• 19 اپریل, 2024

تعارف سورۃ الجمعۃ (62 ویں سورۃ)

(تعارف سورۃ الجمعۃ (62 ویں سورۃ))
(مدنی سورۃ، تسمیہ سمیت اس سورۃ کی 12 آیات ہیں)
(ترجمہ از انگریزی ترجمہ قرآن (حضرت ملک غلام فرید صاحب) ایڈیشن 2003)

وقت نزول اور سیاق و سباق

یہ سورۃ ہجرت کے کئی سالوں کے بعد نازل ہوئی۔ سابقہ سورۃ میں حضرت عیسیٰ علیہ السلام کی جو پیشگوئی احمد نامی نبی کے بارے میں مذکور ہےاس کی تفصیل موجودہ سورۃ کی آیت نمبر 4 میں ہے۔ سابقہ سورۃ کی طرح یہ سورۃ بھی خدا کی صفت عزیز اور حکیم سے شروع ہوتی ہے اور دونوں صفات کے ثبوت اور دلیل کے طور پر آپ ﷺ کا اَن پڑھ عربوں میں ظاہر ہونا پیش کرتی ہے۔ جو ایک غیر مہذب ، غیر متمدن اور اَن پڑھ لوگوں میں مبعوث ہوئے اور قرآنی تعلیمات اور آپ ﷺ کے اسوہ حسنہ کے باعث جملہ انسانیت کے لئے بطور استاد اور راہنماکے ہوگئے۔ اور جہاں کہیں بھی گئے وہاں روشنی پھیلائی اور علم پھیلایا۔پھر یہ سورۃ اس روحانی انتشار کا ذکر کرتی ہےجو کچھ عرصہ کے بعد آنحضور ﷺ کے نائب یعنی حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے طور پر پیدا ہوگا نیز یہ سورۃ یہودیوں کی آنحضرت ﷺ کو جھٹلانے کی وجہ سے مذمت کرتی ہےکیونکہ ان کے مقدس صحیفوں میں آپ ﷺ کی آمد کی بابت پیشگوئیاں موجود ہیں۔ یوں یہ سورۃ مسلمانوں کو توجہ دلاتی ہے کہ جب وہ مسیح موعود ظاہر ہو جو آپ ﷺ کی نیابت میں آئے گا تو مسلمان یہودیوں والا طرز عمل اختیارنہ کریں۔

اپنے اختتام پر اس سورۃ میں نماز جمعہ کی اہمیت پر زور دیا گیا ہے اور یہ بتایا گیا ہے کہ آپ ﷺ کی بعثتِ ثانیہ (مسیح موعود علیہ السلام کے دور) میں تجارت کا دور دورہ ہوگا اور دنیا داری اور مادہ پرستی بہت بڑھ جائے گی اور انسان کو خدا سے دور کرنے والی بیشمار چیزیں ہوں گی اور مسلمانوں کو نصیحت کی گئی ہے کہ وہ اپنے مذہبی فرائض پر ان چیزوں کو ہرگز حاوی نہ ہونے دیں۔

(ابو سلطان)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 21 اپریل 2021

اگلا پڑھیں

الفضل آن لائن 22 اپریل 2021