• 27 اپریل, 2024

جماعت احمدیہ سُرینام کی مساعی

کرونا کی عالمی وبا، میل جول اور سماجی فاصلوں کے مسائل کی وجہ سے ورچوئل ملاقاتیں اور آن لائن میٹنگززندگی کا حصہ بن گئی ہیں۔خدا تعالیٰ کے فضل اور اُس کی دی ہوئی توفیق سے جماعت احمدیہ سُرینام بھی اس نظام کا حصہ اس وقت بنی جب جماعتی تاریخ میں پہلی بار 20فروری 2021ء کی شام ’’یوم مصلح موعودرضی اللہ تعالیٰ عنہ‘‘ کے حوالے سے آن لائن جلسہ منعقد ہوا ۔اس مقصد کے لئے افراد جماعت سے رابطہ کرکے انہیں پروگرام میں شامل ہونے کا طریق سمجھایا گیا۔

رات 8بجے پروگرام کا آغاز تلاوت قرآن مجید سے ہوا، جس کی سعادت مکرم رفیع احمد صاحب نے حاصل کی۔ مکرم جلیل احمد صاحب نے منظوم کلام سنایا۔ محترم شمشیر علی صاحب نے حضرت مصلح موعود رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے کارناموں کے حوالے سے تقریر کی۔ خاکسار نے پیشگوئی مصلح موعود کے بارے میں چند گذارشات پیش کیں۔ بعد ازاں بچوں کے گروپ نے نظم پیش کی۔

بفضل خدا یہ پروگرام ہر لحاظ سے کامیاب رہا، اور جلسہ کے آخر پہ تمام شاملین نےخوشی اور اطمینان کا اظہار کیا۔

مورخہ 23مارچ 2021ء بروز منگل یوم مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام کے حوالے سے جماعت کا دوسرا آن لائن جلسہ منعقد ہوا۔ جو افراد جماعت یوم مصلح موعود کے پروگرام میں شامل نہیں ہو سکے تھے ان سے بھی رابطہ کیا گیا اور انہیں جلسہ میں شمولیت کی تلقین کی گئی اور اس کا طریق سمجھایا گیا۔

پروگرام کے آغاز میں عزیزم محمد صہیب اسد صاحب نےسورۃ الجمعہ کی ابتدائی آیات کی تلاوت اور ترجمہ پیش کیا، جس کے بعد منظوم کلام پیش کیا گیا۔ محترم شمشیر علی صاحب نےاشتہار تکمیل تبلیغ ،لدھیانہ میں پہلی بیعت اور حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام کی زندگی کے بعض دیگر واقعات کے حوالے سے پاور پوائنٹ پریذنٹیشن دی۔ اس کے بعد خاکسار نے حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام کا دعویٰ اور نئی جماعت کے قیام کے حوالے سے حضرت اقدس علیہ الصلوٰۃ والسلام کی بعض تحریرات پیش کیں۔ اس کے بعد حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام کی کچھ نصائح پڑھ کر سنائی گئیں۔ آخر پہ خاکسار نے افراد جماعت کو رمضان المبارک کی آمد کی تیاری کی تلقین کی اور اختتامی دعا کروائی۔ یوں یہ پروگرام اختتام پذیر ہوا۔

ملک کے مشہور اخبار روزنامہ ’’داغ بلاد سُرینام‘‘ Dagblad SURINAME کے نمائندہ نے حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام کا دعویٰ ،تعلیم اور جماعت احمدیہ کی موجودہ ترقیات کے حوالے سے محترم صدر صاحب جماعت کا انٹر ویو لیا،جو مؤرخہ 24مارچ 2021ء کے اخبار میں حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام کی تصویر مبارک کے ساتھ شائع ہوا۔

قارئین الفضل سے جماعت سُرینام کے نفوس اور اموال میں برکت کے لئے دعا کی درخواست ہے۔

(رپورٹ: لئیق احمد مشتاق مبلغ سلسلہ سُرینام، جنوبی امریکہ (نمائندہ روزنامہ الفضل لندن آن لائن))

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 21 اپریل 2021

اگلا پڑھیں

الفضل آن لائن 22 اپریل 2021