روزنامہ الفضل لندن (آن لائن))

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 20 اگست 2020

اگلا پڑھیں

الفضل آن لائن 21 اگست 2020