• 16 اپریل, 2024

اولاد نر ینہ کے لیے مقبول دعا

’’حضرت خلیفہ نورالدین جمونی صاحب (محقق قبر مسیح) کے ہاں اولاد نرینہ نہ ہوتی تھی۔ ان کی روایت ہے کہ 1893ء میں وہ اپنی دوسری اہلیہ کے ہمراہ قادیان آئے۔ ان کے بطن سے بہت اولاد ہوئی جو مرجاتی رہی۔ خلیفہ صاحب نے حضرت مسیح موعودؑ سے اولاد کے بارہ میں دعا کروائی۔ آپ کی اہلیہ نے بھی حضورؑ سے اس کے لئے تعویذ مرحمت فرمانے کی درخواست کی۔

حضورؑ نے اپنے ہاتھ سے ایک دعا لکھ کر دی۔ جو معجزانہ رنگ میں مقبول ٹھہری اور دسمبر 1893ء میں خلیفہ صاحب کے ہاں لڑکا پیدا ہوگیا۔ جس کا نام عبدالرحیم رکھا گیا۔ چھ سال کی عمر میں یہ بچہ حضور کی خدمت میں قادیان بغرض زیارت آیا اور اس کی اداسی کے باعث واپسی وطن کے لئے اجازت چاہی تو حضورؑ نے اسے مخاطب کرکے فرمایا۔ واہ! تیرے پیدا ہونے کے لئے ہم رو رو دعائیں کرتے رہے۔ اب تو یہاں رہنے سے تنگ ہے ابھی ہم نے تیری دعوت کرنی ہے۔ پھر دوسرے دن حضورؑ نے باغ میں احباب کو اکٹھا کر کے شہتوت بدانہ منگوا کر فرمایا۔ لو میاں! تمہاری دعوت ہوگئی۔ بیرسٹر عبدالعزیز خلیفہ نائب امیر کینیڈا انہیں کے خلف الرشید ہیں۔

یہ میاں عبدالرحیم صاحب ریاست جموں کشمیر میں ترقی کرتے کرتے سیکرٹری کے عہدہ تک پہنچے۔

(بحوالہ الحکم7تا14نومبر 1939ءص 5,6 از عبدالواحد ایڈیٹر اصلاح ۔بحوالہ سیرت احمدؑاز مولوی قدرت اللہ سنوری ص 80،179 بحوالہ سفر نامہ پیر سراج الحق نعمانی مطبوعہ جون 1915ءص259)

وہ دعا جو انہیں لکھ کر دی گئی اور اب تک غیر مطبوعہ تھی۔ خاکسار 3جون 2005ء میں سفر کوئٹہ میں خلیفہ جمیل احمد صاحب وخلیفہ طاہر احمد صاحب سے ملی ۔جو یہ ہے۔

بِسْمِ اللّٰہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحْیِمِ۔
اَللّٰھُمَّ صَلِّ عَلیٰ مُحَمَّدٍ مَّجْمَعِ الرَّحْمَۃِ وَ بَارِکْ عَلٰی اَحْمَدَشَفِیْعِ الْمُذْنِبِیْنَ وَالْمُذْنِبَاتِ وَعَلٰٓی اٰلِہٖ وَ اَصْحَابِہٖ اَجْمَعِیْنَ وَلَاحَوْلَ وَلَاقُوَّۃَاِلَّا بِاللّٰہِ وَھُوَاَرْحَمُ الرَّاحِمِیْنَ وَالْحمْدُلِلّٰہِ رَبِّ الْعَالَمِیْنَ ۔ اَلرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ۔ مَالِکِ یَوْمِ الدِّیْنِ۔ اِیَّاکَ نَعۡبُدُ وَ اِیَّاکَ نَسۡتَعِیۡنُ۔ اِہۡدِنَا الصِّرَاطَ الۡمُسۡتَقِیۡمَ۔ صِرَاطَ الَّذِیۡنَ اَنۡعَمۡتَ عَلَیۡہِمۡ ۬ۙ غَیۡرِ الۡمَغۡضُوۡبِ عَلَیۡہِمۡ وَ لَا الضَّآلِّیۡنَ۔ اٰمِیْن

