• 18 اپریل, 2024

انار کے فوائد

ھوالشافی
انار کے فوائد

انار کیا ہے؟انار ایک لذیذ اور بیج دار پھل ہے۔ مفرح، مسکن اور زود ہضم تاثیر رکھتا ہے۔ اس پھل کو نامعلوم زمانوں سے ایک غذا اور دوا کی حیثیت سے بلند مرتبہ حاصل ہے۔ انار کے پیڑ کے تنے یا جڑکی چھال دونوں ہی پیٹ اور آنتوں کے کیڑے مارنے کے لئے معاون ہیں جڑ کی چھال کو زیادہ اہمیت دی جاتی ہے کیونکہ اس میں الکلائیڈ پیونیسائین کی وافر مقدار ہوتی ہے۔ یہ الکلائیڈ آنتوں کے کیڑوں کے لئے بہت مضر ہوتا ہے۔ انار کی جڑوں کا ٹھنڈ ا جوشاندہ 90سے 180 ملی لٹر تک مریض کو دن میں تین بار پلانا چاہئے۔ بچوں کے لئے اس جوشاندے کی مقدار 30 سے 60 ملی لٹر تک ہے۔

دافع بخار

مختلف بخاروں میں انار کے تازہ جوس میں تھوڑا سا زعفران ملا کر دینا بخار کو دور کرتا ہے،انار کے جوس میں وٹامن اے، سی، ای اور معدنیات میں کیلشیم، فاسفورس، آئرن، پوٹاشیم، فولک ایسڈ، نایامین، تھایامین اور ریبو فلاوین پائے جاتے ہیں۔

دل اور شریانوں کے لیے مفید

انار کا جوس دل کی صحت کے لئے بے حد مفید ہے، یہ خون کی نالیوں کو لچکدار بنا دیتا ہے اور سوزش کم کرتا ہے،یہ دل پر دافع اتھر جینک اثرات ڈالتا ہے اور ایل ڈی ایل کولیسٹرول کو کم کرتا ہے اور ایچ ڈی ایل کو لیسٹرول کو بڑھاتا ہے

بلڈ پریشرکنٹرول

انار کا جوس ہائی بلڈ پریشر کو کم کرتا ہے اور یہ قدرتی اسپرین کے طور پر کام کرتا ہے اور خون کو جمنے سے روکتا ہے یہ خون کو پتلا کرتا ہے۔

دافع کینسر

انار کا جوس جسم سے فری ریڈیکلز کو ختم کرکے کینسر سیلز کی بڑھوتری کو کم کرتا ہے۔

قوت مدافعت

اس میں وافر مقدار میں اینٹی آکسیڈنٹس پائے جاتے ہیں جو کہ وائٹ بلڈ سیلز کو متحرک کرکے جسم سے زہریلے مادوں کو باہر نکالتے ہیں اور نظام مدافعت کو صحت مند اور مضبوط بناتے ہیں۔ روزانہ ایک گلاس انار کا جوس پیناکینسر سیلز کی بڑھوتری کو آہستہ کر دیتا ہے۔

اسہال و پیچش میں مفید

انار قابض تاثیر رکھتا ہے۔ اس لئے اسہال اور پیچش میں بے حد مفید ہے۔ اگر مریض کو مسلسل پتلے دست آنے سے کمزوری واقع ہو تو اسے بار بار 50 ملی لیٹر کے قریب انار کا جوس پینا چاہئے۔ یہ اس کے اسہال کو روک دے گا، ڈائیریا اور پیچش کے علاج کے لیے انار کے جوس میں ایک چمچ شہدڈال کر لینا بد ہضمی کا علاج کرتا ہے،ڈائیریا کے علاج کے لئے ایک کپ پانی میں 20گرام انار کا چھلکا اور دارچینی ڈال کر 10 منٹ تک ابالیں۔ اور اسے ٹھنڈا کریں 30 ملی لیٹر سلیوشن دن میں تین بار پئییں۔انار میں موجود آئرن خون کی کمی کو دور کرتا ہے۔ انار کا چھلکا، چھال اور پتے معدے کے مسائل سے چھٹکارا دلاتے ہیں۔

