• 15 مئی, 2024

واللہ میں ہی وہ مسیح موعود ہوں

حضور اقدس علیہ السلام نے امریکی پادری ڈاکٹرجان الیگزانڈر ڈوئی کو مخاطب کرکے فرمایا:
ترجمہ: واللہ، میں ہی وہ مسیح موعود ہوں جس کے آخری زمانہ میں، جبکہ ضلالت پھیل جائے گی، آنے کا وعدہ دیا گیا ہے۔ عیسیٰ یقیناً فوت ہو گیاہے اور مذہب تثلیث جھوٹ اورباطل ہے۔ توُ یقیناً اپنے دعویٰ نبوت میں اللہ پر افتراء کر رہا ہے۔ نبوت تو ہمارے نبی کریم ﷺ پرختم ہو گئی۔ اور اب کوئی کتاب نہیں مگر قرآن جو سابقہ صحف سے بہتر ہے اور اب کوئی شریعت نہیں مگر شریعت محمدیہ۔ تاہم میں خیرالبشر ؐ کی زبانِ مبارک سے ’’نبی‘‘ کا نام دیا گیا ہوں اوریہ ظلّی بات ہے اور آپؐ کی پیروی کی برکات کا نتیجہ ہے۔ میں اپنے آپ میں کوئی ذاتی خوبی نہیں دیکھتا بلکہ میں نے جو کچھ بھی پایاہے اُسی مقدس نفس کے واسطہ سے ہی پایاہے۔ اور اللہ تعالیٰ نے میری نبوت سے مراد صرف کثرت مکالمہ و مخاطبہ لیاہے۔ اور اس پر اللہ کی لعنت ہے جواس سے زائد چاہے یا اپنے آپ کو کچھ سمجھے یا اپنی گردن کو نبی اکرم ﷺکی نبوت کے جوئے سے باہر نکالے۔ ہمارے رسول خاتم النبیین ہیں اوران پر نبیوں کا سلسلہ اختتام کو پہنچا۔ پس اب کسی کا حق نہیں کہ ہمارے رسول مصطفی ؐکے بعد مستقل طورپر نبوت کا دعویٰ کرے۔ آپ ؐ کے بعد صرف کثرت مکالمہ و مخاطبہ باقی ہے اور اس کے لئے بھی یہ شرط ہے کہ آپ ؐ کا متبع ہو۔ آپؐ کی پیروی کے بغیر یہ بات بھی ممکن نہیں۔ اور اللہ کی قسم مجھے یہ مقام نہیں ملا مگر مصطفوی شعاعوں کی پیروی کی بدولت اور میں مجازی طورپر نبی کانام دیا گیاہوں نہ کہ حقیقی طورپر۔ پس یہاں نہ اللہ کی غیرت بھڑکتی ہے نہ اس کے رسول کی۔ کیونکہ میں تو نبی (کریم ﷺ) کے پروں تلے پرورش پاتا ہوں اور میرا یہ قدم نبی کریم ﷺ کے (مبارک) قدموں تلے ہے۔

مزید برآں یہ کہ میں نے اپنی طرف سے کچھ بھی نہیں کہا بلکہ میں نے تو اس کی پیروی کی ہے جومیرے رب کی طرف سے مجھے وحی کیا گیا ہے۔ اس کے بعد میں مخلوق کی دھمکیوں سے ڈرنے والا نہیں۔ ہر کوئی اپنے عمل کے بارہ میں قیامت کے دن پوچھا جائے گا اور کوئی چھپی ہوئی چیز بھی اللہ پر مخفی نہیں‘‘۔

(الاستفتاء، ضمیمہ حقیقۃ الوحی صفحہ۔ روحانی خزائن جلد22 صفحات 636 تا 638)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 20 مارچ 2021

اگلا پڑھیں

الفضل آن لائن 22 مارچ 2021