• 3 مئی, 2024

ایڈیٹر کے نام خط

مکرمہ مریم رحمٰن لکھتی ہیں:
25؍دسمبر 2022ء کو لجنہ اماءاللہ تنظیم کے قیام کوسو سال پورے ہوگئے۔ الحمدللّٰہ پیارے آقا سیدنا حضرت مرزا مسرور احمد خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نیز پوری جماعت احمدیہ اور خصوصاً تمام لجنہ ممبرات کو صد سالہ جشن تشکر لجنہ اماءاللہ عالمگیر بہت بہت مبارک ہو! اس تنظیم کے بانی سیدنا حضرت مرزا بشیر الدین محمود احمد خلیفۃ المسیح الثانیؓ کا ایک الہام تھا کہ ’’اگر تم پچاس فیصد ی عورتوں کی اصلاح کرلو تو اسلام کو ترقی حاصل ہوجائے گی۔‘‘

(الفضل 29؍اپریل 1944ء)

آپؓ نے اس تنظیم کے قیام کے وقت فرمایا تھا:
اس امر کی ضرورت ہے کہ چونکہ سب مدد اور سب برکت اور سب کامیابیاں اللہ تعالیٰ کی طرف سے آتی ہیں۔ اس لئے دعا کی جاوے اور کروائی جاوے کہ ہمیں وہ مقاصد الہام ہوں جو ہماری پیدائش میں اس نے مدنظر رکھے ہیں اوران مقاصد کے پورا کرنے کے لئے بہتر سے بہتر ذرائع پراطلاع اور پھر ان ذرائع کے احسن سے احسن طور پر پورا کرنے کی توفیق عطا فرمائے اور ہمارا خاتمہ بخیر کرے۔ آئندہ آنے والی نسلوں کی بھی اپنے فضل سے راہنمائی کرے اور اس کام کو اپنی مرضی کے مطابق ہمیشہ کے لیے جاری رکھے یہاں تک کہ اس دنیا کی عمر تمام ہو جائے۔

(تاریخ احمدیت جلد4 صفحہ306)

اللہ کرے کہ لجنہ اماءاللہ عالمگیر کی کامیابیوں کا سفر یونہی آگے بڑھتا رہے۔ اسلام احمدیت کی روشنی سے ہمارے گھر منور رہیں اور ہماری نسلیں قیامت تک خدا تعالیٰ کی رضا پر چلتی رہیں۔ آمین

پیارے آقا سیدنا حضرت مرزا مسرور احمد خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا یہ ارشاد لجنہ کی ہر ممبر کے ہمیشہ پیش نظر رہے۔آپ اختتامی خطاب جلسہ سالانہ قادیان 25؍دسمبر 2022ء میں فرماتے ہیں:
آج لجنہ اماءاللہ کی تنظیم کو بنے ہوئے بھی سوسال ہوگئے ہیں۔ لجنہ کو بھی یاد رکھنا چاہیے کہ یہ جائزہ لیں کہ اس سو سال میں کس حد تک لجنہ نے اپنے اندر پاک تبدیلی پیدا کی ہے اور بیعت کا حق ادا کرنے والا اپنے آپ کو بنایا اور کوشش کی ہے اور کس حد تک اپنے بچوں اور اپنی نسل کو بیعت کا حق ادا کرنے اور حضرت مسیح موعودؑکے دعاوی سے جوڑنے والا اور ماننے والا بنایا ہے۔اگر ہم نے اس کے مطابق اپنی نسلوں کی اٹھان کی ہےتو یقینا ً لجنہ اماءاللہ کی ممبرات اللہ تعالیٰ کی شکر گزار بندیاں ہیں۔پس یہ جائزے آج لینے کی ضرورت ہے اور جہاں کمیاں رہ گئی ہیں وہاں ایک عزم کے ساتھ عہد کریں کہ ہم نے لجنہ کی اگلی صدی میں اس عہد کے ساتھ قدم رکھنا ہے کہ ہم اپنی نسلوں کو عہد بیعت کا حق ادا کرنے والا بنائیں گی۔ اللہ تعالیٰ سب کو اس کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین

(اختتامی خطاب جلسہ سالانہ قادیان 25؍دسمبر 2022ء)

الفضل آن لائن لندن کے سارے خصوصی نمبر صد سالہ جشن تشکر لجنہ ایمان افروز روحانی مائدے تھے۔جس میں لجنہ اماء اللہ کے قیام، مقاصد، لجنہ کی تاریخ، قربانیوں اور ترقیات کی داستان رقم تھی۔ بلاشبہ یہ یادگار اور تاریخی خدمت ہے۔ اللہ تعالیٰ آپ کو، آپ کی ٹیم کو اور تمام لکھنے والوں کو صحت وعافیت کے ساتھ رکھے اور اپنے فضلوں سے نوازے۔ آمین جزاک اللّٰہ خیراً

مل جائے تم کو دین کی دولت خدا کرے
چمکے فلک پہ تارہٴ قسمت خدا کرے
پھیلاؤ سب جہان میں قول رسولؐ کو
حاصل ہو شرق و غرب میں سطوت خدا کرے
سایہ فگن رہے وہ تمہارے وجود پر
شامل رہے خدا کی عنایت خدا کرے

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 22 فروری 2023

اگلا پڑھیں

ارشاد باری تعالی