• 20 اپریل, 2024

ایڈیٹر کے نام خطوط

•مکرم انجینئر محمود مجیب اصغر لکھتے ہیں۔
مورخہ 8جون 2022ءکے شمارے میں محمد صدیق شاکر صاحب پر مکرم منور علی شاہد کا تاریخی مضمون پڑھ کر انجینئرنگ یونیورسٹی کا زمانہ یاد آگیا۔ شاکر صاحب، شیخ ریاض محمود صاحب کی عاملہ میں تھے۔ شیخ صاحب اکثر ہمارے ہوسٹل (عمرہال) میں آتے تھے۔ ان کے ساتھ کبھی کبھار شاکر صاحب بھی ہوتے تھے یہ سب لوگ اس وقت لاہور کی خدام الاحمدیہ کے روح رواں تھے۔ بعد میں ایک بار انہوں نے استفسار کیا کہ میں نے لاہور میں مکان نہیں بنایا؟ میں نے کہا ’’خواہش تو تھی نیسپاک ہاؤسنگ سوسائٹی وغیرہ میں قسطوں پر پلاٹ بھی خریدے لیکن میرے employers نے لاہور میں مجھے ٹکنے ہی نہیں دیا ۔ٹرانسفر پر ٹرانسفر ہوتا رہا کئی بار ربوہ بھی ان سے سر راہ ملاقات ہوئی آج ان کے تفصیلی حالات پڑھ کر وہ زمانہ نظر کے آگے گھومتا رہا۔ اللہ تعالیٰ ان کے درجات بلند فرمائے اور لاہور کی رونقیں لوٹ آئیں۔ آمین۔ میں نے ایک عید، زمانہ طالب علمی میں لاہور کی تھی۔ نماز عید ہم نے غیر از جماعت دوستوں کے پہلو میں آزادی سے پڑھی تھی اس وقت یہ گراؤنڈ منٹو پارک کہلاتا تھا۔

اللہ تعالیٰ لکھاریوں کو جزائے خیر دے۔ ماشاء اللہ !بڑے قیمتی اور تاریخی مضامین لکھ رہے ہیں۔

ایک دعا کی بھی درخواست کرنی تھی۔ خاکسار کی اہلیہ بہت بیمار ہیں ان کی معجزانہ شفاء یابی کے لئے دعا کی درخواست ہے۔

•مکرمہ خالدہ نزہت۔ آسٹریلیا سے لکھتی ہیں۔
24 مئی کی الفضل میں محترمہ امۃ الباری ناصر کا مضمون ’’پردہ تعلیم میں رکاوٹ نہیں ہے‘‘ پڑھا۔ بہت ہی متاثر کن تھا ۔اس کے ساتھ ساتھ یوم خلافت کے سلسلے میں سب مضامین اور نظموں سے خلافت سے محبت چھلک رہی تھی۔ یہ خدا تعالیٰ کا کتنا بڑا احسان ہے کہ ہم خلافت کے مضبوط سائے میں ہیں اللہ تعالیٰ اپنے فضل سے تا قیامت یہ سایہ جماعت پر قائم و دائم رکھے آمین۔

پیارے آقا کی اتنی پیاری تصویر کے لیے قارئین الفضل آپ کے بہت شکر گزار ہیں جزاک اللّٰہ۔

•مکرم قاضی عثمان پاشاہ صوبہ کرناٹک۔ انڈیا لکھتے ہیں۔
مورخہ 18مئی 2022ء کی اشاعت میں ڈاکٹر نصیر احمد طاہر صاحب کا مضمون ’’انسانیت کی مدد، دنوں یا ہندسوں کی محتاج نہیں‘‘ بہت پسند آیا۔ خاکسار نے اپنے دورہ کے دوران ایک جماعت کے تعلیم وتربیت کے حوالہ سے منعقدہ اجلاس میں پڑھ کربھی سنایا۔ جسے حاضرین اجلاس نے بھی سراہا۔ الحمدللہ احباب جماعت الفضل اخبار سے بخوبی فائدہ اٹھاتے ہیں۔ اللہ تعالیٰ اخبار کی معاونت کرنے والے تمام احباب کو جزائے خیر دے، آمین۔

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 22 جون 2022

اگلا پڑھیں

ارشاد باری تعالیٰ