• 24 اپریل, 2024

وقارِ عمل بر موقع سال نو جماعت احمدیہ سالزبرگ، آسٹریا

وقارِ عمل بر موقع سال نو
جماعت احمدیہ سالزبرگ، آسٹریا

ہمارے پیارے نبی حضرت محمد مصطفیﷺ فرماتے ہیں۔ اَلْکَاسِبُ حَبِیْبُ اللّٰہ۔ یعنی محنت کرنے والا اللہ کا دوست ہے۔ آنحضرتﷺ پر لاکھوں درود اور سلام ہوں آپ چھپ چھپ کر غریبوں اور لاوارثوں کی مدد فرماتے خود بکریوں کا دودھ دوہتے اور اپنے جوتے مرمت کرتے تھے۔ کسی بھی چھوٹے سے چھوٹے کام کو اپنے ہاتھ سے کرنے میں کبھی جھجک محسو س نہ فرمائی اور اسی کا درس اپنے صحا بہ کو فرماتے۔

حضرت مصلح موعودؓ بیان فرماتے ہیں کہ وقار عمل کی تحریک سے دو ضروری فوائد حاصل ہوئے ہیں ایک تو نکما پن دور ہوگا دوسرے غلامی کو قائم رکھنی والی روح کبھی پیدا نہ ہوگی۔ جب دنیا میں یہ مادہ پیدا ہو جائے کہ کام کرنا اور نکما نہیں رہنا اور کسی کام کو ذلیل نہیں سمجھنا تو اس طرح کوئی طبقہ ایسانہیں رہے گا جو غلا می چاہتا ہو۔

(الفضل 17؍مارچ 1939ء)

قارئینِ کرام !دنیا بھر میں جماعت احمدیہ سال نو کے موقع پرحسبِ روایت وقار عمل کا اہتمام کرتی ہے۔اِمسال سالزبرگ میں COVID 19 کے وبائی حالات کے بعد سرکاری سطح پرآتش بازی کی تقریب منعقد کی گئی جس کے معاً بعد احباب جماعت احمدیہ سالزبرگ نے آتش بازی کے نتیجہ میں پیداہونے والے کوڑا کرکٹ کو اکٹھا کرنے میں مقامی انتظامیہ کو اپنی خدمات پیش کیں۔

حسبِ پروگرام موٴرخہ یکم جنوری 2023ء کو Lehen چرچ سے منسلک ہال میں اجتماعی نماز تہجد و نماز فجر ادا کی گئیں جس کے بعد درس کابھی اہتمام کیا گیا اس کے فوراً بعد تمام خدام و انصار پہلے سے مقرر شُدہ مقام سالزبرگ شہر کے وسط میں بہنے والے Salzach دریا کے پُل Lehener Brücke پر اکٹھے ہوئے اور قائد مجلس خدام الاحمدیہ (مکرم قمر دین فاروق صاحب) نے احباب میں صفائی کا سامان بشمول جیکٹس، دستانے،کوڑا کٹھا کرنے کیلئے بیگز تقسیم کیے اور ٹیموں کی تشکیل دی۔ وقارِ عمل کا آغاز صدرصاحب جماعت سالزبرگ (مکرم وسیم احمدصاحب) نے دُعا سے کروایا۔

وقارِ عمل دریا کے دونوں اطراف 4.4کلومیٹر فاصلے تک Nonntaler Brücke پُل تک مکمل کیا گیا۔ تمام خدام و انصار نے بڑی محنت سے آتش بازی کے نتیجہ میں پیدا ہونیوالے کوڑا کرکٹ کو دریا کے دونوں کناروں سے اکٹھا کیا اوربیگز میں بھر کرمتعین کردہ جگہوں پر پہنچایا۔ وقارِ عمل دو گھنٹے سے زائد جاری رہا۔ وقار عمل کےبعد تمام احباب نے مل کر ناشتہ کیا آخر میں مکرم قائد صاحب مجلس خدام الاحمدیہ سالزبرگ نے تمام شاملین کا شکریہ ادا کیا۔

اس کے بعد احمدیہ مسلم جماعت سالزبرگ کی طرف سے ایک پریس ریلیز جاری کی گئی اور یہ پریس ریلیز مع تصاویر مقامی اخبارات کو بھجوائی گئی۔اسی طرح سوشل میڈیا کا استعمال کرتے ہوئے ٹویٹر اور فیس بُک پر بھی اس وقارِ عمل کی پریس ریلیز مع تصاویر پوسٹ کی گئیں۔ لوکل میونسپل کارپوریشن کے نمائندہ Christian Bleibler نے بذریعہ ای میل احبابِ جماعت کا شکریہ ادا کیا نیز وقار عمل کی تعریف کرتے ہوئے جماعتی خدمات کو سراہا اور آئندہ مستقبل میں بھی جماعت سے تعاون کی درخواست کی۔ اس طرح وقار عمل کےذریعہ اللہ کے فضل سے جماعت کے بارہ میں کثیر تعداد میں لوگوں کو تعارف ہوا اور جماعت کی خوبصورت اور پُر امن تعلیمات کا پیغام پہنچا۔ اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ

اللہ تعالیٰ سے دُعا ہے کہ وہ آئندہ بھی احمدیہ مسلم جماعت سالزبرگ کو خدمت انسانیت کے کام بہتر سے بہتر رنگ میں کرنے کی سعادت نصیب کرتا چلا جائے۔آمین

(رپورٹ: وسیم احمد۔ صدر جماعت سالزبرگ)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 22 فروری 2023

اگلا پڑھیں

ارشاد باری تعالی