وَ الَّذِیۡنَ سُعِدُوۡا فَفِی الۡجَنَّۃِ خٰلِدِیۡنَ فِیۡہَا مَا دَامَتِ السَّمٰوٰتُ وَالۡاَرۡضُ اِلَّا مَا شَآءَ رَبُّکَ ؕ عَطَآءً غَیۡرَ مَجۡذُوۡذٍ ۔ رَبِّ ارْحَمْ عَلٰی نُوْرِ دِیْنٍ وَّامْرَأَتِہٖ وَنَجِّہِمَا مِنْ ھُمُوْمِہِمَا وَاعْطِ لَھُمَا وَلَدًاصَالِحًاوَّاجْعَلْ لَّہُمَا بَرَکَۃً وَّشِفَآءً بِکَتَابِیْ ھٰذَا بِنَبِیِّکَ وَ کِتَابِکَ وَرَحْمَتِکَ الَّتِیْ لَا تُغَادِرُ صَغِیْرَۃً وَّلَا کَبِیْرَۃً۔ رَبِّ فَتَقَبَّلْ دَعْوَتِیْ وَلَاتَذَ رْھَا فَرْدًا وَّاَنْتَ خَیْرُ الْوَارِثِیْنَ۔اٰمِیْن ثُمَّ اٰمِیْن

ترجمہ: اے اللہ! رحمتیں بھیج محمد ﷺ پرجو رحمت کے جمع ہونے کی جگہ ہے اور برکتیں بھیج احمد ؐ پر جو گناہگار مردوں اورعورتوں کے شفاعت کرنے والے ہیں۔ اور آپؐ کی آل اور سب اصحابؓ پر بھی ۔اور کوئی طاقت اور قوت کسی کو حاصل نہیں سوائے اللہ کے اور وہ سب رحم کرنے والوں سے بڑھ کر رحم کرنے والا ہے۔

تمام تعریفیں اللہ کے لئے ہیں جو تمام جہانوں کا رب ہے جو مہربان باربار رحم کرنے والا ہے۔ جزا سزا کے دن کا مالک ہے۔ تیری ہی ہم عبادت کرتے ہیں اور تجھ سے ہی ہم مدد مانگتے ہیں۔ ہمیں سیدھی راہ پر چلا۔ ان لوگوں کی راہ پر جن پر تونے انعام کیا۔ نہ ان لوگوں کی راہ پر جن پر غضب کیا گیا نہ گمراہوں کا (راستہ)۔ آمین (قبول فرما)

اور یہ لوگ خوش بخت ہیں جنت میں ہوں گے اور وہ اس میں ہمیشہ رہیں گے۔ جب تک آسمان اور زمین ہیں سوائے اس کےکہ اللہ چاہے۔ یہ انعام نہ ختم ہونے والا ہے۔ میرے رب! رحم کر نوردین اور اس کی بیوی پر اور ان دونوں کو ان کے غموں سے نجات دے اور ان کو نرینہ نیک اولاد عطا فرما اور میری اس تحریر کو ان کے لئے برکت اور شفا بنا دے۔ اپنے نبیؐ کے وسیلہ سے اور اپنی کتاب (قرآن) کے طفیل اور اپنی رحمت کے صدقے جو کسی چھوٹے اور بڑے گناہ کو نہیں چھوڑتی۔ (مگر ڈھانپ لیتی ہے)۔

میرے رب! میری دعا قبول کر اور ان کو تنہا نہ چھوڑ کہ تو تمام وارثوں سے بہترین وارث ہے۔ (آمین ثم آمین) اے اللہ !قبول فرما پھر قبول فرما۔‘‘

(خَزِیِنَۃُ الدُّعَٓاءِ صفحہ 56تا58 اَدْعِیَۃُ الْمِھْدِیْ از حافظ مظفر صاحب، ایڈیشن2014ء)

نوٹ۔ نور دین کی جگہ دعا کرنے والا اپنا نام لے کر دعا کرے۔

الله تعالیٰ یه دعا هر اس احمدی کے حق قبول فرمائے جو اولاد نرینہ کے حصول کے لیے الله تبارک و تعالیٰ کے حضور جُھکے اور دعا کرے۔ آمین

(ابو سعید)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 20 جولائی 2021

اگلا پڑھیں

الفضل آن لائن 22 جولائی 2021