• 16 مئی, 2024

جماعت احمدیہ جرمنی ،شعبہ تبلیغ کی سرگرمیاں

جماعت احمدیہ جرمنی کی یہ خوش قسمتی رہی ہے کہ خلفائے سلسلہ نے جرمن قوم میں تبلیغ کے لئے اپنی خصوصی توجہ اور رہنمائی کا مستحق ٹھہرایا ہے۔ حضرت خلیفۃ المسیح الثانی ؓ نے یورپ میں پہلی مسجد برلن میں تعمیر کرنے کی خواہش کا اظہار فرمایا۔ جنگ عظیم اول کے اثرات اس منصوبہ میں حائل ہوئے لیکن جرمنی یورپ کا واحد ملک ہے جہاں خلافت ثانیہ کے دوران دو مساجد تعمیر ہوئیں۔ حضرت خلیفۃالمسیح الثالثؒ کو خواب میں دل کی شکل کا پتھر دکھایا گیا جس پر کلمہ طیبہ کندہ تھا۔حضور کے خواب میں ہی یہ بتایا گیا کہ یہ دل جرمنوں کا ہے جو بظاہر سخت دِل نظر آتے ہیں لیکن اللہ تعالیٰ اسلام کے لئے ان کے دل نرم کردے گا اور جرمن اسلام قبول کرنے والوں میں اولین میں شمار ہوں گے۔ آپ کی زبان مبارک سے ادا ہونے والا فرمان ’’محبت سب کے لئے، نفرت کسی سے نہیں‘‘ آج خدا کے فضل سے جرمنی میں جماعت احمدیہ کی پہچان بن چکا ہے۔ حضرت خلیفۃ المسیح الرابعؒ نے جرمنی کے طول و عرض میں بیسیوں تبلیغی نشستوں میں خطاب فرمایا۔ مجلس سوال و جواب میں شرکت کی اور 100 مساجد کی تعمیر کی تحریک کرکے اسلام کی تبلیغ کا مستقل در کھول دیا۔ حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ نے وقت کے تقاضوں کو جانچتے ہوئے جرمنی میں جامعہ احمدیہ کی تعمیر کی، کئی ملین تبلیغی پمفلٹ کی تقسیم، شہر شہر پودوں کی شجر کاری اسکیم میں تعاون۔ میراتھن ریس کے انعقاد کے ذریعہ عوام الناس کے دل جیتنے کی مہم کی طرف نئی سے نئی ہدایات دینے کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے۔ جس کے مثبت نتائج خداتعالیٰ کے فضل سے سامنے آرہے ہیں۔ شعبہ تبلیغ اپنے امام کے ارشادات اور احکامات کو ممبران جماعت احمدیہ تک پہنچانے اور اُن کو تبلیغ میں فعال رکھنے کے لئے مختلف ورکنگ گروپس اور ڈیسک بناکر فرائض کی بجا آوری میں مصروف ہے۔ جرمنی کے علاوہ جن ممالک میں تبلیغ کی عمومی ذمہ داری جرمن جماعت کے شعبہ تبلیغ کے سپرد ہے ان میں :
Latvia, Lithuania, Czech Republic, Luxembourg, Bulgaria, Georgia, Azerbaijan, Armenia, Moldova, Meeru Island
شامل ہیں۔ جرمنی میں تبلیغ کے لئے حافظ فرید احمد خالد سیکرٹری تبلیغ اور اُن کے رفقاء نے 12 ڈیسک قائم کر رکھے ہیں جن میں German, French, PAAMA African Desk, Kosovo, Parish, Russian, Turkish, Albanian, Arabic, Bangla, Bosnian, Bulgarian

ان 12 ڈیسکوں کے انچارج اور ان سے وابستہ افراد اکٹھے ہوکر تبلیغی سرگرمیوں کا جائزہ لیتے اور نئے لائحہ عمل ترتیب دیا کرتے ہیں۔ جلسہ سالانہ پر مشترکہ اجلاس کے علاوہ شعبہ تبلیغ سال میں ایک بار ان سب کا مشترکہ اجلاس بھی تقریب کی صورت میں منعقد کرتا ہے۔ جس میں بعض مہمان بھی مدعو کئے جاتے ہیں جس کا اختتام عشایئہ پر کیا جاتا ہے۔