پیٹ کے کیڑوں کیلئے مفید

پیٹ کے کیڑوں کے لئے انار کی جڑیں اور چھال کا جوشاندہ ایک کپ پانی میں تیار کریں۔ اسے چھانیں اور دن میں تین بار استعمال کریں،بچوں کے لئے اس کی مقدار دن میں ایک بار آدھے کپ سے زیادہ نہیں ہونی چاہئیے،پیٹ کے کیڑوں کی وجہ سے جلد پر ریش ہو جاتے ہیں۔ اس کے لئے انار کی چھال کا پاؤڈر لے کر اس میں سرسوں کا تیل مکس کرکے متاثرہ جگہ پر لگائیں۔

جلد کے لیےمفید

انار زنک، کاپر اور وٹامن ای پر مشتمل ہوتاہے۔ جلد کے سیلز کی نشوونما کے لئے زنک کی ضرورت ہوتی ہے۔ جلد کے سیلز ہی جلد کے ٹشوز بناتے ہیں۔ زنک جِلد کو خراب ہونے سے محفوظ رکھتا ہے اور زخموں کو جلد ٹھیک کر دیتا ہے۔ کاپر جلد اور بالوں کی رنگت کا ذمہ دار ہوتا ہے اور یہ الٹراوائلٹ شعاعوں سے جلد کو محفوظ رکھتا ہے۔

کیل مہاسوں کے لیے

انار ایک اینٹی ایکنی پھل ہے۔ یہ پیونیکک اور اومیگا تھری فیٹی ایسڈز سے بھر پور ہوتا ہے۔ جو جلد کو نمی فراہم کرتے ہیں۔ انار ہارمونز کو متوازن کرتا ہے۔ یہ کیل مہاسوں کو دور کرتا ہے یہ آئلی جلد کے لئے بھی بے حد مفید ہے۔

حاملہ خواتین کے لیے

انار حاملہ خواتین کے لئے غذائیت سے بھرپور اور بہترین پھل ہے۔ روزانہ انار کا جوس پینا حاملہ خواتین کے لئے بے حد فائدہ مند ہے۔

جلے ہوئے اور کوڑھ کیلئے: انار کے پتوں کا پیسٹ جلے ہوئے حصے پر لگایا جاتا ہے۔ انار کے پتوں کے جوس میں شہد ڈال کر کوڑھ کے علاج میں استعمال کیا جاتا ہے۔

اینٹی ٹائیفائیڈ

انار کے پتوں کا جوشاندہ بنا کر ٹائیفائیڈ کے علاج میں دن میں دو بار دیا جاتا ہے۔ انار کے پتوں کا پیسٹ بنا کر زخموں پر لگایا جاتا ہے۔

قوت باہ

انار لیبیڈو کو بڑھاتا ہے۔ اور جینیٹل آرگان کی حساسیت کو بڑھاتا ہے، اس کے لئے 50گرام انار کے بیج روزانہ استعمال کریں یا آدھا گلاس انار کا جوس پیئیں

برص کیلئے مفید

برص کے علاج کے لئے انار کے خشک پتوں کو پیس لیں۔ آدھا چمچ پاؤڈر ایک گلاس پانی کے ساتھ روزانہ دن میں ایک باربغیر کسی وقفہ سے ایک ماہ استعمال کریں۔

اکسیر نکسیر

قابض دوا خصوصیات ہونے کی وجہ سے یہ ناک سے خون نکلنے کو کنٹرول کرتا ہے۔ ناک سے خون نکلنے کو کنٹرول کرنے کے لئے انار کے جوس کے 2 سے 3 قطرے ناک میں ڈالیں۔ پیپٹک السرکے لئے ایک گلاس انار کے جوس میں شہد ڈال کر دن میں دو بار استعمال کریں۔

وزن میں کمی کے لیے

انار کا جوس موٹاپے اور دل کی بیماریوں کے علاج کے لئے بے حد مفید ہے۔

گلے کی خرابی کاعلاج

گلے یا آواز کے بیٹھ جانے کے علاج میں ایک کپ پانی لے کر اس میں 20گرام انار کا چھلکا اور 2گرام پھٹکڑی ڈال کر 10منٹ تک ابالیں اور اس سے غرارے کریں۔

طحال کیلئے

تلی / طحال کے بڑھ جانے کے علاج کے لئے انار کی خشک جڑوں کا جوس بنا لیں۔ ایک چمچ جوس ایک کپ دودھ میں ڈال کر استعمال کریں۔

(ڈاکٹر نذیر احمد مظہر (آلٹرنیٹیو میڈیسن) کینیڈا)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 21 جون 2021

اگلا پڑھیں

الفضل آن لائن 22 جون 2021