رَبِّ اَصْلِحْ اُمَّۃَ مُحَمَّدٍ
(تذکرہ ایڈیشن چہارم صفحہ37)
ترجمہ: اے میرے رب! امت محمدیہ کی اصلاح کر۔
یہ حضرت اقدس مسیحِ موعودؑ کی امت ِمحمدیہ کی اصلاح کے لئے الہامی دعا ہے۔ ہمارے پیارے آقاسیّدنا حضرت مرزا مسرور احمد خلیفۃ المسیح الخامس ایَّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز اس الہام کی طرف توجہ دلاتے ہوئے فرماتے ہیں:
احمدیوں کو دعاؤں کی طرف توجہ کرنے کی بھی بہت ضرورت ہے اور امت کے لئے دعا کرنا سب دعاؤں سے افضل ہے۔ کیونکہ اس وقت یہ اُمّت بڑی مشکل میں گرفتار ہے ۔۔۔۔۔۔ اللہ تعالیٰ نے الہاماً حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام کو اُمّت کے لئے دعاؤں کی طرف توجہ دلائی تھی۔ ایک دعا کا ذکر میں کرتا ہوں کہ ’’رَبِّ اَصْلِحْ اُمَّۃَ مُحَمَّدٍ‘‘ (تذکرہ ایڈیشن چہارم صفحہ37) کہ اے میرے رب! امت محمدیہ کی اصلاح کر۔ پس ان کی اصلاح کے لئے بہت دعا کی ضرورت ہے اور اصلاح کا نتیجہ ایک ہی صورت میں نظر آسکتا ہے اور وہ ہے کہ وقت کے امام کو مان لینا تاکہ ان آفات سے بچ جائیں جو زمینی بھی ہیں اور آسمانی بھی۔
(خطبہ جمعہ 17؍ مارچ 2006ء، خطباتِ مسرورجلد4 صفحہ:499)
اے میرے پیارے فِدا ہو تجھ پہ ہر ذرہ مرا
پھیر دے میری طرف اے سارباں جگ کی مہار
وہ خدا جس نے بنایا آدمی اور دیں دیا
وہ نہیں راضی کہ بے دینی ہو ان کا کاروبار
بے خدا، بے زھد و تقویٰ بے دیانت بے صفا
بَن ہے یہ دنیائے دوں طاعوں کرے اس میں شکار
یا الٰہی فضل کر اسلام پر اور خود بچا
اس شکستہ ناؤ کے بندوں کی اب سن لے پکار
(مرسلہ:مریم رحمٰن)