2019 ء کی یہ تقریب 16 نومبر بروز ہفتہ نماز ظہر و عصر کی ادائیگی کے بعد بیت السبوح کے اسپورٹس ہال میں منعقد ہوئی جس کو شعبہ تبلیغ اور شعبہ ضیافت کے کارکنان نے بہترین آرائش کرکے تقریب ہال میں بدل دیا تھا۔ محترم امیر صاحب جرمنی کے تشریف لانے پر تقریب کی نظامت کے فرائض سیکرٹری تبلیغ کے کہنے پر عزیزم عطاء الوحید خان نے سنبھالے۔ حاضرین جن کی تعداد 130 تھی کا تعلق مختلف قومیتوں سے تھا۔ اس لئے تقریب کی ساری کارروائی جرمن زبان میں جاری رہی۔ تلاوت قرآن کریم ایک احمدی دوست طاہر المانی نے کی۔حاضرین کو بتایا گیا کہ گو 12تبلیغی ڈیسکوں کے انچارج اور کارکنان یہاں موجود ہیں لیکن حسب روایت آج جن تین ڈیسک کے کام کے طریق کار کے بارے میں آگاہی دی جائے گی اُن میں ترکی ، البانیہ اور عرب ڈیسک شامل ہیں۔


ترکی کے حوالے سے مبلغ سلسلہ محمد احمد راشد اور ترک بھائی Mr. Enes Karahn نے بتایا کہ ترکی زبان میں ہماری 24 گھنٹے ہاٹ لائن سروس موجود ہے۔ جماعت جرمنی کا ترک زبان میں ہوم پیچ ہے۔ سوشل میڈیا کو تبلیغ کے لئے استعمال کیا جا رہا ہے۔ ہر ہفتہ کے دن شام ساڑھے سات بجے ایم ٹی اے پر لائیو پروگرام نشر ہوتا ہے۔ جس میں لوگوں کے سوالوں کے جواب دئے جاتے ہیں۔ یہ پروگرام جرمنی ترکی کے علاوہ بلقان ممالک میں آباد ترک عوام بھی دیکھتے ہیں۔ ایم ٹی اے کے لائیو پروگرام میں شامل ہونے کے لئے ترک احمدی پورے جرمنی سے فرینکفرٹ آکر پروگرام میں مدد کرتے ہیں۔ آج کی تقریب میں بھی 13 ترک احمدی موجود ہیں۔ ایم ٹی اے پر نشر ہونے والے پروگرام میں پوچھے جانے والے اہم سوالات اور اُن کے جواب کو بعد میں YouTube پر اپ لوڈ کردیا جاتا ہے۔ جس سے12ہزار970 افراد استفادہ کرچکے ہیں۔ 2001 ءسے2011 ء تک ماہانہ بُلیٹن شائع کیا جاتا ہے۔ 2011ء سے حضور انور کی اجازت سے تربیتی و تبلیغی سہ ماہی رسالہ بھی شائع کیا جا رہا ہے۔یہ رسالہ ترکی کی 55 یونیورسٹیوں کے 70 پروفیسرز کو بھجوایا جاتا ہے۔ سلسلہ کی 36 کتب کا ترک زبان میں ترجمہ ہو چکا ہے۔ اور 15 پر کام جاری ہے۔ 1980 ء کی دھائی میں مکرم ڈاکٹر عبد الغفار نے قرآن کریم کا ترجمہ معہ نوٹس کے تیار کیا تھا جس کے لئے اُنہوں نے تفسیر صغیر سے مدد لی تھی۔ اب قرآن کریم کا سادہ زبان میں بھی ترجمہ کر دیا گیا ہے۔ اور دونوں تراجم شائع کردئیے گئے ہیں۔ ہر تین ماہ کے بعد ترک احمدیوں کی مشترکہ میٹنگ رکھی جاتی ہے۔ اب 14،13 دسمبر کو میٹنگ ہوگی۔ ترک ڈیسک کا ایک اہم کام ترک فیملیوں سے رابطہ رکھنا ہے۔ اُن کے سوشل مسائل اور ذاتی مسائل کے حل کرنے میں اُن کی مدد کرنا بھی شامل ہے۔

