• 26 اپریل, 2024

دوسرا آن لائن عالمی مشاعرہ (زیر اہتمام مجلس انصار اللہ برطانیہ)

دوسرا آن لائن عالمی مشاعرہ (زیر اہتمام مجلس انصار اللہ برطانیہ)
بر موقع یوم خلافت (نذرانۂ عقیدت ومحبت)
بتاریخ 29مئی 2021ء بروز ہفتہ بوقت شام 6بجے

الحمد للہ ثم الحمد للہ قیادت تعلیم مجلس انصار اللہ برطانیہ کو مؤرخہ 29مئی 2021ء لندن وقت کے مطابق شام 6بجےدوسرے آن لائن عالمی مشاعرہ کے انعقاد کی توفیق ملی۔یہ مشاعرہ نہیں بلکہ دربار خلافت میں یوم خلافت کے حوالے سےایک عاجزانہ نذرانۂ عقیدت و محبت تھا۔ محض اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم اور پیارے آقا کی دعاؤں سے مشاعرہ بہت کامیاب رہا۔یہ پروگرام دو گھنٹےاوردس منٹ جاری رہا۔ گزشتہ سال کے مقابل پر امسال حکومت برطانیہ کی طرف سے لاک ڈاؤن میں کچھ نرمی تھی اس لئے برطانیہ کے شعراء ودیگر شرکائے مشاعرہ محترم امیر صاحب جماعت احمدیہ برطانیہ کی منظوری سے مسجد بیت الفتوح کی دوسری منزل پر جمع ہوئے۔ مشاعرے کی مناسبت سے بیٹھنے کا انتظام کیا گیاتھا۔اس موقع پر خاص طور پر شعبہ سمعی بصری برطانیہ نے بڑی محنت سے اس پروگرام کو لائیو نشر کرنے کا انتظام کیا۔ یہ اپنی نوعیت کا منفرد پروگرام تھا جس میں کچھ شاملین تو ایک جگہ موجود تھے جبکہ باقی دنیا کے پانچ مختلف ممالک سے بیک وقت مشاعرہ میں شامل تھے اورگاہے بگاہے اپنا کلام سنا رہے تھے نیز گفتگو بھی کررہے تھے۔ نیزیہ محفل اسی وقت براہ راست مجلس انصار اللہ برطانیہ کے یوٹیوب چینل پر دکھائی بھی جارہی تھی۔

پروگرام کے آغاز سے اختتام تک مسلسل پیغامات آتے رہے اور لوگ پیارے آقا ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی خدمت میں السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ کے پیغامات بھجواتے رہے۔ اسی طرح خلافت احمدیہ زندہ باد اور خلافت سے اپنے والہانہ عشق و محبت کا اظہار کرتے رہے۔ اسی طرح شعرائے کرام کو داد نیز نظم پڑھنے والوں نے بھی خوب سما باندھا۔ پروگرام اور اس کے شاملین کی تفصیل یوں ہے:

میزبان

مکرم مبارک احمد صدیقی صاحب

تلاوت

مکرم معید حامد صاحب

شعرائےکرام

مکرم عطاء المجیب راشد صاحب(لندن)، مکرم عبد الکریم قدسی صاحب (امریکہ)، مکرم احمد مبارک صاحب (امریکہ)، مکرم میر انجم پرویز صاحب (برطانیہ)، مکرم ڈاکٹر فضل الرحمٰن بشیر صاحب (تنزانیہ)، مکرم محمد طاہر ندیم صاحب (برطانیہ)، مکرم ڈاکٹر وسیم احمد طاہر صاحب (جرمنی) اور مکرم ڈاکٹر طارق انور باجوہ صاحب (برطانیہ)

مترنم آواز میں کلام پڑھنے والے

مکرم ناصر علی عثمان صاحب (قادیان، حال مقیم آئر لینڈ) مکرم عصمت اللہ صاحب (جاپان)

محترم ڈاکٹر اعجاز الرحمٰن صاحب صدر مجلس انصار اللہ برطانیہ مشاعرے میں شامل رہے اور حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی مجلس انصار اللہ کی راہنمائی اور شفقت و محبت کے واقعات سناتے رہے۔ مکرم ومحترم عطاء المجیب راشد صاحب نے بھی خلافت سے عقیدت ومحبت نیز خلفائے احمدیت کی کہی ہوئی باتیں کس طرح اللہ تعالیٰ نے پوری کرکے دکھائیں، اس بارے میں چند واقعات سنائے۔مکرم محمد رفیق حیات صاحب امیر جماعت احمدیہ برطانیہ بھی اس مشاعرہ میں شامل ہوئے اور آپ نے آخر میں یوم خلافت اور اسی مناسبت سے منعقد کئے جانےوالے پروگراموں کا مقصد نیز خلافت احمدیہ اور ہماری ذمہ داریوں کی طرف توجہ دلائی۔ آخر پر محترم امیر صاحب نے اختتامی دعا کروائی۔

اس پروگرام کو کامیاب بنانے میں درج ذیل افراد کا بھرپور تعاون حاصل رہا:

شعبہ سمعی بصری برطانیہ

مکرم صفدر میاں صاحب اورشعبہ سمعی و بصری کے جملہ کارکنان

اطلاعات و اعلانات احباب جماعت

مکرم شکیل احمد بٹ صاحب نائب صدر انصار اللہ اور مکرم عامر ملک صاحب

رابطہ و تیاری

مکرم محمد محمود خان صاحب قائد عمومی

آئی ٹی

مکرم اظہر اقبال صاحب،مکرم ضیاءفاروقی صاحب، مکرم مظفر احمد صاحب۔

طعام

مکرم مظفر حسین صاحب ایڈیشنل قائد ایثار اور مکرم اظہر مصطفیٰ صاحب
فجزاھم اللہ احسن الجزاء۔

شعبہ IT کی رپورٹ کے مطابق اس دوسرے آن لائن عالمی مشاعرے کو براہ راست YOUTUBE پر 3669 ڈیوائسسز پر دیکھا گیا۔ دیکھنے والوں کی تعداد یقیناً اس سے زیادہ تھی نیز اب یہ تعداد مسلسل بڑھتی جارہی ہے۔ برطانیہ کے علاوہ، جرمنی، کینیڈا، پاکستان، انڈیا، امریکہ، تنزانیہ اور دیگر کئی ممالک سے احباب نے اس مشاعرہ کو دیکھا۔

آخر میں اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ ہماری یہ ادنیٰ سی کاوش قبول فرمائے اور اس طرح کی مجالس کا اصل مقصد خلافت احمدیہ کی سچی اور کامل اطاعت نیز خلفائےاحمدیت کے ارشادات پر عمل کرتے ہوئے ہمیں تقویٰ کی اعلیٰ راہوں پر چلنے کی توفیق عطا فرماتا چلا جائے۔ آمین یا رب العالمین۔

(رپورٹ: راجہ برہان احمد مربی سلسلہ۔قائد تعلیم مجلس انصار اللہ برطانیہ)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 21 جون 2021

اگلا پڑھیں

الفضل آن لائن 22 جون 2021