البانیہ ڈیسک سے متعارف کرواتے ہوئے مبلغ سلسلہ مکرم شاہد احمد بٹ اور Mr. Shpeytim Gashi نے بتایا کہ البانوی زبان میں جماعت کی ویب سائٹ موجود ہے۔ فیس بک کو بھی ذریعہ تبلیغ بنایا گیا ہے ۔ ذاتی تعلقات اور فلائر کی تقسیم کے ذریعہ بھی تبلیغ کی جارہی ہے۔ سوشل میڈیا کا استعما ل بھی ہے۔ البانوی باشندوں کو نظام جماعت میں فعال کرنے اور Integration کے پروگرام بھی کئے جاتے ہیں۔ ذیلی تنظیموں کا نظام راسخ کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ احباب جماعت سے ذاتی رابطے رکھ کر اُن کے معاشرتی اور نجی مسائل حل کرنے میں مدد کی جاتی ہے۔ سہ ماہی رسالہ بھی نکالا جاتا ہے۔ 31 جماعتی کتب کا ترجمہ شائع کیا جاچکا ہے۔ دو کتب کا ترجمہ کیا جارہا ہے۔ تقریب کی کارروائی اسکرین پر بھی دکھائی جارہی تھی۔ چنانچہ البانوی ڈیسک کے کام اور کارکردگی پر مشتمل ایک تصویری خبر نامہ بھی حاضرین کو دکھایا گیا۔
عربی ڈیسک سے متعارف مبلغ سلسلہ عثمان احمد چیمہ صاحب اور عرب بھائی Mohammad Alqyal نے کروایا۔موجودہ عربی ڈیسک 2012 ءمیں تشکیل نو کے بعد معرض وجود میں آیا۔ اس وقت 400 عرب سے منسلک ہیں۔ 15 افراد کی ٹیم ان سے رابطہ میں رہتی ہے۔ التقویٰ رسالہ لنڈن سے منگوا کر ان کو دیا جاتا ہے۔ جلسہ سالانہ کے علاوہ عرب اجتماع کا انعقاد کیا جاتا ہے۔ اپریل 2020ء میں بھی اجتماع کیا جارہا ہے۔ سلسلہ کے لٹریچر کا عربی ترجمہ کروایا جارہا ہے۔ عرب کو لوکل جماعتوں میں انضمام کی ترغیب دلائی جاتی ہے۔ عرب فیملی کے مسائل کے حل کے لئے ہر ممکن مدد فراہم کی جاتی ہے۔ جلسہ سالانہ پر عرب افراد کو خطوط لکھ کر اُن کو جلسہ میں شرکت کی دعوت دی جاتی ہے۔

آخر پر محترم امیر صاحب جرمنی حاضرین سے مخاطب ہوئے۔ محترم امیر صاحب نےکہا کہ مجھے مسلمانوں کی تنظیموں کی تقاریب میں شرکت کا موقع ملتا ہے بعض تو ہمارے تنظیمی امور پر حیرت کا اظہار کرتے ہیں اور پوچھتے ہیں کہ آپ لوگ کس طرح ان امور پر کما ن رکھتے ہو۔ میں اُنہیں بتایا کرتا ہوں کہ یہ نظام خلافت سے وابستہ ہونے کی برکات ہیں۔ ان میں بعض تنظیمیں ایسی ہیں جو عقائد کے اختلاف کے باوجود ہمارے ساتھ تعلق رکھنا چاہتی ہیں۔ ہمیں اچھی نگاہ کے ساتھ دیکھتے ہیں۔ ان کے ساتھ ہمیں تعلقات بڑھانے چاہیئں۔ جماعت میں نئے داخل ہونے والوں کو لوکل جماعتوں میں فعال رول ادا کرنا ہے۔ جرمنی میں 5 ملین مسلمان ہیں لیکن اسلام کی ترجمانی اور اسلام کے جواب دہ ہم لوگ ہیں جو تعداد میں تھوڑے ہیں۔ اس لئے ہم نے کبھی غافل نہیں ہونا اور ذمہ داریوں کو ادا کرنے کے لئے مستعد رہنا ہے۔ سوا تین بجے امیر صاحب نے دعا کروائی جس کے بعد تمام حاضرین کی خدمت میں ظہرانہ پیش کیا۔

(عرفان احمد خان۔جرمنی)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 19 دسمبر 2019

اگلا پڑھیں

الفضل آن لائن 20دسمبر2019